گھڑی کی سوئیاں اپنے علاوہ گھڑی کے کسی پرزے حتیٰ کہ ساتھ گھومنے والی سوئی کو بھی نہیں جانتیں، لیکن گھڑی کا ہر پُرزہ اپنی اپنی جگہ اہم ہے اور اگر انہیں الگ الگ کر دیا جائے تو گھڑی کا وجود ختم ہو جائے گا۔ اسی طرح اس پوری کائنات میں ایک انسان یا کسی بھی اور چیز کی اپنے وقت میں اپنی جگہ اہمیت ہوتی ہے اور قدرت اس سے اپنا کام لے لیتی ہے لیکن ہم میں سے کوئی بھی تنہا اس کائنات کا مقصد و مرکز نہیں۔
کائنات میں تعمیری و تخریبی عوامل ساتھ ساتھ چلتے ہیں، یا یوں کہہ لیجیے کہ ازل سے خیر و شر کی جنگ جاری ہے۔ انسان کی کامیابی خیر کی قوتوں کا ساتھ دینے میں ہے۔ بہت کم افراد اپنی ذات سے اوپر اٹھ کر معاشرے کی اجتماعی صورتحال یا کائنات میں غور و فکر کرتے ہیں ،حالانکہ کائنات میں غور و فکر کرنے والوں کے لئے اللہ کریم نے کائنات میں بہت زیادہ نشانیاں رکھی ہیں۔
مختصر طور پر اگر کہا جائے تو ہر فرد اور ہر چیز اپنی اپنی جگہ اور وقت پر اہم ہیں ،اس لئے ہم میں سے ہر ایک کو خیر کے کاموں میں اپنے آپ کو مصروف کرنا چاہیے، اور شر سے ہر ممکن خود بھی اور اپنے بچوں کو بھی بچانا چاہیے، کیوں کہ بچوں کی تربیت و پرورش والدین کی اولین ذمہ داری ہے۔
بیشک میں اکیلا کائنات کا مرکز یا مقصد نہیں ہوں لیکن ہم سب مل کر ہی کائنات بناتے ہیں اور کائنات کے خیر یا شر کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔ اس لئے اللہ کریم کی ہر تخلیق اپنے اپنے مقام و وقت میں انتہائی اہم ہے ،اس لئے ایک دوسرے کی قدر کیجیے، اور مل کر صحت مند، پُرامن و خوشحال معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کیجیے۔

اللہ کریم سے دعا ہے کہ خیر کا ساتھ دینے میں ہماری مدد فرمائے آمین ثم آمین یا رب العالمین۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں