(نامہ نگار/مترجم:نسرین غوری) دبئی میں ایپل نے اپنے عملے اور گاہکوں کی حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے اور حکومت کی کورونا پر قابو پانے کی کوششوں میں تعاون کرتے ہوئے دبئی میں اپنے دو اسٹورز عارضی طور پر بند کردیے ہیں۔ آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کے متحدہ عرب امارات میں د بئی مال ، امارات مال اور یاس مال میں تین اسٹوز ہیں جن میں سے یاس مال ابوظہبی بدستور کام کرتا رہے گا۔
امریکی ٹیکنالوجی کے نمایاں ستارے کا کہنا تھا کہ دبئی کے اسٹورز جمعرات 13 جنوری تک بند رہیں گے۔ ایپل کے ترجمان نے پیر کے روزخلیج ٹائمز کو دئے گئے بیان میں کہا کہ ہم نے دبئی میں اپنے اسٹورز عارضی طور پر 13 جنوری تک بند کیے ہیں۔ ہم نے یہ قدم سب کی صحت اور بھلائی کو مد نظر رکھتے ہوئے اٹھایا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ہماری ٹیم اور ہمارے گاہک بہت جلد ہمارے ساتھ ہونگے۔
نیویارک ٹائمز کی 27 دسمبر کی رپورٹ کے مطابق آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کے ملازمین میں کورونا کی نئی لہر پھیلنے کے باعث ایپل کے 20 کے قریب اسٹورز بند کردیے گئے ہیں جبکہ کچھ اسٹورز ملازمین اور گاہکوں کو وبا سے بچانے کے لیے حفظ ماتقدم کے طور پر بند کیے گئے ہیں۔
اتوار کو متحدہ عرب امارات میں 2759 کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ 19913 افراد کی صحت یابی اور ایک مریض کی موت رپورٹ ہوئی، یہ دوسری مرتبہ ہے کہ یو اے ای میں رپورٹ ہونے والے کیسز 2700 سے بڑھ گئے ہیں۔

Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں