نئی دہلی: بھارت کے عالمی شہرت یافتہ ریپ اسٹار سدھو موسے والا کے قتل کے بعد ایک اور بھارتی گلوکار و اداکار منکرت اولکھ نے بھی اپنی جان کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی میں مزید اضافہ کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
بھارت کے مؤقر نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق 31 سالہ پنجابی گلوکار و اداکار منکرت اولکھ نے کہا ہے کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے لہذا ان کی سیکیورٹی میں اضافہ کیا جائے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ ریپ اسٹار کے بہیمانہ قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کی وجہ سے کینیڈا میں مقیم گینگسٹر گولڈی برار اس وقت توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گولڈی برار جس نے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے گینگ لیڈر لارنس بشنوئی کا قریبی ساتھی ہے۔ لارنس بشنوئی پنجاب یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ آرگنائزیشن (SOPU) کا سابق صدر ہے اور اس وقت راجستھان کی جیل میں قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہا ہے۔
بھارت میں خیال کیا جا رہا ہے کہ لارنس بشنوئی ہی سدھو موسے والا کے قتل کا مرکزی ملزم بھی ہے جب کہ اس تاثر کی یکسر نفی کرتے ہوئے لارنس بشنوئی کے وکیل نے سوال کیا ہے کہ جیل سے قتل کی اتنی بڑی سازش کیسے تیار کی جا سکتی ہے؟ انہوں نے اس تاثر کی سختی سے نفی کی ہے۔

واضح رہے کہ منکرت اولکھ کو اپریل میں دیویندر بمبیہا گینگ کی جانب سے دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جس کے بعد گلوکار و اداکار نے اپنی سکیورٹی میں اضافہ کرنے کو کہا تھا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں