راولپنڈی: تحریک انصاف پاکستان (پی ٹی آئی) نے راولپنڈی میں میدان سجا لیا۔ ملک بھر سے قافلے پہنچنا شروع ہو گئے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جلسے کے لیے مری روڈ پر رحمان آباد کے قریب اسٹیج لگا دیا گیا اور ملک بھر سے پی ٹی آئی کے کارکنان قافلوں کی صورت میں پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو 26 نکات پر جلسے کی اجازت دی جس کے مطابق رات 12 بجے سے پہلے جلسہ گاہ کو خالی کرنا ہو گا۔ جلسے کے لیے 80 فٹ چوڑا، 40 فٹ لمبا اور 2 فٹ اونچےاسٹیج تیار کیا گیا ہے جبکہ عمران خان کے زخمی ہونے کے باعث لفٹ کی تنصیب بھی کی گئی ہے۔
عمران خان کے لیے 200 فٹ لمبا ریمپ تیار کیا جا رہا ہے جبکہ بلٹ پروف کنٹینر بھی نصب کیا جائے گا۔ پولیس کے 2 ہزار اہلکار و افسران ڈیوٹی کے فرائض انجام سرانجام دے رہے ہیں جبکہ بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات ہیں۔
لانگ مارچ کے شرکا کے لیے 2 پارکنگ پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ ایک پارکنگ راول روڈ پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے گراؤنڈ میں بنائی گئی ہے جبکہ دوسری پارکنگ ڈگری کالج ففتھ روڈ پر بنائی گئی ہے۔ اسلام آباد سے آنے والے قافلے کورال سے بذریعہ راول روڈ داخل ہوں گے جبکہ جی ٹی روڈ سے آنے والے قافلے بھی بذریعہ راول روڈ داخل ہوں گے۔ موٹر وے سے قافلے آئی جے پی روڈ سے بذریعہ ففتھ روڈ جلسہ گاہ پہنچیں گے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں