نئی دہلی: بھارت کی حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکن پارلیمنٹ پرگیا سنگھ ٹھاکر نے ایک مرتبہ مسلمان مخالف تقریر کرتے ہوئے انتہا پسند ہندوؤں سے کہا ہے کہ اپنے گھروں میں ہتھیار رکھو اور کچھ نہیں تو اپنے گھروں میں سبزیاں کاٹنے والے چاقو ہی تیز رکھو۔
مسلمان مخالف تقاریر کے حوالے سے میڈیا میں رہنے والی رکن پارلیمنٹ پرگیا سنگھ ٹھاکر نے یہ بات بھارتی ریاست کرناٹک میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہے۔
بھوپال سے منتخب رکن پارلیمنٹ پرگیا سنگھ ٹھاکر نے مسلمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لَو جہاد کرنے والوں کو لَو جہاد جیسا جواب دو، اپنی لڑکیوں کو محفوظ رکھو۔
پرگیا سنگھ ٹھاکر نے جلسے میں بیٹھے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے گھروں میں بھی سبزی کاٹنے کے لیے ہتھیار تیز ہونا چاہیے، جب ہماری سبزی اچھے سے کٹے گی تو پھر دشمنوں کے منہ اور سر بھی اچھے سے کٹیں گے۔
بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ کی جانب سے کی جانے والی تقریر پر بھارت کے صحافتی حلقوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت تنقید کی جا رہی ہے اور ساتھ ہی حکومت سے ایکشن لینے کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرگیا سنگھ ٹھاکر کی جانب سے کی جانے والی تقریر کے خلاف پولیس کو متعدد درخواستیں دی جا چکی ہیں لیکن تاحال مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں