یوکرین نے24گھنٹوں میں 200سےزائدروسی فوجیوں کوہلاک کرنےکادعویٰ کردیا۔جب کہ 314 زخمی بھی ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق یوکرین کے روس کے زیر تسلط شہر ڈونباس کے ایک علاقے ’’باخموت‘‘ میں گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ ڈونباس کے اس علاقے میں روسی فوج تاحال قبضہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔
ترجمان یوکرینی فوج سرہی چیریواتی کاکہناتھاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں روسی فوج نے 16 حملے کیے اور 23 دوبدو جھڑپیں ہوئیں۔
خیال رہے کہ باخموت میں جمعے سے جھڑپوں میں اضافہ ہوا ہے۔ مخالف فوجیں آمنے سامنے ہیں اور علاقے کے قبضے کیلئےجنگ جاری ہے۔ دونوں ممالک کی جانب سے متضاد دعوے سامنے آرہے ہیں۔
روس نے ہلاکتوں پر تبصرہ نہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ باخموت کی فتح سے یوکرین کے دفاع میں دراڑ پڑ جائے گی اور ڈونباس کے تمام صنعتی علاقے پر تسلط کی جانب ایک قدم ہو گا جو ایک بڑا ہدف ہے۔
روس کی حامی علیحدگی پسند عسکری جماعت ڈونباس پر قبضے میں کامیاب ہوگئے تھے اور روس نے متنازع ریفرنڈم کے ذریعے ڈونباس کو اپنی ریاست میں ضم کرلیا تھا ۔تاہم ڈونباس کے علاقے باخموت پر قبضہ تاحال ایک خواب ہے۔

واضح رہے کہ روسی فوج نے گزشتہ برس فروری میں یوکرین پر حملہ کیا تھا اور ڈونباس سمیت 4 شہروں پر قبضہ کرکے انہیںاپنی ریاست میں ضم کرلیا تھا۔ اب تک جاری اس جنگ میں ہزاروں افراد ہلاک، لاکھوں بے گھر کئی شہر اور قصبے تباہ ہو چکے ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں