اکثر لوگوں کو لگتا ہے کہ نارساسسٹ یعنی کہ نرگسیت پسند لوگ صرف خود پسند یا مغرور قسم کے لوگ ہوتے ہیں۔ اور یہی سب سے بڑی غلط فہمی ہے۔
ایک ای-میل موصول ہوئی جس میں ایک جناب نے ایک پرفیکٹ مہلک نارساسسٹ (malignant narcissist) کا نقشہ کھینچا تھا جن کے ہاتھوں انہیں بہت نقصان اٹھانا پڑا تو سوچا کہ آج ان لوگوں کی اس غلط فہمی کو دور کیا جائے جنہیں لگتا ہے کہ نرگسیت پسند (narcissist) صرف خود پسند اور خود کی ذات میں کھوئے ہوئے لوگ ہوتے ہیں۔
نرگسیت پسندوں میں بھی مختلف اقسام ہوتی ہیں لیکن زیادہ تر انکے رویوں میں مشابہت پائی جاتی ہے اور آج میں مہلک نارساسسٹ پر بات کروں گی۔
ویسے تو انسانی رویے پیچیدہ ہوتے ہیں اور انہیں یوں چند پوائنٹ میں بیان کرنا ممکن نہیں ، لیکن ہم اپنی سمجھ کے مطابق لوگوں کے رویوں پر بات کرکے ان کے رویوں سے ملنے والے نقصان کو کسی حد تک کم کرسکتے ہیں۔
پہلی اسٹیج (love bombing):
ای-میل میں موجود نارساسسٹ بہت ہی خوش مزاج، پراعتماد اور چارمنگ انسان ہے۔ لکھنے والے نے کہا کہ اس نارساسسٹ نے ایسی محبت دی کہ شاید ہی کبھی کسی نے اس طرح پیار کیا ہو انہیں زندگی میں۔
نارکس پہلے اسٹیج میں محبت کا سہارا لیتے ہیں جسے سائیکالوجسٹ “محبت کی برسات” (love bombing) کہتے ہیں۔ یہی وہ اسٹیج ہے جس میں ان کے لیے آپ نئے اور دلچسپ ہوتے ہیں، یہ آپ کو جانتے ہیں سمجھتے ہیں اور آپ میں دلچسپی لیتے ہیں۔ نارک امیر ہے تو مہنگے تحفے، بہترین تجربات، سیکس، پاور ہر چیز کا استعمال کرکے آپ کو بہت خاص محسوس کرواتے ہیں۔ آپ کو یقین نہیں آتا کہ کوئی اتنا بہتر طور پر آپ کو ٹریٹ کیسے کرسکتا ہے۔ یہ لوگ پیسہ، پاور اور سیکس کو دوسروں کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، اور یقیناً یہ سب چیزیں لوگوں کی کمزوری بھی ہیں لیکن اگر آپ اس کمزوری کو طاقت میں نہ بدلیں تو پھر انجام بہت بُرا ہوتا ہے۔ آپ کا انجام، نارساسسٹ کا نہیں۔
ای-میل میں موجود نارک نے بھی یہی سب کیا، اور پھر انجام بُرا ہوا، نارساسسٹ کا نہیں بلکہ انکا جنہوں نے مجھے ای-میل لکھی ہے۔ نارساسسٹ تو بالکل مزے میں ہے بقول ای-میل لکھنے والے کے۔
دوسری اسٹیج (devalue):
چونکہ نارساسسٹ بوریت کا شکار ہورہا ہے، اور اب اسے آپ سے بہتر کوئی مل گیا ہے، تو اب وہ آپ کی اہمیت اور قدر میں کمی کرے گا اور ساری توجہ نئی والی سپلائی پر ہوگی۔ اب وہ وقت آئے گا جب آپ کو محسوس ہونے لگے گا کہ یہ بندہ/بندی جھوٹ بولتا ہے اور وہ بھی بہت زیادہ اور جب آپ اسکے جھوٹ دوغلا پن پکڑ بھی لیں تو جس پُراعتمادی سے وہ جھوٹ بول کر آپ کے جائز سوالوں اور اندیشوں کو پلٹ دیتے ہیں (اسے سائیکالوجی کی زبان میں gaslighting کہتے ہیں) کہ آپ کے پاس ان کی بات پر یقین کیے بغیر کوئی چارہ نہیں رہتا۔
اس اسٹیج پر آپ اُلجھن (confusion) اور اضطراب کا شکار رہتے ہیں، آپ مزید سوچتے ہیں خود پر شک کرتے ہیں کہ شاید آپ میں کوئی کمی ہے یا آپ ٹھیک سے رشتہ نہیں نبھا رہے۔ آپ مزید محنت کرتے ہیں تاکہ وہ آپ کو پہلے جیسی اہمیت دینے لگے لیکن ایسا کئی مہینوں میں ایک بار ہوتا ہے جس دن نارساسسٹ کا موڈ بہت اچھا ہوتا ہے۔
اسی اسٹیج پر آپ نارساسسٹ کے ساتھ (اگر وہ آپ کا پارٹنر ہے) چوکنا (alert) رہتے ہیں کیونکہ ذرا سی بات پر بھی اس نارساسسٹ کو غصہ آجاتا ہے یا وہ بگڑ جاتا ہے، اسے سائیکالوجسٹ “قدم پھونک پھونک کر رکھنا” (walking on eggshells) کہتے ہیں اور یہ چوکنا رہنا آپ کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔
اور یونہی مسلسل الجھن، جھوٹ، بے قدری کے مہینوں بعد جب بےپناہ اہمیت ملتی ہے نارساسسٹ سے تو پھر “ٹروما بونڈ” (trauma bond) بن جاتا ہے کیونکہ اس کئی مہینوں کی بےقدری کے بعد اچانک سے محبت کی برسات کی مثال جوا کھیلنے والی مشین (slot machine) کی مانند ہے جب آپ کئی مہینوں پیسے ہارتے ہیں اور پھر اسی امید میں کہ شاید آج بڑا انعام نکل آئے، اور جب انعام نکلتا ہے تو ڈوپامین (dopamine) کی ایک بڑی مقدار خارج ہوتی ہے دماغ میں اور آپ پھر وہ پیسہ جوا کھیلنے میں لگاتے ہیں کہ اب دوبارہ وہی مقدار خارج ہوگی ڈوپامین کی۔ اور یہی چکر (cycle) آپ کو ایک بندھن میں باندھ دیتا ہے جو کہ پیار کا نہیں بلکہ ٹروما کا ہوتا ہے۔
ہر کسی سے جھوٹ، جلن، حسد، ذرا سی تنقید کا برداشت نہ کرپانا اور آگ بگولہ ہوجانا، بےتحاشا توجہ کی بھوک اور آپ کو اہمیت ملنے پر انکا رویہ بُرا ہوجانا اور یوں محسوس کروانا کہ آپ کسی بھی چیز کے حقدار نہیں کیونکہ اصل حقدار ہونے کے احساس کو محسوس کرنے کا حق صرف ان کے پاس ہے۔ اس اسٹیج پر بہت کنٹرول کرتے ہیں بلیک میل کرکے یا عموماً اپنی جان لینے کی دھمکی دے کر (وہ الگ بات ہے کہ کبھی جان لیتے نہیں اپنی)۔ ہر بات ان کے متعلق، ہر معاملہ گھما پھرا کر انہی کے گرد، آپ کہیں نہیں ہوتے، آپ کچھ نہیں ہوتے۔
یہ سب اسی اسٹیج پر دیکھنے کو ملتا ہے۔
تیسری اسٹیج (discard):
اب آپ کسی کام کے نہیں رہے اس کے لیے، آپ کی موجودگی کا کوئی فائدہ نہیں۔ کیونکہ اس کے لیے آپ صرف ایک چیز کی مانند ہیں جس کے ذریعے وہ توثیق (validation) حاصل کرتا ہے۔ آپ اسکی سپلائی (supply) ہیں، نارکس کی مثال ان نشے میں مبتلا لوگوں کی ہوتی ہے جنہیں “سرور” (high) میں رہنے کی لت ہوتی ہے، یہ نارمل حالت میں نہیں رہ سکتے انہیں “high” چاہیے ہوتا ہے اور وہ بھی بہت زیادہ اور مسلسل، یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ الکوحل، سیکس، پیسہ، پاور، بہت سارے مرد/عورت کو حاصل کرنے کا نشہ، دوسروں کو کنٹرول کرنا، تعریفیں حاصل کرنا، ہیرا پھیری (manipulation)، مظلومانہ رویہ وغیرہ جیسی حرکتوں میں ملوث پائے جاتے ہیں (عام انسان کی نسبت زیادہ ملوث پائے جاتے ہیں، یہ انکی “طے شدہ حالت” (default state) ہوتی ہے)۔ انہیں کافی ساری لت کا سامنا ہوتا ہے۔
تو اب وقت ہوا چاہتا ہے آپ سے جان چھڑانے کا۔ اگر آپ سے جان چھڑانا آسان نہیں تو اکثر مہلک نارساسسٹ آپ کی جان کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں آپ سے جان چھڑانے کے لیے، تبھی انہیں مہلک نارساسسٹ کہا جاتا ہے۔ باقی کی اقسام سے تعلق رکھنے والے بھی یہ سب کرتے ہیں لیکن شدید کینہ پروری اور جان کو نقصان صرف مہلک نارساسسٹ ہی پہنچاتے ہیں۔
ای-میل میں بھی ان جناب کو نارساسسٹ نے چھوڑ دیا لیکن۔۔ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا کر۔میرے پاس الفاظ نہیں ہیں ان کو ملے ہوئے نقصان کو بیان کرنے کے لیے۔
ایسے رد کیا ان کو کہ وہ خود کو بیکار، ناکارہ اور ہارا ہوا انسان مانتے ہیں۔ اتنا کچھ کھو چکے ہیں کہ اب ان کو سمجھ نہیں آرہا کہ وہ اپنی زندگی کے ساتھ کیا کریں۔
ان جناب نے کافی کچھ کھویا اور وہ نارساسسٹ۔۔ وہ مزے میں ہے، اس کے پاس ایک اور “high supply” موجود ہے، بُرے کے ساتھ فی الحال تو بُرا نہیں ہوا لیکن شاید وقت کے تھپڑ نارساسسٹ کے منہ پر بھی پڑیں۔۔ کچھ کہہ نہیں سکتے کیونکہ کبھی کبھار بُرے کے ساتھ بُرا نہیں ہوتا۔اور اگر نارک کے ساتھ بُرا ہو بھی تو اس سے آپ کا ابیوز ٹھیک نہیں ہوگا، اسے اس کے حال پر چھوڑ کر اپنی شفایابی پر کام کرنا بہتر ہوگا۔
اس وقت وہ جناب شدید غصہ، ملنے والے دھچکے میں ہیں، اور یہ والا اسٹیج کچھ عرصہ رہتا ہے، تھراپی لینا ضروری ہے نارساسسٹک ابیوز (narcissistic abuse) سے گزرنے کے بعد۔ پھر رنج (grief) کا اسٹیج آتا ہے جو سب سے زیادہ تکلیف دہ ہوتا ہے کیونکہ آپ نے سب کھو دیا، اپنا قیمتی وقت، انرجی، جذبات، احساسات، پیسہ اور ساتھ میں اس نارساسسٹ کو بھی جس سے آپ بےپناہ محبت کرتے تھے، وہ آپ کو “سپلائی” سمجھتا تھا لیکن آپ نے اس سے حقیقی محبت کی۔ شفایابی کا یہ سفر تکلیف دہ اور طویل ہوتا ہے لیکن آپ ایک مضبوط انسان کی حیثیت سے اس دنیا میں چلنا سیکھ لیتے ہیں، آپ کو اپنی شفایابی کی ذمہ داری خود لینی ہوگی، نارساسسٹ نے جو کرنا تھا وہ کرکے چلا گیا۔

لیکن وہ کون سے لوگ ہوتے ہیں جو نارساسسٹ یا ٹاکسک لوگوں کا شکار بن جاتے ہیں، ہم نے نارک پر تو بہت باتیں کرلیں لیکن اگلی پوسٹ میں ہم اپنی حرکتوں اور اپنی اداؤں پر غور کریں گے کہ آخر وہ کیا ہے جو ہمیں کسی نارساسسٹ کی جانب کشش محسوس کرواتا ہے۔؟
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں