جعلی وکیل اپنی چرب زبانی سے ججز کو بیوقف بناتا رہا اور لگاتار 26 کے قریب مقدمات جیتنے میں کامیاب ہوگیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیا کی پولیس نے ایک وکیل کی شکایت پر انہی کے شعبے سے تعلق رکھنے والے فرد کو گرفتار کیا تو عقدہ کھلا کہ وہ تو جعلی وکیل ہے۔ اس شخص نے 26 مختلف مقدمات میں اپنے مؤکلوں کی نمائندگی کرنے کے لیے بطور وکیل خود کو پیش کیا تھا۔
کینیا کے شہری نے جعلی وکیل بن کر 26 کیسز لڑے اور حیران کن طور پر تمام میں کامیابی حاصل کی۔ مزے کی بات یہ ہے کہ اس شہری نے بطور وکیل کوئی باقاعدہ تربیت حاصل نہیں کی۔
جعلی وکیل نے 26 مختلف مقدمات میں کورٹ آف اپیل ججز اور سپریم کورٹ کے ججوں کے سامنے مؤکلوں کی نمائندگی کی اور خود کو ایک قابل وکیل کے طور پر پیش کیا، اور وہ بھی اس انداز میں جس پر کسی جج کو شک تک نہیں ہوا۔
لاسوسائٹی (ایل ایس کے) نے جب برائن میونڈا نامی حقیقی وکیل کی شکایات موصول ہونے پر تحقیق کی تو نوجوان جعلی وکیل کی حقیقت آشکار ہوئی اور اسے گرفتار کیا گیا۔
ایک طرف جہاں اس جعلی وکیل کو قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے وہی پر سوشل میڈیا پر یہ ایک نئی بحث کا سبب بھی بن چکا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ اس جعلی وکیل نے ان وکلا کے خلاف 26 مقدمات جیتے جو لا اسکول گئے لیکن اسے سزا دی جارہی ہے؟ بلکہ ان وکلا کو سزا دی جانی چاہیے جو لا اسکول جانے کے باوجود اس جعلی وکیل سے مقدمات ہار گئے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں