ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں/پروفیسر عامر زریں

ماہنامہ ”نیاتادیب“ کی مسلسل اشاعت کے 22سال

’نیا تادیب“ادبی،اصلاحی اور رُوحانی تعلیمات پر مبنی ایک باضابطہ جریدہ ہے جو پریس رجسٹرار،منسٹری آف انفرمیشن ڈیپارٹمنٹ، حکومتِ پاکستان سے رجسٹرڈ ہے۔دُنیائے صحافت میں یہ جریدہ بغیر کسی رکاوٹ یا بندش کے اپنے 22 سال مکمل کر چکا ہے۔سالِ رواں میں یہ جریدہ اپنی اشاعت کے 23 ویں سال میں داخل ہوچکا ہے۔ لاہور اور ملتان سے بیک وقت،تادیب پبلی کیشن کے زیرِ اہتمام محترم جاوید ڈینی ایل کی زیرِ ادارت و مدیریت اِس جریدہ کی مسلسل اشاعت قابلِ تحسین ہے۔ ماہنامہ ”نیا تادیب“ کی اشاعت کا مقصد مالی نفع کے حصول سے زیادہ نسلِ انسانی کی اصلاح مقصود ہے۔ اس ماہنامہ کی اشاعت کو کارِ خیر کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا جو کہ صاحبانِ ذوق قارئین کے ہدیہ جات سے پایہء تکمیل تک پہنچتی ہے۔
ماہنامہ ”نیا تادیب“ روحانی، ادبی اور معاشرتی اصلاح پر مشتمل مضامین، رنگ ِ سخن اور رواں ماہ کی رپورٹس اور معاشرتی و ادبی خبروں سے آراستہ کیا جاتا ہے۔ اگر اس ماہنامہ کو مسیحی اصلاحی و معاشرتی و ادبی سرگرمیوں اور اظہارِ رائے کا نمائندہ پلیٹ فارم کہا جائے تو اس میں مضائقہ نہ ہو گا۔ مسیحی دانشوروں، ادبا اور شعراء کرام کی نگارشات اس ماہنامہ کے ذریعے ہر ماہ باقاعدگی سے ذوق ِ سخن کے حامل قارئین کے نظر افروز ہوتی ہیں۔ دورِ حاضر میں مسیحی و سیکولر ادبی حلقوں میں اس ماہنامہ کی اشاعت جہد ِ مسلسل کی ایک عملی شکل ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ماہنامہ ”نیا تادیب“ کو گزشتہ ۲۲ برسوں میں تقریباً ۴۶۲ شماروں کی اشاعت میں معاشرتی و معاشی چیلنجز کا سامنا کر نا پڑا ہوگا۔ عصرِ حاضر میں عالمی و ملکی معاشی بحران نے روز مرہ زندگی کو بری طرح متا ثر کیا ہے۔ دُنیائے ادب اور معاشرتی سوچ کے زاویے یکسر بدل چکے ہیں۔ سوشل میڈیا کی شب وروز مقبولیت اور ہر صنف ِ ادب اور مذہبی و معاشرتی موضوعات پر تحریروں کی فوری فراہمی نے پرنٹ میڈیا کو ضرور متا ثر کیا ہے، لیکن ابھی تک پرنٹ میڈیا کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ان تمام حالات و عوامل کا سامنے کرتے ہوئے ماہنامہ ”نیا تادیب“ نے محترم جاوید ڈینی ایل صاحب کی استقامت اور فہم وفراست پر مبنی مدیرت میں اس مجلہ نے اپنا صحافتی و ادبی سفر جاری رکھا۔ بقول ِشاعر (علینا عترت)
جن کے مضبوط ارادے بنے پہچان اُن کی
منزلیں آپ ہی ہو جاتی ہیں آسان اُن کی
اگر ماہنامہ ”نیا تادیب“ کے گزشتہ شماروں میں شاملِ اشاعت متنوع موضوعات پر دانشوروں اور مدبرین کی تحریر وں اور شعراء کرام کے کلام کا تجزیہ کیا جائے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ مدیر اعلیٰ اور ان کی ٹیم نے اِس ضمن میں کبھی معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا۔بلکہ مجلے کو ایک جامع اور مکمل شکل میں اپنے قارئین کے لئے پیش کیا۔ اِس ماہنامہ کے روح  رواں مدیر اعلیٰ کا یہ وصف قابلِ تحسین و آفریں ہے۔
جاوید ڈینی ایل کے متعلق اختصار کے ساتھ بتاتا چلوں کہ وہ صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ منفرد لب و لہجے کے عمدہ شاعر بھی ہیں۔ اُن کا کلام مختلف جرائد اور ادبی ویب سائٹس پر شائع ہو تا ہے۔ اُن کا پہلا شعری مجموعہ ”پانیوں پر پرواز“ 2007ء میں شائع ہوا، دوسرا شعری مجموعہ ”شگفتہ گفتگو تیری“ زیرِ طباعت ہے۔ اُن کی سخن وری کو سراہتے ہوئے کئی اداروں نے اُنہیں اعزازات سے نوازا ہے چندِ قابل  ذکر ایوارڈ ز/اعزازات کا ذکر درج ذیل ہیں:
(1) تاک ؔ کاشمیری ادبی ایوارڈ-2020ء (LDBE)
(2) اشارہ انٹرنیشنل ادبی ایوارڈ-2018ء (اشارہ انٹرنیشنل ادبی تنظیم)
(3) جی ایم فِلیکس ایوارڈ-2018ء (PCWG)
(4) یو آر آئی اَمن ایوارڈ-2006ء (URI Int.)
(5) گلزار وفاؔ ایوارڈ-2005ء (PCWG)
مَیں اُمید کرتا ہوں کہ یہ تمام اعزازات اُن کی حوصلہ افزائی اور جذبہء فروغِ ادب کے لئے ایسی ہی کام کریں گے جیسے ہوا عقاب کو محو ِ پرواز رکھتی ہے اور اُسے بلندیوں تک لے جاتی ہے۔بقول سید صادق حسین کی غزل کاشعر(کتاب”برگِ سبز“اشاعت1918ء)جسے عام طور پر علامہ اقبال ؒ سے منسوب کیا جاتا ہے، ملاحظہ ہو :

Advertisements
julia rana solicitors london

تندی ئ بادِ مخالف سے نہ گھبرا اے عقاب!
یہ تو چلتی ہے تجھے اُونچا اُڑانے کے لئے
دسمبر 2023ء کے شمارے میں مدیرِ اعلیٰ جاویدؔ ڈینی ایل ماہنامہ ”نیاتادیب“ کے طویل صحافتی و ادبی سفر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے گویا ہوتے ہیں:
”نیا تادیب کی مسلسل اشاعت کا22واں سال اختتام پذیر ہوا۔ یاد رہے کہ ماہنامہ ”نیاتادیب“ دسمبر2001ء سے مسلسل شائع ہورہا ہے۔ جس کے لئے میں اپنے دوستوں کا شکر گذار ہوں جنہوں نے مجھے، میرے خاندان، ”نیا تادیب“اور اس کی ادارتی ٹیم کو اپنی دُعاؤں میں یاد رکھا اور ہر طرح سے تعاون کرتے رہے۔ جو قارئین، دوست اور ادارے ماہنامہ”نیا تادیب“کے لئے اچھے اور نیک خیالات رکھتے ہیں، میں اُن کا شکر گذار ہوں۔“
اپنے اظہارِ تشکر کے کلمات کو مدیرِ اعلیٰ نے ماہنامہ کے باقاعدہ قارئین کے لئے نئے سال میں نیک خواہشات اوردُعاؤں کے ساتھ ختم کیا۔
اپنے بیان کو سمیٹتے ہوئے ماہنامہ ”نیا تادیب“ کو 22سالہ اشاعتی سفر کی کامیاب تکمیل پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اشاعت کا یہ طویل عرصہ ایک سنگِ میل ہے …… مجلے کا سفر جاری و ساری ہے،…… بقول علامہ اقبالؒ
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں
دعا ہے کہ ماہنامہ ”نیا تادیب“ مستقبل میں بھی اپنی منفرد نگارشات سے آراستہ ہو کر با ذوق قارئین کے نظر نواز ہوتا رہے۔مجلہ کرب، نفسیاتی کیفیت، عصری و معاشی مسائل کی نشان دہی کے ساتھ ساتھ ان کے اصلاحی پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالتا رہے۔یہ اپنے نام کی طرح اِسم بامسمیٰ ہے یعنی تادیب کے لغوی معنی ہیں، علم و ادب سکھانا، اصلاح کرنا، تنبیہ کرنا وغیرہ۔
جو اِس کے بانی و مدیرِ اعلیٰ جناب جاوید ڈینی ایل نے لفظ ” تادیب” کا انتخاب ہی کتابِ مقدس سے کیا ہے جہاں حلیمی سے تادیب کرنے کا ذکر ملتا ہے۔ اُنھی کا ایک شعر ملاحظہ کیجئے:
ہم محبت سے تادیب کرتے چلیں
ایسی شیریں زباں ہو نئے سال میں
قومی و مسیحی تناظر میں ماہنامہ”نیا تادیب“ مسیحیوں کی شناخت، تہذیب و ثقافت کی ہمہ رنگی اور مسیحی تعلیمات کے ذریعے اتحاد و اتفاق اور وفا داری کی رُوح کو فروغ دینے کا مؤثر ذریعہ بنے۔ آمین

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply