سیانے/محمود اصغر چوہدری

بچپن میں ایک دوست کے ساتھ ایک ڈیرے پر گئے تو ان کا کتا دوڑتا ہوا استقبال کرنے پہنچ گیا ۔ میرے سیانے دوست نے مشورہ دیا کہ زمین پر بیٹھ جاتے ہیں ۔ کیونکہ بیٹھ جائیں تو کتا کاٹتا نہیں ہے ۔ ہم دونوں زمین پر بیٹھ گئے ۔ کتا جس رفتار سے دوڑتا ہوا آیا ۔ واقعی قریب آکر آہستہ ہوگیا   اور ہمارے نزدیک آکر کھڑا ہوگیا ۔ ا ب ہم دونوں بیٹھے ہوئے تھے اور کتا بھی قصہ دو درویش سننے ہمارے سامنے آکر بیٹھ گیا ۔ ہم ایک نئی مصیبت میں گرفتار ہوگئے نہ اب پیچھے بھاگ سکتے تھے اور نہ ہی وہ ہمیں آگے جانے کی اجازت دے رہا تھا۔جوں ہی ہلنے کی کوشش کرتے وہ فوراً پھنکارتا ہوا کھڑا ہو جاتا۔ گرمیوں کے دن تھے ڈیرے پر لوگ بھی زیادہ نہیں تھے ۔بہرحال تپتی دوپہر میں شیشم کی ٹھنڈی چھاؤں میں سرسراتی ہواؤں میں ہم تین وفا شعارایسے بیٹھے ہوئے تھے جیسے اس ملاقات کے لئے ہم نے اس کتے سے اسپیشل اپائنٹمنٹ لی ہو ۔ خیر کچھ دیر بعد ہماری قسمت اچھی کہ ڈیرے سے ایک کسان برآمد ہوا ۔

پوچھنے لگا جوانو، خیر اے کدھر بیٹھے او ۔ میں نے کہا بس آپ کے کتے کو وفا کے موضوع پر کچھ غزلیں سنا رہے ہیں اورداد وصول کر رہے ہیں ۔ اس نے کتے کو آواز دیکر بلایا تو ہماری جان چھوٹی ۔اس دن سمجھ میں آیا کہ سیانوں کی ہر بات بھی نہیں ماننی چاہیے ۔ کیونکہ اگر اس دن زمین پربیٹھنے کی بجائے ہم کچھ پتھر اٹھا کرکتے کو بھگاتے تو وقت کی بچت بھی ہوتی اور ہمیں کتے کو آدھا گھنٹہ وفا پر درس بھی نہ دینا پڑتا۔

ماضی میں کچھ لوگ ہی سیانے ہوتے تھے ۔ آجکل تو سوشل میڈیا پر سیانوں ، گیانیوں اور عقلمندوں کا وہ گھمسان کا رن پڑا ہے کہ سمجھ ہی نہیں آتی کس کی مانیں اور کس کی نہ ۔اگر آپ سوشل میڈیا پر پھیلی ویڈیو ز کو سکرول کرنا شروع ہوجائیں تو پاگل ہوجائیں دنیا کے ہر موضوع پر بات کرنے والے گیانی آپ کو حیران کر دیں گے ۔ مثلا ً اگر آپ صحت کے موضو ع پر پریشان ہیں تو ً ایک شخص کہے گا کہ فرائی انڈے نہ کھائیں، کولیسٹرول بڑھنے کا خطرہ ہے ۔ دوسرا بولے گا یہ تحقیق بالکل غلط ہے انڈے گڈ کولیسٹرول لیول کے لئے مددگار ہیں ۔ ایک کہے گا دیسی گھی کے پراٹھے موٹاپا کریں گے دوسرا بولے گا دیسی گھی نقصان دہ نہیں بلکہ ڈالڈا گھی اور تیل زہر قاتل ہے ۔ وزن کم کرنے کی بات کریں تو ایک ویڈیو دیکھی دو سیانی خواتین کہہ رہی تھی رات کو ورزش کرنا انسانی جسم کے لئے   نقصان دہ ہے اس کے جواب میں ویڈیو بنانے والا کہہ رہا تھا محترمہ شادی شدہ جوڑے تو ورزش کرتے ہی رات کو ہیں ۔ ایک کہہ رہا تھا ناشتے میں بریڈ کی بجائے اگر آپ فروٹ کھائیں تو پروٹین ، فائبر اور کاربو ہائیڈریٹ کا خزانہ ہے ایک اور ویڈیو نظروں سے گزری کہ  ناشتے میں فروٹ کھانا شوگر لیول ہائی کر دے گا اور آپ کی جان لے لے گا۔ کوئی بولے گا سفید شوگر کی بجائے براؤن شوگر استعمال کریں تو کوئی بولے گا انگور اور آم میں موجود شوگر بھی نقصان دہ ہے ۔ بھانت بھانت کی بولیا ں ہیں ۔

ہر وہ شخص ڈائٹ ایکسپرٹ اور وزن کم کرنے والا ماہر بنا ہوا ہے جس کے پاس ایک کیمرہ لائٹ اور فون ہے ۔ صحت سے ہٹیں تو آپ کو امیگریشن کی معلومات دینے والے سیانے مل جائیں گے ، فلاں ملک نے اپنے دروازے کھو ل دئیے ۔ عرب ممالک میں رہنے والوں کے لیے خوشخبری ۔ ان سے ہٹیں تو موٹیویشنل اسپیکر اور عامل جکڑ لیں گے فلاں وظیفہ کریں تو فلاں مشکل حل ، فلاں ورد کریں تو فلاں مصیبتیں ٹل جائیں گی ۔ اتنے پیسے سے فلاں بزنس کریں تو لاکھ پتی بن جائیں گے ان سے ہٹیں تو ٹوٹکوں والے پریشان کرنے پہنچ جائیں گے کہ فلاں ٹوٹکا کریں تو شوگر منٹوں میں ختم ، کینسر سے چھٹکارا ۔ بلڈ پریشر سے بچ جائیں گے ان سے جان چھڑائیں تو سیاسی سیانے آپ کو اندر کی خبریں دیں گے فلا ں لیڈر کے سامنے آرمی چیف نے گھٹنے ٹیک دیئے ۔ معافی تلافی کی نوبت آگئی ۔ دوڑیں لگ گئیں ۔۔ اگلے دو دن بہت اہم ہیں ۔ اس سے نظریں ہٹائیں تو دنیا بھر میں حیران کن معلومات دینے والے سیانے آٹپکیں گے ۔ فلاں ملک میں ایک بچہ پیدا ہوا ہے پیدا ہوتے ہی اس نے آئی پیڈ کا استعمال شروع کر دیا ہے ۔ جنگ لگنے والی ہے ۔ گھر میں موم بتی اور پانی کا اسٹاک کرلیں ۔ پھر کچھ سیانے ایسے بھی ہیں جو صرف قیامت کی خبر دینے کے لئے سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں ۔ یعنی دجال کی ساری نشانیاں پوری ہوگئی ہیں بس اب قیامت آنے والی ہے ۔ بگل بج گیا ہے ۔ صف آرائی شروع ہو چکی ہے ۔ بس اب مہدی کو ظہور اس ہفتے ہونے والا ہے ۔ بس اب تخت اچھالے جائیں گے اور تاج گرائے جانے والے ہیں برج الٹ جائیں گے وغیرہ وغیرہ

اگر ان سیانوں کی ساری باتوں پر عمل کرنا شروع کر دیں تو ہم کھانے میں صرف ہواا ور گھاس کھا سکیں گے ۔ دنیا میں ترقی کی بجائے صرف قیامت پر فوکس کریں گے اور تعلیم سے نجات حاصل کر کے صرف موٹیویشنل اسپیکر بن جائیں گے ۔ اگر آپ ویوز کی بنا پر عقلمندی کا تعین کرتے ہیں تو چاہت فتح علی خان کو سب سے بڑا سنگر مان لیں کیونکہ اس ہفتے اس کی ویڈیو بائیس ملین ویوز کا ہدف عبور کر گئی ہے ۔ یاد رکھیں نیٹ فلیکس ، یوٹیوب ، انسٹاگرام اور دیگر سوشل میڈیا پر پھیلے یہ تمام وی لاگر اور سیانے آپ سے صرف سکون چھیننے آتے ہیں آپ بیل آئیکان بجاتے جاتے ہیں اور اپنی پریشانیوں میں اضافہ کرتے جاتے ہیں اگر آپ کو علم حاصل کرنے کا واقعی شوق ہے توکتابوں کے مطالعہ میں سر کھپائیں یا پھر اس کو فالو کریں جو خود بہت سی کتابیں پڑھتا ہو ۔۔

Facebook Comments

محمود چوہدری
فری لانس صحافی ، کالم نگار ، ایک کتاب فوارہ کےنام سے مارکیٹ میں آچکی ہے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply