ڈاکٹر ذاکر صاحب کا ایریا تقابل ادیان ہے، نہ وہ سوشیالوجسٹ ہیں نہ مفتی نہ عالم دین نہ سائنسدان، فقہ یا اسلامی تاریخ سے متعلقہ امور میں وہ اپنے مسلک کے مطابق جواب دیں ،سیاست یا معاشرت پر اپنے تجربے بیک گراؤنڈ اور ایکسپوئیر کے مطابق جواب دیں گے، یہ انکا ایریا جو نہیں ہے، لڑکی نے ان سے جو سوال پوچھا وہ تقابل ادیان کے ایک داعی کی بجائے کسی سوشیالوجسٹ سے پوچھا جانا چاہیے تھا۔ ڈاکٹر صاحب سے پوچھے جانے والے سوالات ایسے ہونے چاہئیں کہ ہندوازم یا عیسائیت یا دیگر مذاہب کی الہامی کتابوں سے کیسے ثابت ہوتا ہے کہ اسلام الہامی مکمل اور آخری دین ہے، ان سے آپ قرآن کے اللہ کی جانب سے ہونے کے دلائل مانگیے یا ایسے ہی دیگر دلائل۔
جیسے میرا آپ سے تعارف ایک ایسے آدمی کا ہے جو غیرمسلموں کو یہ باور کرواتا ہے کہ قرآن ان کے خالق کے علاوہ کسی اور کا کلام نہیں ہو سکتا، یا پھر آپ مجھے تعلیم سے متعلقہ امور سے متعلق جانتے ہیں، اب اگر آپ مجھ سے پاکستانی سیاست پر رائے مانگیں گے تو میں فی الفور کہوں گا کہ میں تو مہربان آمریت کو پاکستان کے لیے بہتر سمجھتا ہوں، آپ مجھ سے فقہی نوعیت کا کوئی سوال کریں گے تو ممکن ہے میں کوئی ایسا جواب دوں جس کا سِرا حنفی فقہ میں ملے, بازو مالکی فقہ میں، جواب کی ایک ٹانگ شافعی میں ہو گی اور دوسری حنبلی فقہ میں، ہو گا بھی ایسا ہی کیونکہ میں تلفیق کا قائل ہوں,
اب میرے جواب پر تنقید سے پہلے سوال پوچھنے والے پر تنقید ہونی چاہیے کہ اس نے مجھ سے یہ فقہی سوال پوچھا ہی کیوں جب کہ میرا ایریا فقط ایتھیسٹس یا غیرمسلموں سے قرآن پر مدلل مکالمے تک محدود ہے، فقہ کا مجھے کتنا علم ہے اس کا تو سوال پوچھنے والے کو داڑھی کے بغیر میرا چہرہ دیکھ کر ہی اندازہ ہو جانا چاہیے تھا اور میں اپنے نام کے ساتھ مفتی بھی تو نہیں لکھتا۔
میں ماہر سیاست ہوتا تو پڑھانے کی بجائے پاکستان میں الیکشن لڑا کرتا۔
اور چلیے میں سیاست پر بھی لکھتا ہوں کبھی کبھار فقہی معاملات میں بھی لب کشائی کر لیتا ہوں تو اگر میں ان معاملات میں اونچی نیچی بات کر بھی دیتا ہوں تو اس سے میرے اس سکالرشپ پر کیسے پانی پھر گیا جسے اللہ نے کئی غیرمسلموں کو اسلام میں داخلے کا سبب بنایا۔؟
کوانٹم فزکس کے سوال پر مزاحیہ جواب دینے والا بڑھئی نہیں بلکہ ایک بڑھئی سے کوانٹم فزکس کا سوال پوچھنے اور پھر اسکے جواب کا مذاق اڑانے والا احمق ہے۔
اگر کسی ذاتی معاملے میں آپکو بڑھئی پر غصہ ہے اور آپ کو اسکی بے عزتی کے لیے کوئی بہانہ چاہیے تو پھر خواہ آپ اس سے خلا کے متعلق سوال کر لیجیے یا امریکی سیاست سے متعلق، اسکی تضحیک کے لیے آپکو کافی مواد مل جائے گا۔۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں