فوری انصاف، ایک افسانچہ/عاطف ملک

کمرے میں عارضی طور پر عدالت قائم کی گئی تھی۔اس میں میزیں اس انداز میں لگی تھیں کہ اگر ایک طرف سے چلیں تومیز بہ میز واپس اپنی جگہ پہنچ جائیں۔ سامنے میز پر جج بیٹھا تھا اور اس کی میز سے نوے ڈگری کے زاویے پر اگلے میز پر وکیل استغاثہ بیٹھا تھا۔ وکیل استغاثہ کی میز  سے مزید نوے ڈگری پرملزم بیٹھا تھا اور اس کے آگے بھی میز دھرا تھا۔ ملزم سے آگے نوے ڈگری پر وکیل صفائی بمعہ اپنی میز براجمان تھا، اور اس سے نوے ڈگری پر واپس جج کی نشست آجاتی تھی۔   جج ،  وکیل استغاثہ اور وکیل صفائی تینوں وردی میں تھے۔ ان کا بنیادی کام کچھ اور تھا مگر اُس دن وہ  عدل کی تقسیم پر مامور ہوئے تھے۔

عدالت کی کاروائی شروع ہونے سے قبل جج نے ایک قواعد کی کتاب کھولی اور میزوں کے درمیان فاصلوں کا ناپ کروایا کہ کیا میزیں قواعد کی کتاب کے صفحے پر لکھی گئی پیمائش کے مطابق رکھی گئی ہیں؟ فاصلوں میں کچھ فرق پانے پر ملازمین نے میزوں کو اپنی جگہ سے ہٹایا۔ ایک میز کو نئی جگہ پر رکھتے تو اس کا فاصلہ ایک جانب کی میز سے درست ہو جاتا مگر دوسری میز سے غلط ہوجاتا، سو میزوں کو حسبِ قواعد رکھنے میں کافی وقت صرف ہوگیا۔

آخرکار عدالت کی کاروائی شروع ہوئی۔

وکیل استغاثہ نے ملزم پر لگے الزامات  کاغذ سے پڑھ کر سنائے۔  اس کے بعد ابھی وکیل صفائی نے اپنی بات شروع ہی کی تھی کہ جج نے اُسے ٹوک دیا۔

Advertisements
julia rana solicitors

” مختصر بات کریں، مجھے فیصلہ سنانا ہے”۔

Facebook Comments

عاطف ملک
عاطف ملک نے ایروناٹیکل انجینرنگ {اویانیکس} میں بیچلرز کرنے کے بعد کمپیوٹر انجینرنگ میں ماسڑز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کی۔ یونیورسٹی آف ویسٹرن آسٹریلیا کے شعبہ کمپیوٹر سائنس میں پڑھاتے ہیں۔ پڑھانے، ادب، کھیل، موسیقی اور فلاحی کاموں میں دلچسپی ہے، اور آس پاس بکھری کہانیوں کو تحیر کی آنکھ سے دیکھتے اور پھر لکھتےہیں۔ اس بنا پر کہانیوں کی ایک کتاب "اوراقِ منتشر" کے نام سے شائع کی ہے۔ کچھ تحاریر درج ذیل لنک پر پڑھی جاسکتی ہیں۔ www.aatifmalikk.blogspot.com

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply