اگر آپ بگ بینگ تھیوری کو درست مانتے ہیں تو آپ کو علم ہو گا کہ بگ بینگ سے پہلے اربوں کہکشائیں، کھربوں ستارے، کھربوں کھربوں سیارے، اور زندگی توانائی کی شکل میں سپیس اور ٹائم سمیت اتنی چھوٹی سی جگہ میں سموئے ہوئے تھے جس کا سائز ہماری آنکھ کی پتلی کے برابر تھا. بگ بینگ دھماکے کے نتیجے میں یہ توانائی پھیلنا شروع ہوئی اور نہ صرف سپیس ٹائم بلکہ اربوں کھربوں اجسام فلکی وجود میں آ گئے. کیا یہ محض ایک حادثہ تھا یا شعوری پلان؟
کسی ایک یا چند کہکشاؤں یا ستاروں کا وجود میں آنا اتفاق یا حادثہ ہو سکتا ہے. اربوں کھربوں کہکشاؤں اور ستاروں کا وجود میں آنا کوئی حادثہ نہیں.
ہم جانتے ہیں اس کائنات کی ہر شئے حتاکہ زندگی بھی عناصر کا مرکب ہے. کیا ستاروں میں عناصر کی پیدائش محض ایک حادثہ تھا؟
کیا ہمارا سورج اور نظام شمسی ایک حادثے کی پیداورہیں؟ اگر ایسا ہے تو سورج کا زمین سے فاصلہ اتنا کیوں ہے جس کے نتیجے میں زمین پر حیات ممکن ہوئی؟
سورج اپنی ہائیڈروجن کو ایک منظم طریقے سے آہستہ آہستہ ہیلیم میں تبدیل کر رہا ہے. یہی وجہ ہے کہ سورج کوئی پانچ ارب سال مزید روشنی دیتا رہے گا. کیا یہ بھی محض ایک اتفاق ہے؟
مشتری اپنی طاقتور کشش ثقل کی بدولت زمین کو خطرناک شہابیوں اور سپیس جنک سے بچائے ہوئے ہے. کیا یہ بھی محض اتفاق ہے؟
ہبل اور جیمز ویب خلائی دوربینیں کائنات کے ان مقامات کی نشاندہی کر چکی ہیں جہاں نئے ستارے جنم لیتے ہیں. کیا یہ فیکٹریاں جہاں نئے ستارے بنتے ہیں محض ایک حادثے کے نتیجے میں وجود میں آئی ہیں؟
زمین پر لاکھوں کروڑوں اقسام کے جاندار اور نباتات موجود ہیں. انسانوں، حیوانوں، پھولوں، پھلوں اور سبزیوں بلکہ پہاڑوں، وادیوں، جھیلوں، دریاؤں، اور سمندروں پر بھی ایک نگاہ ڈالیں. کیا ایک حادثے کے نتیجے میں ایسی خوبصورت چیزیں وجود میں آ سکتی ہیں؟
ہر جاندار اور پودے کےسیل میں اس کا ڈی این اے (بلیو پرنٹ یا تعمیراتی پلان) موجود ہوتا ہے. کیا یہ محض اتفاق ہے؟ کیا سیل نے اپنا ڈی این اے کوڈ خود لکھ لیا؟
حیات کی نشوونما کے لئے جن لوازمات کی ضرورت ہے وہ سب زمین پر موجود ہیں. کیا یہ بھی ایک اتفاق ہے؟
یہ کائنات اور اس میں موجود ہر شئے ارتقا کر رہی ہے. کیا یہ بھی محض ایک اتفاق یا حادثہ ہے؟
آج کے انسان کا موازنہ ایک لاکھ سال پہلے والے انسان سے کریں. کون سا انسان خوبصورت ہے؟ اگر زندگی کا کوئی مقصد نہ ہوتا یا ارتقا کی کوئی سمت نہ ہوتی تو آج کا انسان ایک لاکھ سال پہلے والے انسان سے ہرگز بہتر نہ ہوتا.
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں