ہر اٹھانوے منٹ بعد انگریزی زبان میں ایک نئے لفظ کا اضافہ ہوتا ہے۔ ایک دن میں چودہ اور ایک سال میں تقریباً پانچ ہزار الفاظ کا۔۔ کیونکہ میرا حساب ہمیشہ سے کمزور ہے لہذا ان الفاظ کی تعداد میں کمی بیشی ممکن ہے۔ جب میں نے جدید لسانیات کے موضوع پر یہ مضمون پڑھا مجھے لگا یہ یقیناً کسی کم علم ماہر لسانیات کا لکھا ہوگا۔ ممکن ہے اسے دوسری زبانوں سے واقفیت نہ ہو۔ یہ بھی ہو سکتا ہے وہ ایسی اخبار پڑھتا ہو جس کے ایڈیٹر کی بھی انگریزی کمزور ہو اور امکان ہے وہ ایک سے زیادہ اخبار پڑھتا ہو اور ان اخباروں کے ایڈیٹرز مقامی ہی نہ ہوں، بہر حال کچھ بھی ممکن ہے۔
میں اگلے دن لائبریری گیا اور نئے سال کی ڈکشنری( کیونکہ یہ انگریزی زبان کی لغت ہے چنانچہ باوجود اردو کے مجھے اسے ڈکشنری ہی کہنا ہوگا )کا پچھلے سال سے موازنہ کرنے لگا، کچھ الفاظ جو پچھلے سال کسی اور صفحہ پر تھے، اس سال کسی اور صفحہ پر تھے، لغت کا حجم زیادہ ہونے کے باعث اور کیونکہ میری زبان پنجابی ہے، میں زیادہ الفاظ تلاش نہیں کر سکا، اس کا بھی امکان ہے کہ میرے ڈھونڈے جانے والے الفاظ نئے ہی نہ ہوں لیکن اس سے بھی دلچسپ یہ ہے کہ اس رات میں نے جو خواب دیکھا اس کا زیادہ حصہ انگریزی زبان میں تھا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں