اسلام آباد:سینیٹ کی خالی ہونےوالی 52نشستوں پر انتخابات کیلئے پولنگ کل ہو گی ۔
سینیٹ آف پاکستان کا انتخاب تناسب کی بنیاد پر ہوتا ہے،چاروں صوبوں کی اسمبلیوں میں ہونے والی پولنگ میں سندھ اور پنجاب سے 12، 12 جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 امیدواروں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔
اس کے علاوہ سینیٹ کی فاٹا کیلئے 4جنرل نشستوں اور وفاقی دارالحکومت کی ایک جنرل اور ایک ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے۔
وفاقی دارالحکومت کی 2نشستوں کیلئے 5 امیدوار مدمقابل ہیں،جنرل نشست پر 3اور ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے دو امیدوار میدان میں ہیں۔
فاٹا کی خالی ہونےوالی سینیٹ کی 4جنرل نشستوں کیلئے الیکٹرول کالج قومی اسمبلی میں فاٹا کے 12 ارکان ہوں گے،سینیٹ کی فاٹا کیلئے 4نشستوں پر 24امیدواروں میں مقابلہ ہے۔
وفاقی دارالحکومت اور فاٹا کی سینیٹ کی نشستوں کیلئے قومی اسمبلی کا ایوان پولنگ اسٹیشن جبکہ ارکان ووٹرزہوں گے ۔
قومی اسمبلی میں ایک رکن کا ووٹ ایک کے برابر ہو گا جبکہ دوسری یا تیسری ترجیح کا عمل ہونے کے باوجود فیصلہ پہلی ترجیح پر ہی ہوگا۔
خیبر پختونخوا کی اسمبلی کے 124 ارکان سینٹ کے 11امیدواروں کا انتخاب کریں گے،خیبر پختونخوا اسمبلی سے سینیٹ کی 7جنرل، 2ٹیکنو کریٹ اور 2خواتین کی نشستوں پر 27امیدوار میدان میں ہیں۔
خیبر پختونخوا سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ایک امیدوار کو کامیابی کےلئے 18ووٹ پہلی ترجیح میں حاصل کرنا ضروری ہوں گے۔
بلوچستان اسمبلی کے 65 ارکان اپنے صوبے سے 11سینیٹروں کو منتخب کریں گے ،بلوچستان سے سینیٹ کی 7جنرل ، 2ٹیکنو کریٹ اور 2 خواتین کی نشستوں پر 25 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی سے جنرل نشست پر ایک امیدوار کو کامیابی کیلئے10ووٹ پہلی ترجیح میں حاصل کرنا ہوں گے۔
صوبہ سندھ سے صوبائی اسمبلی کے 168 ارکان بارہ سینیٹر منتخب کریں گے،جن میں 7جنرل، 2ٹیکنو کریٹ ، 2خواتین اورایک غیر مسلم نشست پر امیدوار منتخب ہوں گے۔
حتمی فہرست کے مطابق ،سندھ میں مجموعی طور پر 33امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے،سندھ سے سینیٹ کی جنرل نششت کے امیدوار کو اپنی کامیابی کےلئے 24ارکان ووٹ درکا ر ہوں گے۔
پنجاب اسمبلی کے 371 ارکان سینٹ کی 12 نشستوں پر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے،پنجاب سے سینیٹ کی 7جنرل، 2ٹیکنو کریٹ، 2خواتین اور ایک غیر مسلم نشست پر انتخاب ہوگا۔

پنجا ب سے سینیٹ کی جنرل نشست پر امیدوارکو کامیابی کیلئے 53 ووٹ پہلی ترجیح میں درکار ہوں گے ،پنجاب میں سینیٹ کی 12نشستوں پر 20 امیدوار مدمقابل ہیں۔
سینیٹ کی ٹیکنو کریٹ، خواتین اور غیر مسلم نشستوں کےلئے اکثریتی ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار کامیاب تصور ہو گا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں