جسمانی خوبصورتی حاصل کرنے کے لئے ہمیں بہت جتن کرنے پڑتے ہیں۔ جِم جانے سے لے کر غذا کا خیال رکھنے تک سب کچھ ہی۔ لیکن کبھی کبھار ہماری ہمت یہ ساری محنت کرنے کے لئے کم پڑ جاتی ہے۔ البتہ ورزش کرنا اور غذا کا خیال رکھنا لازمی جز ہیں۔
ہم آپ کو کچھ ایسی ورزشیں بتائیں گے جو نہایت آسان ہیں اور ذیادہ محنت بھی نہیں مانگتیں۔ اپنے آفس میں یا ٹی وی کے سامنے بیٹھ کر کرنے والی یہ ورزشیں آپ کو کمر اور پیٹ سے غیر ضروری چربی گھٹانے میں مدد دے سکتی ہیں۔ آپ کو صرف ایک کرسی پر بیٹھ کر بتائی گئی ورزشیں کرنی ہیں۔
وارم اَپ
اس کو کرنے سے پٹھوں میں لچک اور جسم میں توانائی پیدا ہوگی۔ یہ ورزش مزید ورزش کا دورانیہ بڑھائے گی اور اسے کرنے میں مدد دیگی۔
٭ کرسی کے کنارے پر بیٹھ جائیں اور ہاتھ اپنے گٹھنوں پر رکھ لیں
٭ اس کے بعد کمر کے بل پیچھے کی طرف اتنا جُھکیں کہ کمر کرسی کی ٹیک سے ٹِک جائے۔ لیکن خیال رکھیں کے آپ کا وزن کمر پر نہیں بلکہ پیٹ پر ہو
٭ اس کے بعد سیدھے ہو کر واپس اپنی جگہ پر آجائیں
٭ یہ عمل دس سے بارہ مرتبہ کریں
کمر موڑنا
یہ ورزش کمر کے پٹھوں میں لچک پیدا کر کے ان سے چربی چھانٹ دیتی ہے۔
٭ اس ورزش میں بھی پہلے کی طرح کرسی کے کنارے پر بیٹھ جائیں
٭ اپنے ہاتھ اُٹھا کر سر کے پیچھے رکھ لیں
٭ ٹانگیں زمین پر ایک ہی جگہ رکھ کر اپنے جسم کو پہلے دائیں جانب موڑیں، پھر بائیں جانب موڑیں
٭ دونوں اطراف مُڑنے کے بعد تین تین سیکنڈ رکیں اور یہ عمل دس مرتبہ کریں
آگے جُھکنا
یہ ورزش پیٹ کے پٹھوں کے لئے ہے اور پیٹ پر سے غیر ضروری چربی بھی چھانٹ دیتی ہے۔
٭ ہاتھوں کو اپنے سر کے پیچھے رکھ کر انگلیاں آپس میں پھنسا لیں
٭ آہستہ آہستہ آگے جھکیں اور پھر سیدھے ہوجائیں
٭ یہ عمل پندرہ مرتبہ دہرائیں
گٹھنے موڑنا
یہ ورزش بھی پیٹ، کولہوں اور کمر کے پٹھوں کے لئے ہے۔
٭ ایک کرسی پر آرام سے بیٹھ جائیں
٭ اپنی ایک ٹانگ موڑ کر سینے تک لائیں اور گٹھنے کے گرد تیس سیکنڈ تک ہاتھ باندھ لیں
٭ اس کے بعد واپس شروع والی حالت میں آجائیں اور یہ ہی عمل دوسری ٹانگ کے ساتھ دہرائیں
٭ دونوں ٹانگوں پر یہ عمل پندرہ پندرہ مرتبہ دہرائیں
ٹانگیں سیدھی کرنا
پیٹ کی چربی کم کرنے کے لئے ٹانگوں کا بہت عمل دخل ہوتا ہے۔
٭ ایک کرسی پر بیٹھ کر دونوں ٹانگیں ملا کر ایک ساتھ اونچی کریں
٭ اس کے بعد ٹانگیں موڑ کر سینے تک لائیں اور تین سیکنڈ تک اسی حالت میں رہیں
٭ ٹانگیں سیدھی کر کے انہیں ہوا میں ہی تین سیکنڈ تک رکھیں
٭ یہ عمل دس مرتبہ دہرائیں اور خیال رکھیں کہ پیر زمین کو نہ چھوئیں
ٹانگیں گھمائیں
٭ ایک کرسی پر بیٹھ جائیں اور گٹھنے موڑ کر سینے تک لے آئیں
٭ اس کے بعد اسی حالت میں رہ کر ٹانگیں گھڑی کی سمت میں گھمانا شروع کریں
٭ دس مرتبہ گھمانے کے بعد یہ عمل دوسری سمت میں بھی دس مرتبہ دہرائیں
قینچی
کمر اور پیٹ کی چربی کم کرنے کے لئے کولہوں کے پٹھوں کا حرکت میں آنا بھی بہت ضروری ہے۔
٭ ایک کرسی پر بیٹھ کر کرسی کو دونوں ہاتھوں سے پکڑ لیں
٭ ٹانگوں کو اونچا کریں اور پھر ایک ٹانگ کو دوسری ٹانگ کے اوپر اس طرح رکھیں کہ قینچی بن جائے
٭ یہ عمل باری باری ایک منٹ تک کریں
کچھ اہم باتیں

وزن کم کرنے اور جسم کو شیپ میں لانے کے لئے کوئی بھی طریقہ اپنایا جائے، اس میں غذا بہت معنی رکھتی ہے۔ آپ اگر ورزش کریں اور غذا کا خیال نہ رکھیں تو نتائج حاصل نہیں ہونگے۔ بِلا ضرورت کھانا، بے وقت کھانا اور مناسب مقدار میں نہ کھانا آپ کی صحت اور ظاہری خوبصورتی پر ہمیشہ اثر انداز ہوتا ہے۔ اس لئے اپنی عمر، صنف اور زندگی کے اطوار کے مطابق اپنی غذا ترتیب دیں اور مناسب ورزش کریں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں