ذیبیطس ایک ایسی بیماری ہے جو طرز زندگی کی بنا پر لاحق ہوتی ہے۔ البتہ کچھ خاص طریقے اپنا کر اس موزی مرض کی روک تھام ممکن ہے۔ غذا کا خاص خیال، باقعدہ ورزش اور ذہنی دباؤ سے گریز اس بیماری سے حفاظت کے لئے بے حد مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ کچھ خاص علامات کا خیال رکھ کر بھی اس سے بچا جا سکتا ہے۔
آج ہم آپ کو اس بیماری کی علامات اور اس سے بچاؤ کے طریقے بتائیں گے۔
جسم میں موجود خلیات کو صحیح طور پر کام کرنے کے لئے شوگر کی ایک مخصوص مقدار درکار ہوتی ہے۔ جسم میں موجود انسولین نامی ہارمون کے ذریعے شوگر خلیات میں سرائیت کرتی ہے۔ اگر جسم میں انسولین کا تناسب کم ہوجائے یا جسم انسولین کو رد عمل دینا چھوڑ دے تو خون میں شوگر کا تناسب بڑھنے لگتا ہے۔
آج کل کا طرز زندگی لوگوں کو تیزی سے اس موزی مرض کی طرف دھکیل رہا ہے۔ فاسٹ فوڈ، ذہنی دباؤ کی زیادتی اور نیند کی کمی وہ عنصر ہیں جن پر یہ بیماری سب سے زیادہ انحصار کرتی ہے۔
اس کا بر وقت علاج نہیں کروایا جائے تو یہ صحت کو دیگر سنگین مسائل سے دو چار کر سکتی ہے۔ ان میں یہ مسائل شامل ہیں۔ امراض قلب، گردے کے امراض، اسٹروک، نظر کی خرابی یا اندھا پن، ہاتھوں پیروں میں حساسیت کی عدم موجودگی اور ہاتھوں پیروں میں اس نوعیت کے زخم جن کی وجہ سے جسم کے اس حصے کو کاٹ کر الگ کرنا پڑے۔
ذیابیطس کی علامات
گہری رنگت
جسم کے کچھ خاص حصے جیسے گردن کا پچھلا حصہ، بغلیں یا رانیں وہ حصے ہیں جہاں انسولین زیادہ موجود ہوتی ہے۔ جسم میں جب انسولین غیر فعال ہوجاتی ہے تو علامتی طور پر ان حصوں کی جلد کی رنگت گہری پڑ جاتی ہے۔
شدید تھکن
اگر جسم بغیر کسی وجہ کے مستقل شدید تھکن کا شکار ہے تو یہ اس بات کی علامت ہے کہ خون میں شوگر کا تناسب بڑھ رہا ہے اور خلیات اس شوگر کو استعمال نہیں کر پا رہے۔ ایک سے دو حفتوں تک یہ کیفیت قابل فکر ہے۔
شدید پیاس اور پیشاب کی زیادتی
ضرورت سے زیادہ پیاس لگنا اور معمول سے ہٹ کر پیشاب کی زیادتی یہ بات ظاہر کرتی ہے کہ جسم کچھ مخصوص مادوں کو خارج کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ علامات موسم کی وجہ سے آنے والی تبدیلیوں سے الگ ہیں۔
بینائی
آنکھوں میں موجود باریک اعصابی رگیں خون میں موجود شوگر کی زیادتی کی وجہ سے متاثر ہو سکتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں نظر گِر جانے یا مکمل بینائی چلے جانے کا خدشہ رہتا ہے۔
ذیابیطس سے حفاظت

احتیاط بے شک علاج سے بہتر ہے۔ اس لئے ذیابیطس کی بیماری سے حفاظت کے لئے کچھ احتیاطی تدابیر اپنانا بے حد ضروری ہیں۔ سب سے پہلے اپنے وزن کا خیال رکھیں اور اسے بڑھنے نہ دیں۔ وزن برقرار رکھنے کے لئے غذا اور طرز زندگی کا خاص خیال ضروری ہے۔ اس کے علاوہ جسم کو متحرک رکھنا، باقاعدگی سے ورزش کرنا اور سگریٹ نوشی سے اجتناب کرنا ذیابیطس سے بچاؤ کے لئے انتہائی مفید ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں