اسلام آباد:عام انتخابات 2018کیلئے انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے،آج رات12بجے ملک بھر میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیاں ختم ہوجائیں گی۔
انتخابات 2018کیلئے مہم کا آج فائنل راؤنڈ ہے، آج ملک بھر میں جلسے، ریلیاں اور کارنر میٹنگز سے سیاسی پارہ ہائی رہے گا، نون لیگ اور تحریک انصاف پنجاب، پیپلز پارٹی سندھ اور ایم کیو ایم والے کراچی میں پنڈال سجائیں گے۔
تخت پنجاب پر فتح کے دعوے کرتے صدر مسلم لیگ (ن)شہباز شریف راولپنڈی کے لیاقت باغ میں سپورٹرز کا لہو گرمائیں گے۔
نون لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی بھی اسلام آباد میں میلہ سجائیں گےجبکہ حمزہ شہباز لاہور کے موچی گیٹ پر مخالفین کو للکاریں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لاہور میں عوام کو ووٹ دینے کیلئے منائیں گے،مختلف علاقوں میں ریلیوں سے خطاب کریں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سندھ میں اِن ایکشن رہیں گے،مختلف ہروں میں انتخابی ریلی کے ہمراہ جیالوں کو انتخابی منشور بتائیں گے۔
ایم کیو ایم بھی کراچی کے لیاقت آباد پل پر پنڈال سجائے گی،خالد مقبول صدیقی اور عامر خان جلسے کو ملک کا سب سے بڑا جلسہ قرار دے رہے ہیں۔

متحدہ مجلس عمل سمیت دیگر امیدوار بھی کارنر میٹنگز اور ریلیوں کے ہمراہ عوام سے ووٹ کیلئے اپیل کریں گے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں