عزیزان گرامی عید خوشی کا دن ہے، اسے منانا مسنون بھی ہے اور روایت بھی۔ لیکن اپنے گھر میں میت پڑی ہو تو خوشی منانا جچتا نہیں۔ اپنی ذاتی زندگیوں میں ہم سب ہی عید منائیں گے کہ اس سے فرار ممکن نہیں۔ لیکن قومی سطح پر پچھلے چند دنوں میں کوئٹہ، پارا چنار، کراچی اور اج احمد پور شرقیہ میں جو سانحات و اموات ہوئیں، اسکے بعد ایک قومی سطح کی عید بے حسی ہو گی۔
ہم کارپوریٹ میڈیا پر یہ تنقید کرتے ہیں کہ وہ بے حس ہے اور ایک ہی سانس میں ماتم و جشن منا کر ریٹنگ اور دولت اکٹھی کرتا ہے۔ یہ سوشل میڈیا جو ہم نے متبادل میڈیا کے طور پر کھڑا کیا، اسکو مختلف روایت پیش کرنا ہو گی۔
اسی لئیے مُکالمہ انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم مُکالمہ کی سطح پر عید نہیں منائیں گے۔ عید کی خوشی کے مضامین نہیں شائع ہوں گے۔
مزید ازاں مکالمہ اپنے قارئین سے گزارش کرتا ہے کہ ان ایشوز پر سیاست سے گریز کرتے ہوے ایک قومی بیانیہ کی ترتیب پر توجہ دیں جو مسائل کا حل بن سکے۔ اپ میں سے جو لوگ کسی بھی طرح متاثرین کی مدد کر سکیں، ان سے گزارش ہے کہ وہ بڑھ چڑھ کر یہ کام کریں۔ مُکالمہ ان سانحات سے متاثرین کے دکھ میں شریک ہے اور مرحومین کیلیے دعاگو۔ دعا ہے کہ اللہ کریم ہمارے ملک پر رحم فرمائے اور آفتوں سے حفاظت فرمائے۔ امین

ادارہ مکالمہ
Facebook Comments
اللہ پاک آپ کو اور زیادہ احساس عطا فرما تاکہ اس درد کا کچھ مداواکیا جا سکے
بہت ہی اچھا فیصلہ اور ذمہ داری کا احساس ہے ۔۔۔
اللہ آپ کو اجر عظیم عطا فرما