سانس میں بو کی کئی وجوہات اور عناصر ہوسکتے ہیں، آپ کی کچھ غلطیاں بھی اس کا باعث بن سکتی ہیں۔ لیکن ٹینشن نہ لیں اس کا بہت آسان اور بہترین علاج موجود ہے۔ مگر اکثر افراد اس پر توجہ تک نہیں دیتے۔
جرمنی کی ٹیکنیکل یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ادرک جسمانی وزن میں کمی سمیت متعدد فوائد کی حامل ثابت ہوتی ہے ،مگر اس کا ایک اور فائدہ لوگوں کو معلوم نہیں اور وہ ہے سانس کی بو سے نجات۔
ادرک میں موجود ایک کمپاﺅنڈ سکس Gingerol اس مسئلے سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ، یہ کمپاﺅنڈ تھوک میں موجود انزائمز متحرک کرتا ہے جو سانس میں بو کا باعث بننے والے عناصر کی روک تھام کرتے ہیں۔
ادرک کھانے سے تھوک میں Sulfhydryl آکسائیڈ کی سطح محض چند سیکنڈ میں 16 گنا بڑھ جاتی ہے، جس کے نتیجے میں سانس میں بو سے نجات ملتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ ادرک کھانے سے سانس کی بو کم ہونے لگتی ہے، اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل آف ایگریکلچرل اینڈ فوڈ کیمسٹری میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل امریکن ڈینٹل ایسوسی ایشن کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ عام طور پر سانس میں بو جسم میں پانی کی کمی یا ڈی ہائیڈریشن کی علامت ہوتی ہے ۔
ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر ایڈا ایس کوپر کے مطابق اس غلط فہمی میں مت رہیں کہ روزانہ چار بار ماؤتھ واش کا استعمال کرنا سانس کی بو کا علاج ثابت ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب آپ کا منہ زیادہ خشک ہوتا ہے تو اس میں تھوک کم بنتا ہے اور جب لعاب دہن کم ہوتا ہے تو غذائی ٹکڑے اور بیکٹریا زیادہ وقت تک منہ کے اندر موجود رہنے لگتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اگر اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے تو روزانہ زیادہ مقدار میں پانی پینا اس کا آسان ترین علاج ثابت ہوسکتا ہے، جبکہ کافی، الکحل، تمباکو نوشی یا مخصوص ادویات کے حوالے سے خبردار رہنا چاہئے جو منہ کو خشک کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں