اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے 4ستمبر کو ہونے والےصدارتی انتخابات کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان الطاف احمد خان نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد، پنجاب اسمبلی لاہور، سندھ اسمبلی کراچی، خیبرپختونخوا اسمبلی پشاور اور بلوچستان اسمبلی کوئٹہ سمیت 5 مقامات پر ہو گی۔
پروگرام میں حصہ لیتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار صدارتی انتخاب باآسانی جیت لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ صدر کیلئے حزب اختلاف کے دو نامزد امیدواروں کی وجہ سے ان کا ووٹ بینک تقسیم ہونے کا امکان ہے جس سے عارف علوی کیلئے عملاً راستہ صاف ہو جائے گا۔
وزیر دفاع نےمزید کہا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ پاکستان تحریک انصاف کا منفرد ایجنڈا ہے۔
الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری کنور دلشاد نے کہا کہ صدر الیکٹورل کالج کے ذریعے خفیہ رائے شماری کے تحت منتخب ہو گا جو قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل ہے۔
کنور دلشاد نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد صدر کے یکطرفہ طور پر پارلیمنٹ تحلیل کرنے کے اختیارات ختم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک معمول کا عمل ہے کہ صدر ہمیشہ حکمران جماعت سے ہوتا ہے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں