پاکستان کے چہیتے مسنگ پرسنز۔۔۔۔چوہدری عبدالمنان خان

مسلمانوں بالخصوص پاکستان کو بیرونی طاقتیں اتنا نقصان نہیں پہنچا سکی ہیں جتنا نقصان مسلمانوں اور پاکستان کو ان کے اندر غدار پیدا کر کے پہنچایا گیا۔ اداروں نے یہ کردیا، اداروں نے وہ کردیا۔ اداروں پر یہ الزام لگانا کہ پرسنز کے مسنگ ہونے کے پیچھے اُن کا ہاتھ ہے ایک انتہائی سنگین عمل ہے۔ کہا جارہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان مسنگ پرسنز کے معاملے میں اوّل نمبر پہ ہےاس لیئے کہ ہمارے میڈیا پر مسنگ پرسنز کے معاملے کو زبان زدِ عام کیا جاتا ہے جبکہ حقیقت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ دُنیا کے بہت سے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں مسنگ پرسنز کا تناسب پاکستان سے بہت زیادہ ہے لیکن وہاں کے میڈیا کو وہاں کی مقامی حکومتیں بڑے احسن طریقے سے قابو میں رکھتی ہیں جبکہ اس کے برعکس پاکستان کا میڈیا شتر بے مُہار کی طرح ’’جو جی میں آئے کرو‘‘ کے مصداق بے لگام ہوچکا ہے۔

رہی بات مسنگ پرسنز کی تو روس کے ولادیمیر پوتن اس معاملے میں جتنے کمال ثابت ہوئے ہیں اس کی مثال نہیں۔ بہت سے لوگوں کو وہاں بھی مسنگ بنایا جاتا ہے اور روس میں بہت سے صحافیوں کا قتل بھی ہوا۔ چونکہ پوتن نے اپنے دور حکومت میں روس کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کیا اور جو روس کو ایک ابھرتی ہوئی عالمی طاقت بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تو ان کے خلاف اُٹھنے والی آوازوں کو روس کے نیشنل انٹرسٹ کے تناظر میں دبا دیا جاتا ہے۔ وہاں نیشنل انٹرسٹ کو ہر چیز پر فوقیت دی جاتی ہے۔ چلیں مان لیتے ہیں کہ یہ سب غلط ہے، تو جو آپ کر رہے ہیں کیا وہ صحیح ہے؟

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پاک فوج نے بہت سی قربانیاں دے کر پاکستان میں امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے میں اپنی توانائیاں صرف کی ہیں اور کر رہے ہیں۔ یہ جنھوں نے مسنگ پرسنز کا رونا ڈالا ہوا ہے اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، اور شروع سے ہی اس کی اصل وجہ ہمارے ہاں لیڈر شپ کا فقدان ہے۔ دُنیا کا ہر مذہب ریاست کے مفاد کے خلاف اُٹھنے والی ہر آواز کو بند یا ختم کرنے کی بلاتفریق اجازت دیتا ہے۔ بیرونی قوتیں آزادی اظہار کا ڈنڈا ہاتھ میں تھما کر پشتین جیسے لوگوں کو پروجیکٹ کررہی ہیں اور ہم میں سے کچھ لوگ نیشنل انٹرسٹ کو بالائے طاق رکھ کر پاکستان کی بنیادیں ہلانے کے درپے ہیں۔ اور پھر اپنے لیے  ملک کی اونرشپ کا حق محفوظ کرتے پھر رہے ہیں۔ حیف صد حیف!! اپنی  صفوں میں کالی بھیڑوں کو پہچانیں اور دُشمن کو شکست فاش دینے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں۔

Advertisements
julia rana solicitors london

اللہ پاک ملکِ پاکستان کا حامی و ناصر ہو اس کو دُشمن کی چالوں سے محفوظ رکھے۔ آمین!!
پاکستان زندہ باد ۔۔ پاک فوج پائندہ باد

Facebook Comments

چوہدری عبدالمنان خان
کوئی مجھ تک پہنچ نہیں پاتا ۔۔ اتنا آسان ہے رستہ میرا

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply