لاہور: سپریم کورٹ آف پاکستان نے سمبڑیال میں صحافی کے قتل سے متعلق ازخود نوٹس پر پولیس کو 6 ہفتوں میں مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
پیر کو سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں سمبڑیال میں صحافی قتل کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے پولیس سے استفسار کیا کہ بدقسمتی سے پولیس ابھی تک مرکزی ملزم کو گرفتار نہیں کر سکی،بتایا جائے کہ عدالتی حکم کے باوجود ابھی تک ملزم قانون کی گرفت میں کیوں نہیں آسکا۔
جس پر پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی تم جائیداد منجمد کر دی ہے،انٹرپول کو ملزم کے فنگر پرنٹس بھجوا دیئے ہیں۔
عدالت نے پولیس کو 6 ہفتوں میں مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
دوسری جانب پی ایم ڈی سی قانون نافذ نہ کرنے کیخلاف کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دئیے کہ پی ایم ڈی سی قانون منظور ہونے کے باجود کیوں نافذ نہیں کیا گیا،عدالت کے ساتھ چھپن چھپائی کیوں کھیلی جا رہی ہے۔

عدالت نے وفاقی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت کو کل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں