لندن: طبّی دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ایک بچے کا گردہ اس کی ٹانگ پر نکل آیا ہے، جس کی وجہ جینیاتی بتائی جارہی ہے۔
ڈیلی میل کے مطابق پوری دنیا میں اب تک کوئی بھی اس کیفیت میضں مبتلا نہیں ہوا۔ 10 سالہ ہامش رابنس کے جسم میں ایک کروموسوم 7p22.1 کی کمی ہے، جس سے مکمل گردہ اپنی مقررہ جگہ کی بجائے اس کی دائیں ران میں موجود ہے۔
اب تک اس مرض کا کوئی نام نہ تھا اور اب ڈاکٹروں نے اسے ‘ہامش سنڈروم’ کا نام دیا ہے۔ ڈاکٹر گردے کو ہٹانے کے حق میں نہیں کیونکہ اس سے نامعلوم مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
اگرچہ 900 بچوں میں سے کسی ایک کا گردہ اپنی جگہ سے دائیں بائیں ہٹا ہوا ہوسکتا ہے، لیکن طبی تاریخ میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ گردہ دھڑ کی بجائے ٹانگ کا حصہ بن گیا ہے۔
ہامش کئی امراض کے شکار ہیں جن میں ریڑھ کی ہڈی کے مسائل، دمہ، کمزور سماعت اور بولنے میں دقت شامل ہے۔ اسی وجہ سے وہ کمپیوٹر سافٹ ویئر کے ذریعے بات کرتے ہیں۔ تاہم ان کا دوسرا گردہ بالکل درست کام کررہا ہے۔
ہامش کی والدہ کہتی ہیں کہ ڈاکٹر بتانے سے قاصر ہیں کہ اس کا مستقبل کیسا گزرے گا۔ اپنی پیدائش کے وقت ہامش کا وزن صرف دو پونڈ تھا ۔ پیدائش کے بعد اس کی افزائش بہت سست رہی اور اس نے 17 ماہ مکمل ہونے کے بعد ماں کا لفظ ادا کیا اور اس کے چھ سال بعد دوسرا جملہ ادا کیا۔

تاہم ہامش اب اسکول جاتا ہے اور کراٹے کی تربیت بھی لے رہا ہے۔ اس کی والدہ کہتی ہیں کہ یہ بچہ میرے لیے نعمت سے بڑھ کر ہے تاہم میں اس کےمستقبل کے بارے میں فکرمند ہوں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں