اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے وفاقی وزیر زبیدہ جلال کیخلاف انتخابی عذرداری کی درخواست مسترد کردی۔
تفصیلات کے مطابق، بدھ کو جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے وفاقی وزیر زبیدہ جلال کیخلاف جان محمد دشتی کی انتخابی عذرداری درخواست کی سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں زبیدہ جلال نے این اے 271 میں دھاندلی کرائی،47 پولنگ اسٹیشنوں پر دھاندلی ہوئی۔
جس پر جسٹس گلزار نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن ٹریبونل نے آپ کی درخواست مسترد کردی تھی۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ کا مؤکل 20 ہزارووٹوں کے مارجن سے ہارا تھا،20 ہزار ووٹوں کا مارجن کم نہیں ہوتا۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ نے 47 پولنگ اسٹیشنوں پر دھاندلی کا الزام لگایاتھالیکن گواہ صرف 9 پولنگ سٹیشنوں کے حوالے سے پیش کئے گئے،گواہوں نے بھی کوئی مخصوص معلومات مہیا نہیں کیں ۔
بعدازاں سپریم کورٹ نے وفاقی وزیر زبیدہ جلال کیخلاف جان محمد دشتی کی انتخابی عذرداری درخواست مسترد کردی۔

یاد رہے کہ زبیدہ جلال کے مخالف امیدوار جان محمد دشتی نے دھاندلی کے الزامات عائد کئے تھے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں