شارجہ: لاہور قلندرز کے فاسٹ باﺅلر حارث رﺅف پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حارث رؤف نے ملتان سلطانز کے آسٹریلوی بلے باز ڈینئل کرسچن کو رن آﺅٹ کرکے غیر مناسب اشارے کیے۔
میچ کے بعد حارث رﺅف کو میچ ریفری کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں مستقبل میں محتاط رہنے کی تنبیہ کی گئی۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دسویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔
شارجہ میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے دسویں میچ میں ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں رواں ایونٹ کا سب سے بڑا اسکور 200 رنز بنایا۔
جس کے جواب میں لاہور قلندرز کے فخرزمان اور سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا، 35 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد سہیل 10 رنز بنانے کے بعد آﺅٹ ہوگئے۔
فخر زمان نے سلمان بٹ کے ساتھ مل کر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا اور 35 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیل کر آﺅٹ ہوئے، جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
سلمان بٹ 17 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹے اور آغا سلمان بھی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

برینڈن ٹیلر ایک رن بنا کر ریٹائر ہرٹ ہوگئے، ڈی ویلیئرز اور ڈیوڈ ویئیز نے 98 رنز کی شراکت داری قائم کرکے لاہور قلندرز کو پاکستان سپر لیگ کا سب سے بڑا ہدف عبور کرنے میں مدد دی۔ ڈیویلیئرز 52 اور ویئیز 45 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے ۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں