لاہور: مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کوٹ لکھپت جیل سے رہائی کے بعد جاتی امراء پہنچ گئے ،جیل کے باہر اور جاتی امرا میں لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔
تفصیلات کے مطابق نوازشریف جیل سے نکلے تو رہنماؤں کے ساتھ کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا، کارکنوں نے سابق وزیراعظم کے حق میں خوب نعرے بازی کی۔
نوازشریف کی ضمانتی طارق فضل چوہدری بھی جیل کے باہر موجود تھے، رہائی کے بعد کارکنوں کے جھرمٹ میں نوازشریف اپنی رہائش گاہ جاتی امرا ءپہنچے۔
نوازشریف کا موٹرکیڈ جب جاتی امرا ءپہنچا تو وہاں بھی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا، جاتی امرا پہنچنے کے بعد نواز شریف کی گاڑی فارم ہاؤس میں داخل ہو گئی جبکہ کارکنوں کو داخل ہونے سے روک د یا گیا۔
اپنے لیڈر کی رہائی کی خوشی میں مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے رات گئے تک جاتی امرا میں بھنگڑے ڈالے، خوشی منائی اور مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔
کوٹ لکھپت جیل کے سپرٹنڈنٹ کاغذی کارروائی مکمل ہونے کے بعد نوازشریف کو جیل سے رہا کرنے کا حکم جاری کیا۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھائی کی رہائی سے قبل اپنی رہائش گاہ روانہ ہوئے تھے۔

جاتی امرا ءمیں شہباز شریف کی نوازشریف سے ملاقات ہوئی اس دوران شہباز شریف نے ان کی خیریت دریافت کی، ملاقات کے بعد وہ واپس ماڈل ٹاؤن روانہ ہوگئے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں