کچھ شخصیات ایسی ہوتی ہیں ، جن کی موجودگی ہمارے لیے باعثِ تسکین ہوتی ہے۔ وہ اپنے اخلاق اور اعلیٰ اقدار سے اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں ۔
وہ ہماری زندگیوں میں ایک روشنی کی مانند ہوتے ہیں ،جو ہمہ تن دوسروں کے لئے میسر رہتے ہیں ۔ ایسی ہی شخصیت میرے مینٹور اور استاد پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل ہیں۔
آپ صرف ایک بہترین سرجن، معلم، ایڈمنسٹریٹر ، ماہر تعلیم نہیں، بلکہ آپ ایک بہترین مصنف بھی ہیں۔ انسان اور کتاب دوستی آپکی شخصیت کا اہم جزو ہیں۔
منڈی بہاؤالدین میں پیدا ہونے والے، پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں، ریسرچ اور میڈیکل ایجوکیشن کی ترویج کے لئے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہیں خدمات کے صلے میں انہیں رائل کالج آف انڈبرا کی اعزازی ممبرشپ اور صدراتی تمغے سے نوازا گیا ۔
آپ نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں بطور وائس چانسلر خدمات سرانجام دی ۔ آپ سی پی ایس پی کے صدر اور سنئیر وائس پریذیڈنٹ رہے۔
وطن عزیز میں میڈیکل ایجوکیشن ، ریسرچ اور پوسٹ گریجویٹ ٹرینگ کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ امتیاز اور صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا۔
چودہ اگست 2026، پاکستان کے اناسیویں یوم آزادی پر حکومت پاکستان نے انہیں تیسرے سول ایوارڈ ” ستارہ امتیاز ” سے نوازا، جن پر انہیں دلی مبارکباد ۔
بیشک یہ ایوارڈ انکی اعلیٰ تعلیمی خدمات اور خداداد انتظامی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
پاکستان میں میڈیکل ایجوکیشن، پوسٹ گریجویٹ ٹرینگ،ریسرچ کے فروغ کے لئے آپکی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ آپ نے میڈیکل پروفیشن کے لئے جتنا عملی کام کیا، اسکی مثال کہیں نہیں ملتی۔
آپ کی شخصیت تمام ڈاکٹرز کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے ۔ بطور ایک شاگرد کے،باقی خوبیوں کے ساتھ ،جو میں نے ایک خوبی کو قریب سے مشاہدہ کیا،اور انکی یہ ایک خوبی جو انہیں باقیوں سے ممتاز بناتی ہے وہ آپ کی اپنے کولیگز کے لئے ہمہ وقت availability. آپ اپنے ہر کولیگ کے ہر میسج کا رپلائی کرتے ہیں، کال کا جواب دیتے ہیں، انکے مسائل کو حل کرنے کے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہیں،شاید انکی یہی خوبی انکی شخصیت کو پراثر اور ممتاز بناتی ہے۔
آپ نے بطور سربراہ،صرف ادارے ہی نہیں چلائے، بلکہ اپنے ادارے میں ایک ایسا علمی ماحول پیدا کیا، جہاں علم کیساتھ کیساتھ میرٹ،ریسرچ اور مریضوں کی بہترین نگہداشت کو بنیادی اہمیت حاصل ہو۔
میں نے کہیں پڑھا تھا کہ اللہ تک پہنچنے کا راستہ انسانیت کی بے لوث خدمت سے ہو کر گزرتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل اسی راستے کے مستقل مسافر ہیں اور اسی لئے اللہ تعالیٰ انہیں ہر جگہ سرخرو کرتے ہیں۔
استاد محترم، آپکو ستارہ امتیاز ملنے پر ایک بھی پھر مبارکباد ۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ وہ آپکو اچھی صحت اور لمبی عمر سے نوازے،آپ کو مزید کامیابیوں اور کامرانیوں سے نوازے ،آمین۔
استاد محترم، تمغہ امتیاز کا یہ اعزاز صرف آپ کا نہیں،بلکہ آپ کے تمام شاگردوں کا اعزاز ہے، آپکے بطور سربراہ،اداروں کی کامیابی کا عملی نمونہ اور پاکستان کی میڈیکل کمیونٹی کے لیے باعث فخر ہے۔


