آپ کی عزت/فرزانہ افضل

ہمارے معاشرے کے مرد سینہ تان کر یہ دعویٰ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ عورت مرد کی عزت ہے اور اگر عورت سے کوئی ذرا سی بھی غلطی ہو جائے اس کے قدم کہیں لڑکھڑا جائیں، یہ سب چھوڑیں اگر مرد کو عورت کی طرف سے کوئی غلط فہمی بھی ہو جائے تو مرنے مارنے پر تل جاتے ہیں قتل و غارت تک پہنچ جاتے ہیں۔ مگر اس کے برعکس بہت سے مرد چوری اور سینہ زوری پر عمل پیرا نظر اتے ہیں۔ غلطیاں کرنا، بے وفائی کرنا، عورت کو دھوکہ دینا ، جھوٹ بولنا اس سے باتیں چھپانا یعنی رشتے میں بے ایمانی کرنا ایسی سب حرکتوں کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔ تمام مردوں کو یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کر لینی چاہیے کہ اگر عورت مرد کی عزت ہے تو مرد بھی عورت کی عزت ہے اگر مرد گھٹیا اور غلیظ حرکتیں کرتا ہے تو اس کی عورت یعنی بیوی بلکہ پورے خاندان پر انگلیاں اٹھتی ہیں چونکہ ہمارے معاشرے میں عورت معاشرتی طور پر کمزور اور مرد سے کمتر سمجھی جاتی ہے لہذا مرد کی حرکتوں اور بے وفائیوں پر ان کا رد عمل بھی کمزور ہوتا ہے۔ مگر جہاں کہیں عورت مقابلے پر کھڑی ہو جائے اپنے ساتھ ہوئی بے وفائی پر ادلے کا بدلہ دے، اینٹ کا جواب پتھر سے دے تو پورا سماج مرد کو الزام دینے کی بجائے عورت کو مورد الزام ٹھہراتا ہے مرد دھوکا کر کے باہر عورتیں رکھے، چوری چھپے دوسری شادی کر لے تو دین میں چار شادیوں کی اجازت کے حق کا ریفرنس جو تمام مردوں کو کلمہ شہادت سے زیادہ رٹا ہوا ہے اپنی چِیٹنگ پر پردہ ڈالنے کے لیے فٹافٹ استعمال ہوتا ہے۔ مرد بھول جاتے ہیں کہ ان کی دھوکہ دہی بے وفائی اور جھوٹ کی وجہ سے عورت کے احساسات اور ذہنی صحت پر کسقدر گہری چوٹ پہنچتی ہے۔ ہم ٹی وی کا ڈرامہ سیریل “آپ کی عزت” میں ایک بے وفا شوہر سے بدلہ لینے کے لیے اس کی بیوی اس کے خلاف اٹھ کھڑی ہوئی ہے اور یہ عورت وہ ہے جس نے برے وقت میں تنگی کاٹ کر اپنے شوہر کا ساتھ دیا اور جب شوہر نامدار کے پاس دولت ائی تو دولت کے نشے میں سب قربانیاں بھول کر باہر عورت سے تعلقات بنا لیۓ ، عیاشی شروع کر دی۔ یوں بھی بہت سے مردوں کے پاس جب دولت آتی ہے تو ایسی عیاشی کو اپنا حق سمجھتے ہیں۔
ڈرامہ سیریل “آپ کی عزت” میں بینا نے جب اپنے شوہر کو برابر کی ٹکر دی ہے تو وہ گھٹنوں کے بل پر آ گیا ہے۔ روتے ہوئے بینا سے بہرام کے بارے میں سوال کرتا ہے تو وہ جواب دیتی ہے “تم ناز کو اپنی زندگی میں لے آئے، میں بہرام کو لے آئی۔” جو عورتیں یہ ڈرامہ دیکھ رہی ہیں اس طرح کے بدلے پر کبھی مت اتریں کبھی خود کی عزت کو داؤ پر مت لگائیں۔ اپنے بچوں کو کبھی چھوڑ کر مت جائیں۔ ایسے مرد جن کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہو دولت کے نشے میں چور ہوں تو ان سے باعزت طریقے سے علیحدگی اختیار کر لیں۔ ہم ٹی وی کے اس ڈرامے میں اگے چل کر کیا ہوتا ہے کیا بینا اپنے شوہر سے طلاق لے گی یا نہیں، کہانی بہت سبق آموز ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں