ریٹائرمنٹ بظاہر ملازمت کا اختتام ہے، مگر حقیقت میں یہ انسان کی مالی بصیرت، خود اعتمادی اور فیصلوں کا ایک نیا امتحان ہوتی ہے۔ ملازمت کے دوران ہر ماہ تنخواہ کا آنا ایک ایسا معمول بن جاتا ہے جس پر انسان بغیر سوچے بھروسا کرنے لگتا ہے۔ پھر ایک دن تنخواہ رک جاتی ہے اور ایک بڑی رقم ہاتھ میں آ جاتی ہے۔ یہی وہ لمحہ ہے جہاں زندگی دو راستوں میں تقسیم ہو سکتی ہے۔۔۔ ایک راستہ سکون، وقار اور محتاط منصوبہ بندی کی طرف جاتا ہے، دوسرا دکھاوے، جذباتی فیصلوں اور غلط سرمایہ کاری کے ذریعے اس سرمائے کو ختم کر کے انسان کو دوبارہ محتاجی کی طرف لے جاتا ہے۔ افسوس یہ ہے کہ بہت سے لوگ ملازمت کے دوران اپنے مستقبل کی تیاری کرتے رہتے ہیں، لیکن ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والے مستقبل کو سنبھالنے کی تیاری نہیں کرتے۔برسوں تک اداروں میں کام کرنے والے لوگوں کو ریٹائرمنٹ پر معقول رقم ملتی ہے۔ یہ رقم دراصل چند مہینوں یا چند سالوں کی کمائی نہیں ہوتی بلکہ زندگی کے ایک طویل حصے کی محنت کا نچوڑ ہوتی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا بڑی رقم مل جانا مالی تحفظ کی ضمانت ہے؟ تجربہ بتاتا ہے کہ نہیں۔ بعض لوگ ریٹائرمنٹ کے چند سال بعد مالی مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں، حالانکہ ابتدا میں ان کے پاس اتنا سرمایہ موجود ہوتا ہے کہ وہ بقیہ زندگی نسبتاً اطمینان سے گزار سکتے ہیں۔ پھر ایسا کیا ہوتا ہے؟ اکثر اوقات مسئلہ رقم کی کمی نہیں بلکہ رقم کے ساتھ تعلق کی خرابی ہوتا ہے۔ انسان پیسے کا مالک ہوتے ہوئے بھی اس کا محافظ نہیں رہتا۔
سب سے خطرناک غلطی یہ ہے کہ ریٹائرمنٹ کی رقم کو اچانک دولت سمجھ لیا جائے، جبکہ حقیقت میں وہ آئندہ زندگی کی آمدنی کا متبادل ہوتی ہے۔ ملازمت کے دوران اگر کوئی شخص ایک لاکھ روپے ماہانہ کماتا ہے تو وہ اس آمدنی کے ساتھ اپنے اخراجات، علاج، بچوں، گھر اور دیگر ضروریات کا انتظام کرتا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اگر اسے ایک بڑی رقم ملتی ہے تو وہ رقم خرچ کرنے کے لیے نہیں بلکہ ایک نئے مالی نظام کی بنیاد رکھنے کے لیے ہوتی ہے۔ لیکن ہم اکثر ایک بڑی رقم کو مستقل آمدنی کا ذریعہ سمجھنے کے بجائے اسے فوری طور پر استعمال کرنے لگتے ہیں۔ یہی وہ مقام ہے جہاں مالی منصوبہ بندی ختم اور جذباتی فیصلے شروع ہو جاتے ہیں۔ریٹائر ہونے والا شخص عموماً یہ سوچتا ہے کہ اب زندگی بھر کی ذمہ داریاں پوری ہو چکیں، بچوں کو دے دیا، گھر بنا لیا، کچھ کاروبار کر لیتے ہیں، کچھ زمین خرید لیتے ہیں، باقی آرام سے گزار لیں گے۔ مگر زندگی حساب کتاب سے زیادہ طویل ہوتی ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، علاج کے اخراجات، بجلی، گھر کے خرچ اور غیر متوقع ضرورتیں خاموشی سے اس سرمائے کو کھاتی رہتی ہیں۔ آج جو رقم بہت بڑی محسوس ہوتی ہے، ممکن ہے چند برس بعد اسی رقم سے معمولی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہو جائے۔بڑھاپے میں بڑی رقم سے زیادہ اہم وہ مالی منصوبہ ہے جو انسان کو دوسروں کا محتاج نہ ہونے دے۔
سرمایہ کاری بھی ایک ایسا میدان ہے جہاں لالچ اور لاعلمی مل کر تباہی پیدا کرتے ہیں۔ اسٹاک مارکیٹ ہو، پراپرٹی ہو یا کوئی نجی ہاؤسنگ منصوبہ، ہر جگہ منافع کے امکانات کے ساتھ خطرات بھی موجود ہوتے ہیں۔ مسئلہ سرمایہ کاری کرنا نہیں، مسئلہ یہ ہے کہ ہم اکثر تحقیق کے بغیر دوسروں کی کامیابی دیکھ کر اپنی محنت کی کمائی داؤ پر لگا دیتے ہیں۔ کسی نے اسٹاک مارکیٹ سے پیسہ بنایا تو ہمیں بھی یقین ہو جاتا ہے کہ ہم بنا لیں گے۔ کسی نے زمین سے فائدہ اٹھایا تو ہم یہ سوچے بغیر اپنی رقم وہاں لگا دیتے ہیں کہ وہ منصوبہ قانونی، محفوظ اور قابلِ اعتماد بھی ہے یا نہیں۔ ہم منافع کی کہانی سنتے ہیں، نقصان کی داستان نہیں سنتے۔ یہی انسانی نفسیات کا وہ پہلو ہے جو ریٹائرمنٹ کے سرمائے کو خطرناک فیصلوں کی طرف دھکیلتا ہے۔خاص طور پر غیر واضح یا غیر معتبر رہائشی منصوبے انسان کے لالچ کو بہت آسانی سے نشانہ بناتے ہیں۔ ایک خوبصورت بروشر، چند دلکش دعوے، مستقبل کے شہر کی تصویریں اور چند ماہ میں قیمت دگنی ہونے کا خواب بہت سے لوگوں کو اپنی طرف کھینچ لیتا ہے۔ لیکن کیا ہم کبھی یہ پوچھتے ہیں کہ زمین واقعی موجود ہے؟ اس کی قانونی حیثیت کیا ہے؟ منظوری کس ادارے نے دی ہے؟ راستہ، نکاسیٔ آب، پانی اور دیگر بنیادی سہولتیں کہاں ہیں؟ صرف فائل ہاتھ میں آ جانے سے زمین ملکیت نہیں بن جاتی۔ سرمایہ کاری میں کاغذ سے زیادہ حقیقت دیکھنا ضروری ہے، ورنہ ریٹائرمنٹ کا سرمایہ خوابوں کی فائلوں میں دفن ہو سکتا ہے۔
اولاد کے معاملے میں بھی محبت اور مالی ذمہ داری کے درمیان ایک باریک لکیر موجود ہے۔ والدین اپنی ساری زندگی بچوں کے لیے قربانیاں دیتے ہیں، اس لیے ریٹائرمنٹ کے بعد یہ خواہش فطری ہے کہ جو کچھ ہے اولاد کا ہے۔ مگر کیا اولاد سے محبت کا مطلب یہ ہے کہ والدین اپنی معاشی خود مختاری بھی ختم کر دیں؟ اگر ایک شخص اپنی پوری جمع پونجی بچوں کو کاروبار کے لیے دے دیتا ہے، گھر بنانے میں لگا دیتا ہے یا محض اس امید پر منتقل کر دیتا ہے کہ بڑھاپے میں بچے اس کا سہارا بنیں گے، تو وہ دراصل اپنی آئندہ زندگی کا اختیار کسی دوسرے کے ہاتھ میں دے رہا ہوتا ہے۔ محبت اپنی جگہ، مگر مالی خود مختاری بھی ایک انسانی ضرورت ہے۔ جس شخص کے پاس اپنے بنیادی اخراجات کے لیے بھی اپنی رقم نہ ہو، اس کے لیے رشتوں میں احترام کے باوجود بے بسی کا احساس پیدا ہو سکتا ہے۔یہاں ایک تلخ حقیقت بھی سامنے آتی ہے کہ بعض اوقات اولاد والدین کو نہیں بلکہ والدین اپنی اولاد کو خراب کرتے ہیں۔ ضرورت سے زیادہ مالی سہولت، بغیر منصوبہ بندی کے بڑی رقم اور محنت کے بغیر دستیاب وسائل نوجوان کو خود انحصاری کے بجائے انحصار کا عادی بنا سکتے ہیں۔ والدین سمجھتے ہیں کہ وہ اولاد کا مستقبل بنا رہے ہیں، مگر کبھی کبھی وہ صرف اپنی جمع پونجی منتقل کر رہے ہوتے ہیں۔ مستقبل رقم سے نہیں، صلاحیت، کردار اور ذمہ داری سے بنتا ہے۔ اگر والدین اپنی ضرورت کا سرمایہ بھی ختم کر کے بچوں کو دے دیں تو آنے والے وقت میں دونوں نسلیں ایک ہی مالی بحران کی زد میں آ سکتی ہیں۔
ریٹائرمنٹ کے بعد کاروبار شروع کرنا بھی لازماً غلط فیصلہ نہیں، مگر یہ ضرور سوچنے کی بات ہے کہ کیا تجربہ اور شوق، کاروباری صلاحیت کا متبادل ہو سکتے ہیں؟ ایک شخص نے تیس سال کسی ادارے میں بہترین ملازمت کی ہو تو ضروری نہیں کہ وہ کاروبار بھی اتنی ہی کامیابی سے چلا سکے۔ ملازمت اور کاروبار کی نفسیات، خطرات، فیصلے اور ذمہ داریاں مختلف ہوتی ہیں۔ ریٹائرمنٹ کی رقم کو کاروباری تجربہ حاصل کرنے کی فیس بنا دینا دانش مندی نہیں۔ اگر کاروبار کا شوق ہے تو محدود سرمائے سے آغاز، مکمل تحقیق اور واضح نقصان برداشت کرنے کی حد مقرر کرنا زیادہ محفوظ راستہ ہے۔اصل مسئلہ شاید پیسہ نہیں، پیسے کے بارے میں ہماری تربیت ہے۔ ہم بچوں کو پڑھاتے ہیں، ڈگریاں دلواتے ہیں، نوکری کے لیے تیار کرتے ہیں، مگر مالی فیصلوں کی تعلیم نہیں دیتے۔ ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ تنخواہ کیسے حاصل کرنی ہے، لیکن یہ نہیں معلوم ہوتا کہ اسے کیسے محفوظ رکھنا ہے۔ ہم دولت کمانے کے طریقے ڈھونڈتے ہیں، دولت بچانے اور اسے نسلوں تک منتقل کرنے کی حکمت کم سیکھتے ہیں۔ شاید اسی لیے ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والی رقم بہت سے لوگوں کے لیے نعمت بننے کے بجائے ایک ایسا امتحان بن جاتی ہے جس کے لیے وہ کبھی تیار ہی نہیں ہوئے تھے۔
دانش مندی یہ نہیں کہ انسان ریٹائرمنٹ کے بعد پیسہ خرچ ہی نہ کرے۔ آخر سرمایہ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہے، زندگی کو سرمایہ جمع کرنے کی مشق بنانے کے لیے نہیں۔ مگر لطف اور لاپروائی میں فرق ہے۔ اپنے لیے مناسب گھر، سفر، صحت، کتاب، دوستوں اور پسندیدہ سرگرمیوں پر خرچ کرنا زندگی کا حق ہے، لیکن پوری بنیاد کو ہی ختم کر دینا مستقبل سے دشمنی ہے۔ بہتر راستہ یہ ہے کہ سرمایہ محفوظ رکھا جائے، اخراجات اپنی استطاعت کے مطابق ہوں اور اپنی مالی ضروریات کے لیے دوسروں پر مکمل انحصار نہ کیا جائے۔ریٹائرمنٹ دراصل آرام کی منزل نہیں بلکہ زندگی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ اس باب میں عہدہ نہیں ہوتا، دفتر نہیں ہوتا، ماہانہ تنخواہ نہیں ہوتی۔۔۔ صرف انسان، اس کی صحت، اس کے رشتے اور اس کے فیصلے ہوتے ہیں۔ اگر انسان نے اپنی محنت سے سرمایہ بنایا ہے تو اسے اپنی سمجھ سے محفوظ رکھنا بھی اسی ذمہ داری کا حصہ ہے۔ کیونکہ مالی تباہی ہمیشہ کسی ڈاکو کے حملے سے نہیں آتی، کبھی کبھی وہ غلط فیصلے، جذباتی محبت، لالچ، جلد بازی اور اپنی ہی بے احتیاطی کے راستے گھر میں داخل ہوتی ہے۔رقم کا ہاتھ میں آ جانا مالی تحفظ نہیں، اصل تحفظ یہ ہے کہ وہ رقم زندگی کے آخری مرحلے تک انسان کی خود مختاری برقرار رکھے۔ شاید ریٹائرمنٹ کی سب سے بڑی تیاری جمع پونجی نہیں۔۔۔اس پونجی کو سنبھالنے کی عقل ہے۔


