بارشوں کے موسم میں/ سراجی تھلوی

بارشوں کے موسم میں
تم کو یاد کرنے کی
عادتیں پرانی ہیں!
اب کی بار سوچا تھا
عادتیں بدل ڈالیں
پھر خیال آتا ہے
عادتیں بدلنے سے
بارشیں نہیں رکتیں!

143 صفحات پر پھیلی ثریا شہاب صاحبہ کی یہ کتاب “بارشوں کے موسم میں” سنگِ میل پبلی کیشنز، لاہور سے سن 2000ء میں شائع ہوئی ہے۔ مجھے بارشوں کے موسم میں ہی بالاستیعاب اس کتاب کے مطالعے کا اتفاق ہوا۔ کتاب میں تسلسل اور روانی ہی ایسی تھی کہ ایک ہی نشست میں ختم کرکے ہی دم لیا۔

اس ناول کا مرکزی کردار “سحر” نامی لڑکی ہے، جس کے گرد دو تہذیبوں اور تمدنوں کا ٹکراؤ ہوتا ہے۔

سحر جوانی کے جوش میں کچھ کر گزرنے کے لیے لندن کا سفر کرتی ہے۔ جب اس کی ماں لندن جانے کی تیاری کے لیے کہتی ہیں تو وہ ماں سے کہتی ہے: “ماں! میں یہاں کچھ چھوٹے موٹے کورسز کر لوں گی۔ آپ یہ پیسے بھائی سرمد پر خرچ کریں۔” لیکن اس کی ماں کہتی ہیں: “تم جب کامیاب ہوکر لوٹو گی تو اپنے بھائی کے لیے کچھ کر لینا۔” یہی بات یہ لڑکی اپنے پلو سے باندھ لیتی ہے۔

سحر کی ماں کراچی میں رہتی ہیں اور منصور کے والدین سے ان کے مراسم اور آنا جانا رہتا ہے۔

منصور اور سحر دونوں بچپن سے کھیل کود، ہزار شوخیاں کرتے اور اسکول ایک ساتھ آتے جاتے ہیں۔ گزرتے سمے کے ساتھ دونوں کے درمیان محبت کی چنگاری بھڑک اٹھتی ہے۔ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ زندگی گزارنے کے خواب دیکھنا شروع کردیتے ہیں۔

سحر کے والد کی وفات کے بعد منصور کے گھر والوں کا آنا جانا کم ہوجاتا ہے۔

پھر اچانک منصور کراچی سے اسلام آباد منتقل ہوجاتا ہے اور سحر کی دوست روبی ان دونوں کے درمیان غلط فہمی کی بنیاد ڈال دیتی ہے۔

سحر کراچی سے چھے مہینے کا کورس کرنے نکلتی ہے۔ انگریزی زبان کا کورس مکمل کرنے کے بعد اسی انسٹیٹیوٹ میں، جو ایک ٹریڈ کالج تھا، اسے داخلہ مل جاتا ہے۔ یہ ایک بڑا سا ادارہ تھا جہاں مختلف کورسز کرائے جاتے تھے۔ اس دوران ان دونوں کے درمیان خطوط کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے۔ وہ اپنے خطوط میں لندن کی سخت زندگی کا تذکرہ کرتی ہے۔ یہاں اکیلی کتابی کیڑا بننا ممکن نہیں، لوگ مذاق اڑاتے ہیں۔

منصور لکھتے ہیں: “تمہارا قیام تو طویل ہوتا جا رہا ہے۔ تمہارا تو بڑا دل لگ گیا ہے۔ دیکھو، خبردار کسی سے دل نہیں لگانا۔ جلدی جلدی پڑھائی ختم کرکے واپس آ جاؤ۔”

یوں لندن کی رنگین فضا میں وہ مختلف رنگ و نسل کے لوگوں سے آشنا ہوجاتی ہے۔ ایک عرب لڑکا احمد اس کی زندگی میں آجاتا ہے، لیکن وہ منصور کی محبت دل میں رکھ کر اس سے دور ہوجاتی ہے۔

یوں مرورِ زمانہ کے ساتھ منصور اور سحر کے درمیان خط و کتابت کا سلسلہ بھی ٹوٹ جاتا ہے۔

لندن کی سرد و خنک فضا میں گزرے ایام کو یاد کرتی سحر ایک دن مکان کی مالکہ سے ملنے ان کے کمرے میں داخل ہوتی ہے، جہاں وہ سلائی کا کام کرتی ہیں۔ تو اچانک انہیں غیر معمولی حالت میں دیکھ کر وہاں سے دور کسی کیفے میں چلی جاتی ہے۔ سراسیمگی کے عالم میں مبہوت دیکھ کر ایک شخص اس سے پوچھتا ہے کہ آپ کہاں سے ہیں؟ یوں اس کیفے میں اتفاقی ملاقات سے شروع ہونے والی آشنائی بعد میں شادی پر منتج ہوتی ہے۔ اس شخص کا نام جیمز ہے۔

جیمز لندن ہی کے باسی تھے۔ ان کے والدین کے درمیان جدائی تھی، جس کی وجہ سے وہ ایک انہونی محبت کے طلبگار اور محرومیوں کا شکار شخص تھے، جن کے نہاں خانوں میں ایک کمی تھی۔ جیمز اپنے سنگت میں ایک بااخلاق اور ملنسار شخص تھے۔ ان کی ظاہری خوش اخلاقی و خوش جمالی دیکھ کر سحر بھی متاثر ہوئی۔

سحر نے اپنی والدہ کو خط لکھا کہ میں اس طرح کے کسی لڑکے سے شادی کرنا چاہتی ہوں، آپ کی کیا رائے ہے؟ اس کی ماں کا جواب بڑا مختصر تھا: “دیکھنے میں اچھا ہے۔ بیٹی! سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا، میں تمہیں منع نہیں کروں گی۔ دل کی بستی بار بار بسایا نہیں کرتی۔”

یوں یہ شادی کچھ مہینے خوبصورتی اور رومانیت سے بھرپور چلتی ہے، لیکن آہستہ آہستہ اس خوش نما تہذیب و تمدن کا پردہ سرکتا چلا جاتا ہے، جہاں اخلاقی قدروں کی کوئی اہمیت نہیں۔

زندگی کی گاڑی چلانا اس ماحول میں نہایت مشکل ہوتا چلا جاتا ہے۔ کریڈٹ کارڈ، قرضوں اور نمود و نمائش کے بوجھ تلے دبی زندگی سے تنگ آکر سحر جب نوکری کرنا چاہتی ہے تو ہر جگہ سے رد ہوتی ہے، کیونکہ کورس کی تکمیل بھی نہیں ہوئی تھی۔ یوں ایک دن کسی مارکیٹ میں اسے سیلز گرل کی نوکری مل جاتی ہے۔ سحر رات کو ڈیوٹی پر جاتی ہے اور جیمز دن کو۔ مہینوں ان کے درمیان نہ کوئی نشست ہوتی ہے، نہ سیر و تفریح اور نہ ہی کوئی شاپنگ۔

ایک مشینی زندگی، تصنع سے بھرپور زندگی کے علاوہ کچھ نہیں۔

ایک دن جیمز کی ماں، جو ایک کاروباری خاتون تھیں، جیمز کو اپنے کاٹیج میں بیس دن چھٹیاں منانے کے لیے آنے کو کہتی ہیں۔

سحر اور جیمز دونوں ایک تھکن سے بھرپور زندگی سے کچھ دیر سستانے کے لیے وہاں چلے جاتے ہیں۔ جیمز سحر کو وہاں کے مختلف کھانوں سے لطف اندوز کراتے، مختلف جگہوں پر گھماتے اور سمندر کنارے فکرِ دنیا سے کچھ دیر لاتعلق ہوکر مستیاں کرتے ہیں۔ ایک دن جیمز اپنے سابقہ دوستوں سمیت ایک پارٹی رکھتے ہیں۔ تمام شب اخلاقیات کی پامالی اور مست و بے خودی کا منظر دیکھ کر اس تہذیب و تمدن کی بھیانک حقیقت سحر کے سامنے کھل کر آجاتی ہے۔

پھر وہ اچانک واپس پاکستان آنے کا فیصلہ کرتی ہے۔

لیکن چھے مہینے کا دورانیہ اتنا طویل ہوجاتا ہے کہ پلٹ کر پیچھے دیکھتی ہے تو دس سال کا عرصہ گزر چکا ہوتا ہے۔

دس سال بعد کراچی کی خستہ حالی اور اپنوں کی بے رخی دیکھ کر وہ چونک جاتی ہے۔

ماں کو فوت ہوئے عرصہ گزر چکا ہوتا ہے۔ بھائی سرمد کراچی کے مختلف گروہوں کی بھینٹ چڑھ چکا ہوتا ہے۔

بھائی کو تلاش کرکے مسز چغتائی کی توسط سے اسے انگلینڈ بھجوا دیا جاتا ہے۔

اور وہ خود ایبٹ آباد کے نزدیک اپنے آبائی بنگلے میں کچھ مہینوں کے لیے چلی جاتی ہے۔

وہاں گل نواز خان اس بنگلے کا چوکیدار ہے۔ کبھی کبھی اس کی گل نواز خان کی بیوی اور بیٹی نعمت سے ملاقات ہوتی ہے۔

ایک دن نعمت کا منگیتر خطاب گل اپنی بستی میں گر کر زخمی ہوجاتا ہے۔

سحر خود اسے لے کر اسلام آباد جاتی ہے۔

ہسپتال میں اچانک منصور سے ملاقات ہوجاتی ہے، جو اب ڈاکٹر منصور بن کر وہاں ڈیوٹی دے رہا ہوتا ہے۔
لاکھ منہ چرانے کی کوششوں کے باوجود اس ہسپتال میں سحر اور منصور کا بار بار ٹکراو ہوتا ہے۔وہاں منصور سحر کو کیفے میں چاے کی دعوت دیتا ہے۔
بھاپ اڑاتی چاے کی چسکیوں میں زندگی کی تلخیوں کو بھی اندر انڈیلتے ہوئے دونوں گزرے ایام ،وعدوں کو یاد کرتے ہیں۔دونوں غلط فہمیوں کی بنیاد پر ایک دوسرے سے شکوہ کناں ہیں۔وہاں پر حقیقت منکشف ہو جاتی ہے کہ روبی نے جو کچھ سحر کو بتایا انکی کوئی حقیقت نہیں تھی۔
یہ صرف کہانی نہیں۔بلکہ زندگی کی حقیقتوں کی عکاسی ہے۔دو تہذیبوں کے درمیان ٹکراو کی کیفیت سے پیدا ہونے والی زہنی ازیتوں کا تذکرہ بھی ہے۔
اس ناول میں دو اہم تہذیب و تمدن کو سمجھنے کی کوشش کی ہے۔
ایک طرف مشرقی اقدار ،تہذیب و تمدن جہاں خاندان کی اہمیت نہایت واضح ہے۔ماں ،باپ ،بہن ،بھائی کا تصور ہے۔انکے حقوق کی پاسداری ضروری ہے۔
جہاں ایک بھائی ،باپ کے کاندھے پر بہنوں کی حفاظت و کفالت کی ذمہ داری بھی ہے۔
دوسری طرف مغربی تہذیب و تمدن جہاں ترقی کے نام پر اخلاقی قدروں کی پامالی ،خاندانی نظام کی پامالی ،نمود و نمائش کے پردے میں اپنوں سے بیزاری ،شراب و کباب، مخلوط رقص و سرود کی محفلوں میں عورت کی بے حرمتی واضح ہے۔اس نظام زندگی میں انسان مشین بن کر رہ جاتا ہے۔
ساتھ ساتھ اس ناول میں وقت کی بے رحمی کو واضح کیا ہے۔
یہ اس کتاب کے مطالعے کے بعد ماحصل تلخیص و مختصرہ تبصرہ ہے۔اتفاق ضروری نہیں۔

عادتیں بدلنے سے بارشیں نہیں رکتی۔۔

اپنا تبصرہ لکھیں