اگر آزادی انسانی کیفیت ہے تو اسے سیاسی، نسلی، قومی اور نظریاتی شناختوں کے ساتھ اس طرح کیوں وابستہ کر دیا گیا کہ انسان آزادی حاصل کرنے کے نام پر نئی غلامیاں، نئی تفریقیں اور نئے تصادم تخلیق کرنے لگتا ہے؟
عام طور پر آزادی کو تین مختلف سطحوں پر سمجھنے کی کوشش کی جاتی ہے،1)سیاسی آزادی: کسی بیرونی یا داخلی سیاسی قوت کے غیر منصفانہ تسلط سے نجات۔2) سماجی آزادی: معاشرتی جبر، امتیاز، خوف اور غیر مساوی پابندیوں سے نجات۔3) باطنی آزادی: اپنے خوف، تعصبات، خواہشات، نفرتوں، احساسِ کمتری اور ذہنی وابستگیوں کو پہچاننے اور ان سے مغلوب نہ ہونے کی صلاحیت۔
لیکن ان تینوں سے بھی زیادہ بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا آزادی کسی ایسی آخری منزل کا نام ہے جہاں پہنچ کر انسان ہر قسم کی پابندی سے آزاد ہو جاتا ہے؟
میرا خیال ہے کہ ایسا نہیں۔
انسان ہمیشہ کسی نہ کسی تعلق، ضرورت، ذمہ داری، فطری حد یا اخلاقی اصول کے اندر زندگی گزارتا ہے۔ لہٰذا آزادی کا مطلب ہر قسم کی حد سے نجات نہیں بلکہ ان حدود کے اندر اپنے شعور کی تشکیل اور انتخاب کی صلاحیت کو برقرار رکھنا ہے۔ آزادی شاید کسی سیاسی نظریہ کا نام نہیں بلکہ اپنے وجود، انتخاب اور تعلقات کے بارے میں شعوری کیفیت کا نام ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ ہر انسانی معاشرہ باہمی احتیاج پہ قائم ہوتا ہے یعنی انسان اپنی فطرت، بقا، شناخت، محبت، علم، معاش اور جذبات کے لیے دوسرے انسانوں کا محتاج ہے، تو پھر آزادی کا مطلب اپنی ہی جیسے دوسروں سے نجات حاصل کرنا کیوں سمجھا جاتا ہے؟ کیا ایسی آزادی ممکن بھی ہے جس میں انسان اپنے انسانی رشتوں اور اجتماعی وجود سے کٹ جائے؟
میرے خیال میں اس سوال کا جواب دینے کے لیے ہمیں آزادی کے تصور میں بنیادی تبدیلی کرنا ہوگی، یعنی آزادی نہیں بلکہ باہمی وابستگی میں خودمختاری لیکن خود مختیاری کا تصور بھی کوئی حقیقی وجود نہیں رکھتی یہ بھی آزادی کی مانند محض احساس فریب ہے۔
کیونکہ انسان بنیادی طور پر محتاج وجود ہے، انسان پیدا ہوتے ہی دوسروں کا محتاج ہوتا ہے۔ وہ اپنی غذا، تحفظ، تربیت، زبان، شناخت اور شعور تک خود تخلیق نہیں کرتا۔اس کی پوری شخصیت دوسرے انسانوں کے ساتھ تعلقات میں تشکیل پاتی ہے۔
ہم زبان کسی ایک فرد سے نہیں سیکھتے، علم کسی ایک ذہن کی پیداوار نہیں ہوتا، ہماری تہذیب کسی ایک انسان کی تخلیق نہیں اور ہماری شناخت بھی تنہائی میں وجود نہیں پاتی۔ حتیٰ کہ انسان کا ” آزادانہ” سوچنے کا شعور بھی اسے معاشرے، زبان اور اجتماعی تجربے سے حاصل ہوتا ہے۔ چنانچہ اس اعتبار سے انسان کی اصل فطرت تنہائی نہیں بلکہ باہمی وابستگی ہے اور یہی باہمی وابستگی،جسے ہم اجتماعی شعور کہتے ہیں، جو ایک دوسرے کا محتاج ہونے کے باوجود ہمیں آزادی کا ادراک فراہم کرتا ہے۔ یہ غیر معمولی توازن ذہنی فطرت کی اس اجتماعی سکیم کا حصہ ہے جس نے کائنات کی ہر چیز کو مختلف و منفرد ہونے کے باوجود باہم منسلک رکھا ہوا ہے۔
یہی وہ نقط ہے جسے سمجھنا ضروری ہے، کیا آزادی دراصل انسانی تعلقات سے فرار کا نام ہے؟
اگر آزادی کو ہر قسم کی وابستگی سے نجات سمجھا جائے تو پھر اس کا منطقی نتیجہ تنہائی ہوگا۔
شخصی آزادی کے اس تصور کا تجربہ یوروپ کر چکا ہے ،جس نے خاندانی نظام اور سماجی حفظ و مراتب کے فطری تال میل کو توڑ کر انسانوں کو پرہجوم تنہائی کے آشوب میں مبتلا کر دیا۔وہاں خاندان سے آزادی کا نتیجہ ذہنی انتشار اور اخلاقی زوال کی صورت میں سامنے آیا، جہاں کے صنعتی معاشروں نے اخلاق کی دھجیاں اڑانے کے بعد بے شناخت ہجوم کے لبادہ اوڑھ لیا۔ بلاشبہ برادری ہمارے تعلقات میں نظم پیدا کرتی ہے،جس سے وہ معاشرتی شعور وجود پاتا ہے ، جو تہذیب کا سرچشم بنتا ہے، اس لئے ارسطو نے کہا تھا” سیاست معاشرے کو متشکل کرنے والے طبقات کے مابین مفاہمت کا آرٹ ہے” ،یعنی معاشرے سے آزادی کا مطلب اس اجتماعی زندگی سے دوری ہے جس پہ ہمارا انفرادی وجود قائم ہے۔
سماجی روایات سے آزادی کا مطلب تاریخی تسلسل سے انقطاع ہے، اجتماعی شناخت سے آزادی کا مطلب اپنی سماجی تشکیل سے انکار ہے۔ لیکن کیا آزادی کے وہم باطل پہ مبنی انحراف انسان کو زیادہ مکمل بناتا ہے یا نفسیاتی ،فکری اور شعوری طور پر مضمحل کر دیتا ہے ؟
یہاں مجھے جرمن فلسفی مارٹن بوبَر کا تصور یاد آتا ہے، جس نے اپنی کتاب I and Thou میں انسانی وجود کو تعلق اور مکالمے کے تناظر میں سمجھایا۔اس کے فکر کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ انسان محض ایک الگ تھلگ وجود نہیں بلکہ اپنے اور دوسرے کے تعلق میں اپنی انسانیت کا اظہار کرتا ہے۔ ان کے مطابق دوسرا انسان ہماری آزادی کی لازمی نفی نہیں، بلکہ ہمارے انسانی وجود کی تکمیل کا بنیادی ذریعہ ہے۔کیونکہ باہمی احتیاج اور غلامی ایک چیز نہیں ہیں، ہم آزادانہ زندگی گزارنے کے لیے باہمی احتیاج کو معاشرتی نظام کی شکل میں ڈھال کر اپنی مشکلات کو آسان بناتے ہیں۔ یعنی ایک دوسرے کی ضرورت ایسی کرشماتی احتجاج ہے جو حیوانی جبلتوں کے حامل خود غرض انسانوں کو مقدس رشتوں کی بنیاد فراہم کرتی ہے، جسے ہم خاندانی نظام کہتے ہیں ، یہی خاندانی نظام معاشروں کی تشکیل کرتا ہے اور انہی معاشروں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے انسان قانون بناتے ہیں جنہیں نافذ کرنے کے لیے ریاست ڈھانچہ وجود پاتا ہے ۔ علی ہذالقیاس ! عقل نت نئے تجربات میں اس لئے الجھتی رہتی ہے کہ وہ جبلتوں کی آبائی آمادگی کو شعوری ہدایت کے تابع کر سکے، اس اعتبار سے باہمی احتجاج کو نوع انسانی کی سماجی ،سیاسی اور فکری اساس کی قوت محرکہ قرار دیا جا سکتا ہے۔
جیسے استاد اور شاگرد ایک دوسرے کے محتاج ہیں، مگر شاگرد استاد کا غلام نہیں ہوتا بلکہ وہ باہمی استفادہ کی شکل میں استاد کی تخلیقی صلاحیتوں کا قابل فخر شاہکار ہوتا ہے۔
جیسے میاں بیوی کا تعلق محض جنسی تسکین کی باہمی احتیاج پر مبنی نہیں بلکہ ایک صحت مند خاندان کی تخلیق کا فطری نظام مہیا کرتا ہے،جس کے ذریعے فطرت انسان کی اجتماعی بقاء کے تسلسل کو دوام دیتی ہے ،کیونکہ ہم فطرتا ایک دوسرے کے بغیر زندگی کو نامکمل محسوس کر سکتے ہیں، مگر ہم اس بندوبست کو ایک دوسرے کی شخصیت پر ملکیت نہیں کہتے بلکہ اس کی تفہیم محبت و مودت کے ان رشتوں میں کرتے ہیں جو انسان کے لئے جینے کا سہارا اور لذت خیال کے حصول کا سب سے موثر وسیلہ ہیں۔
اسی طرح شہری ریاست کی اطاعت کرتے ہیں، مگر ریاست شہریوں کے وجود اور اذہان کی مالک نہیں ہوتی بلکہ شہری اجتماعی طور پر ریاست کے وارث ہوتے ہیں۔اسی طرح ایک قوم دوسری قوموں کے ساتھ معاشی اور تہذیبی تعلقات کی محتاج ہے، مگر اس کا مطلب اپنی شناخت سے دستبرداری نہیں بلکہ یہ باہمی استفادہ کی ایسی اعلی ترین قسم ہے ، جو انسان کے توازن ذہنی اور اجتماعی وجود کے اندر ذہنی لچک اور جسمانی مہارتوں کے اظہار کو بیکراں میدان مہیا کرتی ہے۔
لہٰذا اصل مسئلہ آزادی کے وجوب کا نہیں، بلکہ باہمی احتیاج پہ مبنی نظام کے اندر طاقت اور اختیار کی غیر منصفانہ تقسیم کا ہے۔ گویا ہمیں آزادی کی نہیں بلکہ عدل و انصاف کی ضرورت ہے، جو ہمیں اپنے دائرہ ادراک سے باہر نہیں بلکہ اپنے نفس کے اندر مل سکتا ہے، شاید اسی لیے کنفیوشس نے کہا تھا ” اگر ریاست بدنظمی کا شکار ہو تو موزوں کام اس کی اصلاح کرنے کی بجائے اپنی زندگیوں کو فرض کی باقاعدہ ادائیگی وآلہ بنا لیجئے”۔ گویا باہمی احتیاج انسانوں کو جوڑتی ہے جبکہ بے انصافی ہمیں محکوم و مجبور کے احساسات دیکر منتشر کرتی ہے۔
آزادی کا منفی تصور اور خود مختیاری کی فطری حدود کیا ہیں؟ اس حوالے سے ایمانوئل کانٹ کا تصور خودمختاری کافی اہم ہے۔ ان کے نزدیک خودمختاری محض اپنی خواہشات کے مطابق چلنے کا نام نہیں بلکہ عقل اور اخلاقی اصولوں کی بنیاد پر اپنے عمل کی رہنمائی کرنے کی صلاحیت کا نام ہے۔
یعنی آزاد انسان وہ نہیں جو کسی کی بات نہ مانے بلکہ وہ ہے جو سمجھ بوجھ کے ساتھ یہ طے کر سکے کہ اسے کیا قبول کرنا ہے، کیا رد کرنا ہے اور اپنے فیصلوں کی ذمہ داری کیسے اٹھانی ہے۔
اس سے بھی زیادہ اہم سوال یہ ہے کہ کیا اجتماعی زندگی میں آزادی ممکن ہے؟ یہاں ایمانوئل لیوناس کی فکر بھی قابل غور ہے، جو دوسرے انسان کے ساتھ ہماری اخلاقی ذمہ داری کو بنیادی اہمیت دیتی ہے۔اس تناظر میں دوسرے انسان کی موجودگی ہماری آزادی پر پابندی نہیں لگاتی بلکہ ہمیں ذمہ دار بھی بناتی ہے۔ اخلاقیات کا وہ تصور جو ہمیں اشرف المخلوقات بناتا ہے، دراصل اجتماعیت کی پیداوار ہے، ہماری آزادی کا اخلاقی امتحان اس وقت ہوتا ہے جب ہمارے فیصلے کسی دوسرے انسان کی زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ مثلاً اگر مجھے اظہارِ رائے کی آزادی حاصل ہے تو کیا اس آزادی کے ساتھ دوسرے کی عزت اور انسانی وقار کا احترام بھی میری ذمہ داری نہیں؟
اگر مجھے اپنی ثقافت کے تحفظ کا حق حاصل ہے تو کیا دوسری ثقافتوں کے وجود کو تسلیم کرنا بھی ضروری نہیں؟
یہیں پر آزادی کی کیفیت اور انسانی ذمہ داری کا احساس ایک دوسرے میں مدغم ہو کر اخلاقیات کا جواز اور احترام انسانیت کا شعور پیدا کرتے ہیں۔
اب ہم آزادی کے تصور کو ایک دوسرے زاویے سے دیکھنا چاہتے ہیں۔
ول ڈیورانٹ نے لکھا کہ” آزادی کی پکار اس دل سے اٹھتی ہے جو خفیہ طور پر طاقت کا بھوکا ہوتا ہے” ممکن ہے اصل مسئلہ آزادی کا نہ ہو بلکہ آزادی کی ہماری تعریف کا ہو۔ آزادی کوئی سیاسی چیز نہیں بلکہ ایک کیفیت ذہنی ہے،جو ہماری روح کے ہنگاموں اور فساد کو ظاہر کرتی ہے، ہم نے آزادی کو اکثر کسی سے علیحدگی، کسی کے تسلط سے نجات اور اپنی الگ شناخت قائم کرنے کے ساتھ منسلک کرکے دیکھا ہے۔
حالانکہ انسانی زندگی کی بنیاد تعلق، اشتراک، تعاون، محبت، اعتماد اور باہمی احتیاج ہے۔
اس لیے شاید ہمیں آزادی کو تنہائی کے بجائے تعلقات کے اندر انسانی وقار اور خودمختاری کے طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔اس کی ایک متبادل فلسفیانہ تعبیر یہ بھی ہے کہ انسان کی تکمیل دوسروں سے علیحدگی میں نہیں بلکہ دوسروں کے ساتھ باوقار تعلق میں ہوتی ہے۔
حقیقی خودمختاری یہ نہیں کہ مجھے کسی کی ضرورت نہ رہے، بلکہ یہ ہے کہ میں اپنی ضروریات اور تعلقات کے باوجود اپنی شخصیت، انتخاب اور انسانی وقار برقرار رکھتے ہوئے خود کو دوسروں کے لیے مفید بنا سکوں اور کھلے دل کے ساتھ دوسرے انسان کو بھی یہی حق دے سکوں۔
آزادی کے مخمصے کی اگلی تہہ شاید ان دو امکانات میں سے کسی ایک سے متعلق ہو سکتی ہے
کیا آزادی کا پورا تصور ہی ایک انسانی مغالطہ ہے، کیونکہ انسان اپنی فطرت میں ایک دوسرے کا محتاج اور اجتماعی وجود ہے، یا ہم یہ سمجھتے ہیں کہ آزادی کا درست مفہوم انفرادی اور اجتماعی وجود کے درمیان ایسا توازن ہے جس میں نہ فرد اپنی انفرادیت کھوئے اور نہ معاشرہ افراد کو ایک دوسرے سے کاٹ کر تنہائی میں دھکیل دے۔
ہکسلے نے کہا تھا ” ہم اپنی آرزوؤں پر عمل کرنے میں تو آزاد ہیں لیکن اپنی آرزوؤں کے انتخاب میں آزاد نہیں ” میرے خیال میں آزادی کے ان متضاد تصورات کے درمیان فرق کو سمجھنا ہماری پوری بحث کو ایک نئی فلسفیانہ سمت دے سکتا ہے۔


