ہمیں اقبال سے کیا مسئلہ ہے؟ – انعام رانا

نو نومبر آئی، ہر سال آتی ہے۔ اور ساتھ ہی علامہ محمد اقبال کے بارے سوشل میڈیا پہ طرفین کے تماشا گیروں کی پوسٹیں بھی آ گئیں کہ اب وہ بھی ہر سال آتی ہیں۔ یہاں طرفین سے مراد پہلا تو وہی طبقہ ہے کہ جو اقبال کو قوالی کا شاعر بنائے دہائیوں سے جھومتا آ رہا ہے۔ اور دوسرا وہ اقلیتی طبقہ جسے کبھی اقبال کے پنجابی پن سے مسئلہ تھا تو اب ان کے قومی شاعر ہونے سے۔

اقبال کی یہ بدقسمتی رہی کہ وہ نئی نویلی ریاست پاکستان کے قومی شاعر بنا دیے گئے۔ ریاست بھی کیا کرتی کہ مختلف شناختوں، زبانوں والے مجمع کو قوم بنانے کے لیے ایسی نشانیاں ضروری ہوتی ہیں۔ مگر پھر ریاست کی شے پا کر ایسی ایسی مبالغہ آمیزی کی گئی کہ اقبال ہوتے تو حقے کی نے سے مارتے۔ اقبال مشرقی روایات اور مذہب سے بھی جڑے تھے تو نئی نویلی ریاست میں بونترے پھرتے ملا نے بھی فوراً ان کو گود اٹھا لیا۔ وہ شاعر جو “دینِ ملا فی سبیل اللہ فساد” کہہ رہا تھا، اب منبر سے جمعہ کے خطبے میں بیان ہونے لگا۔

دوسری جانب اقلیتی گروہ کو اقبال کے پنجابی پن پہ تو تاریخی غصہ تھا ہی، اقبال کے مشہور ہونے پہ بھی تلملاتے رہے تھے، مگر اب ان کے “حریف” نے اقبال کو اپنایا تو انہوں نے اسے مکمل مسترد کرنے کی ٹھان لی۔ زمانے اچھے تھے، سوشل میڈیا تھا نہیں، سو بات کچھ بن نہ سکی، بس غش کھا گئے۔ سوشل میڈیا آنے سے جہاں باقی بہت کچھ بگڑا، اس طبقے کے بچے کچھے آثار کی بھی سنی گئی۔ چنانچہ ہر سال یہ دو بار تقریبِ تبرّہ فرمانے لگے۔ بات مگر اب بھی بن نہیں رہی، غش کھا جاتے ہیں۔

اقبال پہ اعتراض اس قدر بچگانہ ہیں کہ ہنسی چھوٹ جائے۔ مگر صاحبو، آگے جین زی کا دور ہے، سو بہتر ہے کہ اقبال کو یاد کرتے رہا جائے۔ ایک صاحب ہر سال اک ہی پوسٹ مکرر عرض کر رہے ہیں، یعنی کہ اقبال کی شادیاں۔ شخصی آزادی کے پرستار، اقبال کی پہلی شادی خوش کیوں نہ تھی، دوسری اور تیسری کیسی تھی، کو لے کر یوں غش کھاتے ہیں جیسے اقبال کے سسرالی خاندان سے ہوں۔ ایک اور حضرت کو اقبال کے معاشقے نہیں بھولتے۔ اور اب تازہ الزام وظیفہ خوری کا ہے۔ البتہ ذرا سا کریدیں تو آئیں بائیں شائیں، ڈھول خالی نکلتا ہے گو بجتا بہت ہے۔

اقبال بھی آپ ہم سے انسان ہی تھے۔ زندگی کے مختلف ادوار سے گزرے۔ کبھی عشق کیا ہو گا، کبھی بیوی سے نہ بنی ہو گی، کبھی اولاد سے دکھ پہنچا ہو گا، کبھی دو گھونٹ بھی پی لیے ہوں گے یا کسی محفلِ نشاط میں بھی جا بیٹھے ہوں گے۔ انسانی کردار اور وہ بھی ایک تخلیق نگار کا ایسے ہی پروان چڑھتا ہے، بہتر ہوتا ہے۔ آپ کیا اب اس سے شاعر اقبال کا قد ناپیں گے؟ کیا اقبال نے کبھی خود کو زاہدِ خشک بنا کر پیش کیا تھا یا کہا تھا کہ میرا دربار بنانا؟

رہی بات وظائف کی تو کیسا بھونڈا حملہ ہے۔ اقبال نے تمام عمر محنت کی۔ پہلے پڑھایا، پھر وکالت کی، اپنی شاعری کی کتب خود شائع کر کے چار پیسے کمائے۔ ہاں، طبیعت میں درویشی تھی، سو منشی طاہر دین کو ہدایت تھی کہ ہزار روپے مہینہ سے زیادہ کا کام نہ پکڑیں کہ شاعر کی کم از کم ضرورت پوری ہو جاتی تھی۔ سن چونتیس میں جب عید کے دن آواز جاتی رہی تو رفتہ رفتہ وکالت چھوٹ گئی۔ اقبال نے حکومت سے مدد کی کوئی درخواست نہیں شائع کی۔ اقبال کے پرانے مداح نواب بھوپال نے سر راس مسعود کے توجہ دلانے پہ پانچ سو مہینہ کا وظیفہ پیش کیا۔ یہ واحد وظیفہ ہے جو فقط آخری چار سال لیا گیا۔ نواب حیدرآباد کا وظیفہ نہ صرف ٹھکرایا بلکہ اس پہ ایسی نظم بھی لکھ دی کہ نواب نے وظیفے کی تجویز دینے والے کو لٹا لیا ہو گا۔ کیمبرج سے پڑھے اور بیرسٹر اقبال ریاست بہاولپور کے کئی سالوں سے قانونی مشیر تھے اور “ریٹینر” ملتا تھا جو وکالت میں عام ہے۔ اور لوگ ہیں کہ کھلے منہ تہمت لگاتے ہیں کہ “ساری عمر کام نہ کیا اور ریاستوں کے وظیفوں پہ پلتے رہے”۔

اصل مسئلہ ہے کہ ہم سے “ہیرو” برداشت ہی نہیں ہوتا۔ آپ تاریخ دیکھ لیجیے، ہم ہمیشہ مشہور اور بڑے کی تذلیل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، کیونکہ ہم خود نہیں ہوتے۔ بونے قدآوروں کی لاشوں پہ کھڑے ہو کر بڑا دکھنے کی کوشش کرتے ہیں مگر منہ کے بل گر جاتے ہیں۔ اقبال نے کس ماحول میں جنم لیا، غلامی کی زنجیر، انگریز کا جابر نظام، کمپنی کی حکومت سے ملکہ وکٹوریہ کی عافیت میں آئی ہندوستانی عوام، پنجاب میں اردو اور فارسی کا چلن اور مسلم قوم میں موجود احساسِ محرومی اور معزولی کو جب تک ہم اس وقت کے تناظر میں رکھ کر نہیں سمجھیں گے، نہ ہمیں سر سید سمجھ آئیں گے، نہ حسین احمد مدنی، نہ جناح اور نہ ہی اقبال۔

اقبال پاکستان بننے کی وجہ سے نہ شاعر بنے، نہ مشہور ہوئے۔ وہ اپنی زندگی میں ہی ایک ایسا مقام پا چکے تھے کہ ہندوستان متحد رہتا یا تقسیم، اقبال کو تاریخ کے پنوں میں زندہ ہی رہنا تھا۔ اپنی زندگی میں ہی اقبال ہندی، فارس اور افغانستان میں بھی مقبول ہو چکے تھے اور آج بھی ہیں۔ اقبال نے جس مقصد کے لیے شاعری کی، وہ اس میں اس قدر کامیاب تو ضرور رہے کہ سوئی ہوئی محفل میں شور و غل مچ گیا۔ اور بطور شاعر وہ کیسے تھے، اس کے لیے ہمیں دورِ جدید کے بڑے شاعر فیض کی گواہی ہی کافی ہے۔

سجنو، آپ ہر سال اقبال کے نقاب کے تار گنتے گنتے خاک ہو جائیں گے، وہ البتہ آئندہ کئی نسلوں کے لیے مزید ریلیونٹ ہوتا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں