دانشگاہ امام خمینی و جامعة المصطفی کراچی” یاد کے دریچوں سے/ سراجی تھلوی

کراچی، جہاں لڑکپن اور جوانی کی یادیں مدفون ہیں۔ کتنی سُرمئی سرد شامیں سمندر کنارے گزاریں، کتنی اُداس راتیں بھاپ اُڑاتی کڑک چائے کے ساتھ زندگی کی تلخیوں کو بھی پیتے ہوئے کٹیں۔ یہ آوارہ گرد پہاڑی لڑکا علم و دانش کے سلسلے میں ’’دانشگاہ امام خمینی‘‘ میں داخل ہو جاتا ہے۔
گلستانِ جوہر جیسے پوش علاقے میں موجود یہ مادرِ علمی، جہاں زندگی کے حسین ایام گزارے۔

بقول ناصر کاظمی:

یاد کے بے نشاں جزیروں سے
تیری آواز آ رہی ہے ابھی
کے علاوہ بچا ہی کچھ بھی نہیں۔
ایک طبقے میں جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ، دوسرے میں دانشگاہ امام خمینی۔
ایک طرف خواہران کی عمارت!
کوئی انجان شخص پہلی نظر میں دیکھے تو اسے ایک سرسبز پارک یا کوئی باغیچہ لگے، جہاں ترتیب سے سجے پھولوں کی مہک محبت کی صدا دیتی ہے۔ وہاں کھجور کے درخت صحرائے عرب کی یاد دلاتے ہیں۔
عمارت کیا ہے؟ ایک شاہکار، جہاں ایرانی فنِ تعمیر کی جھلکیاں دیکھنے والوں کو حیرت میں ڈال دیتی ہیں۔
اُف! وہ کتب خانہ، جہاں سے تفسیر و حدیث سے لے کر ادب و فلسفے کی باریکیوں تک سے آشنائی ہوئی۔
جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کراچی کا کتب خانہ میرے ذوقِ مطالعہ کو بڑھانے کا پیش خیمہ تھا۔ غالب و میر کی سہیلی، اردو سے محبت مجھے جب سے لفظوں کی پہچان ہوئی، تب سے تھی۔ اس مادرِ علمی میں آنے کے بعد یہاں کی لائبریری نے اس بھڑکتی محبت کی آگ کو مزید جلا بخشی۔ یوں میری کتنی راتیں اس کتب خانے کی نذر ہوئیں۔
جوش ملیح آبادی کی کتاب ’’یادوں کی بارات‘‘ سے لے کر جمیل جالبی کی ’’تاریخِ ادبِ اردو‘‘، علامہ طباطبائیؒ کی تفسیر ’’المیزان‘‘ سے لے کر علامہ نقن کی ’’فصل الخطاب‘‘ تک، فروغ کاظمی کی کتابوں سے لے کر علامہ ہندی تک سے آشنائی اسی کتب خانے کی مرہونِ منت ہے۔ یہ انہی طویل راتوں کی کہانی ہے۔
شہید مطہری کی کتابوں سے آشنائی بھی یہیں سے ہوئی۔ خصوصاً ’’حماسہ حسینی‘‘ کا نہایت شوق سے مطالعہ کیا۔
بعض اوقات اس شوقِ مطالعہ کی تکمیل کے لیے ہم کراچی یونیورسٹی بھی چلے جاتے تھے۔
مادرِ علمی سے بالکل نزدیک، پی آئی اے گراؤنڈ کے عین عقب میں اہلِ سنت والجماعت، غالباً دیوبندی مسلک کا ایک بہت بڑا ادارہ ’’مدرسہ ابن عباس‘‘ واقع ہے۔ اس کے مکتب سے کتنی قیمتی کتابوں کا حصول ممکن ہوا۔ بلکہ پہلی بار ’’حیات مفتی اعظم‘‘، مفتی شفیع دیوبندی صاحب، جو تفسیر ’’معارف القرآن‘‘ کے مصنف ہیں، کے احوالِ زندگی پر مشتمل کتاب یہیں سے خرید کر پڑھی، جو ان کے بڑے بیٹے مفتی رفیع عثمانی کے رشحاتِ قلم سے ہے۔
پاکستان کیفے سے لے کر کانٹی نینٹل تک، جوہر موڑ سے لے کر صفورا تک، فرحان بریانی سے لے کر اسٹوڈنٹ بریانی تک، کامران چورنگی سے لے کر سماما تک، دانشگاہ امام خمینی اور جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کے دورِ طالب علمی کی یادیں ہیں۔
بات نکلے گی تو پھر دور تلک جائے گی۔
لوگ بے وجہ اُداسی کا سبب پوچھیں گے۔۔۔

یادوں کا ایک طویل سلسلہ آنکھوں کے سامنے رقصاں ہے۔ ان یادوں کے حصار میں آہوں کے سوا کچھ بھی نہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں