بہت جلد جنگی مجرم ٹھہرائے جانے کے خطرہ سے دوچار امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد اگرچہ خود ان کی اپنی جماعت ریپبلکن پارٹی کے رکنِ ایوانِ نمائندگان تھامس میسی نے 9 نومبر کو پیش کی تھی۔ تاہم 10 نومبر کو ووٹنگ کے وقت اسے ناکام بنانے میں مخالف سیاسی جماعت ڈیموکریٹس کے 11 اراکین کی غیر حاضری نے بنیادی کردار ادا کیا تھا۔ ان تمام 11 اراکین کو صیہونی فنڈنگ لابی ایپاک (AIPAC) اور اس کی ملحق لابیوں سے ملنے والی مالی مدد کو پیٹ ہیگستھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد پر ووٹنگ کے وقت غیر حاضر رہ کے اسے مواخذہ سے بچانے کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
۔
تحقیقاتی جریدوں اور ذرائع ابلاغ بشمول ایکسیوس، ڈراپ سائٹ نیوز، دی نیو ریپبلک اور کامن ڈریمز کے مطابق، ووٹنگ کے وقت ان میں سے کئی اراکین “الیکٹ ڈیموکریٹک ویمن” نامی تنظیم کی ایک استقبالیہ تقریب میں شریک تھے۔ اس تنظیم سے منسلک فنڈ کا سب سے بڑا ڈونر یونائیٹڈ ڈیموکریسی پروجیکٹ ہے جو براہِ راست امریکی اسرائیل پبلک افیئرز کمیٹی کا ایک بااثر سپر پی اے سی ہے۔ دوسری جانب، تقریب میں شرکت کی تصدیق کرنے والے بعض اراکین بشمول جولیا براؤنلی اور برٹنی پیٹرسن نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ واپسی پر شدید ٹریفک جام اور دیگر ناگزیر وجوہات کے باعث بروقت ایوان میں نہیں پہنچ سکے تھے۔
۔
اس واقعے کے بعد امریکی میڈیا اور ترقی پسند حلقوں میں یہ بحث شدت اختیار کر گئی ہے کہ آیا ان اراکین کی غیر حاضری صرف ایک اتفاق تھی یا اس کے پس پردہ انتخابی فنڈنگ کے روابط کارفرما تھے۔ انتخابی مالیاتی ریکارڈز کے مطابق، غیر حاضر رہنے والے 11 میں سے 10 ڈیموکریٹک اراکین کو AIPAC یا اس کے اتحادی Super PAC وغیرہ سے مختلف اوقات میں نمایاں مالی معاونت ملتی رہی ہے، جن میں ہیلی سٹیونز کو تقریباً 11 لاکھ 70 ہزار ڈالرز، لورا گلین کو تقریباً 4 لاکھ 67 ہزار ڈالرز، مارلن سٹرکلینڈ کو تقریباً 2 لاکھ 91 ہزار ڈالرز، سٹیون ہارسفورڈ کو تقریباً ایک لاکھ 86 ہزار ڈالرز، برٹنی پیٹرسن کو تقریباً 72 ہزار ڈالرز، جولیا براؤنلی کو تقریباً 63 ہزار ڈالرز، لوئس کوریا کو تقریباً 54 ہزار ڈالرز، فریڈریکا ولسن کو تقریباً 33 ہزار ڈالرز، کئی سالوں تک امریکی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر رہنے والی نینسی پلوسی کو تقریباً 15 ہزار ڈالرز اور جوناتھن جیکسن کو تقریباً 13 ہزار ڈالرز کی مالی معاونت شامل ہے۔ البتہ ان 11 میں سے میلانیہ اسٹینسبری کو ان ریکارڈز کے مطابق براہِ راست AIPAC سے فنڈنگ نہیں ملی، اگرچہ دیگر حامی پلیٹ فارمز سے ان کے مالی روابط موجود رہے ہیں۔
۔
امریکی آئین میں مواخذہ صرف سینیٹ سے برطرفی تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس کے دو الگ مراحل ہیں۔ پہلا مرحلہ ایوانِ نمائندگان میں فردِ جرم عائد کرنا ہے؛ جنوری 2027ء میں جب ڈیموکریٹس ایوانِ نمائندگان کا کنٹرول سنبھالیں گے، تو وہ سادہ اکثریت سے ٹرمپ، پیٹ ہیگسیتھ، مارکو روبیو یا اسکاٹ بیسنٹ کے خلاف باقاعدہ مواخذے کی قرارداد منظور کر سکتے ہیں۔ تاریخ میں اس عمل کو بھی مواخذہ ہو جانا ہی کہا جاتا ہے۔ دوسرا مرحلہ سینیٹ میں ٹرائل اور برطرفی ہے، جہاں کسی بھی عہدیدار کو عہدے سے ہٹانے کے لیے دو تہائی اکثریت یعنی 67 ووٹ درکار ہوتے ہیں۔ چونکہ سینیٹ میں ریپبلکن پارٹی کے پاس خاطر خواہ نشستیں ہیں، اس لیے جب تک کم از کم 11 سے 15 ریپبلکن سینیٹرز پارٹی لائن توڑ کر ووٹ نہ دیں، سینیٹ کے ذریعے برطرفی آئینی طور پر ممکن نہیں ہوتی۔
۔
اگر سینیٹ میں 67 ووٹ پورے نہ ہونے کی وجہ سے برطرفی نہ بھی ہو سکے، تب بھی جنوری 2027ء کی نئی کانگریس اور عالمی اداروں کے پاس ان افراد کو گھیرنے اور ان کے جنگی و مالی اقدامات کو روکنے کے لیے 4 بڑے راستے موجود ہیں۔ اول یہ کہ ایوانِ نمائندگان میں اکثریت ملنے کے بعد ڈیموکریٹس کے پاس پینٹاگون، محکمہ خارجہ اور محکمہ خزانہ کی خفیہ فائلیں طلب کرنے کا قانونی اختیار آ جائے گا اور میناب اسکول حملے کی جو تحقیقاتی رپورٹ مڈٹرم انتخابات سے پہلے دبائی گئی تھی، کانگریس اسے زبردستی پبلک کروا سکتی ہے۔ دوئم یہ کہ آئین کے تحت کسی بھی جنگ یا فوجی ناکہ بندی کے لیے پیسہ جاری کرنے کا اختیار صرف ایوانِ نمائندگان کے پاس ہوتا ہے، لہٰذا نیا ایوان فنڈز روک کر انتظامیہ کے ہاتھ باندھ سکتا ہے۔ سوئم یہ کہ کانگریس صدر کی اجازت کے بغیر جاری فوجی کارروائیوں کو ختم کرنے کے لیے جنگی اختیارات کی قرارداد منظور کر سکتی ہے۔ چہارم یہ کہ اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور بین الاقوامی فوجداری عدالت میں میناب اسکول جیسے واقعات پر جنگی جرائم کے مقدمات درج کیے جا سکتے ہیں جس سے ان عہدیداروں کا سفارتی استثنیٰ اور سفر متاثر ہوتا ہے۔
۔
مختصراً یہ کہ سینیٹ میں دو تہائی اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں فوری طور پر کرسی سے ہٹانا تو دشوار ہے، لیکن جنوری 2027ء کے بعد ایوانِ نمائندگان کے ذریعے مواخذے کی کارروائی، فنڈز کی بندش اور میناب اسکول سانحے کی خفیہ تحقیقات کو بے نقاب کرنے کے تمام قانونی دروازے کھل جائیں گے۔ یاد رہے کہ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف اس مواخذے کا پس منظر فروری 2026ء کے ان فوجی اقدامات سے جڑا ہے جن میں ایرانی رہبر سید علی خامنہ کو ان کی فیملی کے کئی ممبران سمیت شہید کرنے اور ایران کے شہر میناب کے شجرہ طیبہ اسکول پر حملے میں 160 سے زائد کم عمر طالبات کو میزائل حملوں سے قتل کر دینے جیسے اندوہناک واقعات شامل ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے فیکٹ فائنڈنگ مشن اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس پرائمری اسکول حملے کو انتہائی ظالمانہ جنگی جرم قرار دیا ہے جس پر عالمی سطح کے ساتھ ساتھ خود امریکی عوام کی طرف سے بھی شدید ترین تنقید کی جا رہی ہے۔
۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ تھامس میسی نے یہ قرارداد محض مڈٹرم انتخابات کے نتائج کے ردعمل میں پیش نہیں کی تھی بلکہ وہ ستمبر 2026ء میں بھی غیر قانونی فوجی کارروائیوں اور جنگی اختیارات کی قرارداد کی خلاف ورزیوں پر مواخذے کے 8 آرٹیکلز لانے کا ارادہ ظاہر کر چکے تھے۔ اس وقت ایوان کے اسپیکر مائیک جانسن نے کانگریس کا اجلاس قبل از وقت ملتوی کر کے رائے شماری روک دی تھی، جس کے بعد نومبر میں میسی نے بطورِ سبکدوش ہونے والے (Lame Duck) رکن اپنا یہ آئینی حق استعمال کیا۔
۔
بدقسمتی سے تھامس میسی خود مئی 2026ء میں کینٹکی کے ریپبلکن پرائمری انتخابات میں شکست کھا کر عام انتخابات کی دوڑ سے باہر ہو گئے تھے۔ غیر ملکی لابنگ اور فنڈنگ کے خلاف ان کے سخت موقف کی وجہ سے AIPAC اور اس کے اتحادی گروپس نے تقریباً 9 ملین ڈالر براہِ راست اور مجموعی طور پر 32 ملین ڈالر سے زائد کی خطیر رقم ان کے مدِمقابل امیدوار ایڈ گیلرین (Ed Gallrein) کی حمایت میں خرچ کی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سکہ بند پیروکار سابق نیوی سیل افسر ایڈ گیلرین نے پرائمری کے بعد نومبر 2026ء کے عام انتخابات میں بھی ڈیموکریٹک امیدوار میلیسا اسٹرینج اور لبرٹیرین امیدوار جیریمی ٹوڈ کو شکست دے کر کامیابی حاصل کر لی ہے اور وہ 3 جنوری 2027ء کو تھامس میسی کی جگہ پر ایوانِ نمائندگان میں نشست سنبھالیں گے۔
۔
جنوری 2027ء میں حلف اٹھانے والی کانگریس میں تھامس میسی اور مارجوری ٹیلر گرین کی عدم موجودگی کے بعد، ری پبلکن پارٹی کے اندر صیہونی فنڈنگ لابنگ اور بیرونی جنگوں کی مخالفت کرنے والی آوازیں نہایت محدود رہ جائیں گی۔ تاہم، ایریزونا سے دوبارہ منتخب ہونے والے ایلی کرین، فلوریڈا سے اینا پالینا لونا، اوہائیو سے وارن ڈیوڈسن اور ایریزونا سے پال گوسار جیسے چند قدامت پسند اور فریڈم کاکس سے وابستہ اراکین ایوان میں موجود رہیں گے، جنہوں نے اسرائیلی حمایت یافتہ لابیوں کی مخالفت کے باوجود اپنی نشستیں برقرار رکھی ہیں۔ توقع کی جا رہی ہے کہ مکمل طور پر اسرائیلی لابیوں کے اثر و رسوخ میں گھری ہوئی ری پبلکن پارٹی میں یہ چند آوازیں اسرائیل پرست خارجہ پالیسی کے خلاف آواز اٹھاتی رہیں گی۔


