“True creation requires divine restraint—stepping back so that humanity can be free to live, feel, and thrive independently.”
Sumerian god Enki.
وہ دیوتا کے پہلو میں سوئی تھی۔ جاگی تو دنیا اندھیر ہو چکی تھی۔ اِنکی جانے کب چھوڑ کر چلا گیا۔ جاتے وقت الوداع بھی نہیں کہا۔ دیوتا کے خلوت خانے میں میرے علاوہ کسی اور انسانی ہستی کا آنا جانا نہیں تھا۔ اس رات پورے زیگورات میں کوئی نہیں تھا۔ کس سے پوچھتی؟ وہ کہاں چلا گیا؟
اس کے بغیر کیسے زندہ رہ سکوں گی؟ من ڈوب ڈوب جاتا تھا کہ کیا غلطی ہوئی؟ تپسا میں فرق آ گیا یا قربانی نہیں بھائی؟ خالی مندر میں بھجن کی گونج تھی لیکن میرے وجود کو سہارا دینے والا الوہی نور غائب ہو چکا تھا۔ سارے منتر یاد تھے، لیکن من ڈولتا تھا کہ سحر کارگر نہیں ہوگا۔ لوگوں کو کیسے دلاسا دوں گی؟ کلیجے کی دکھن بڑھی تو چلا اٹھی، ’’ہمارا رکھوالا اِنکی! ہائے دلیر و دبنگ دیوتا ہمیں چھوڑ گیا۔ وہ جو عاقل تھا؛ واقف اسرار اور دانائے راز تھا، وہ چلا گیا۔ اب ہمیں میٹھا پانی کون دے گا؟ ہماری فصلوں پر بارش کون برسائے گا؟ اس کے بغیر روٹی کی جگہ چکنی مٹی اور شراب کی جگہ گدلا پانی پینا پڑے گا۔‘‘
بہت ڈھونڈنے سے پکی مٹی کی ایک لوح ملی جس پر اِنکی کا پیغام لکھا تھا۔
’’جب کشتیاں بہاؤ کے ساتھ روانہ ہو جائیں، ابر کے بجروں پر سوار دیوتا چرخ کی سیاہ گہرائیوں میں غائب ہو جائیں تو اُتّری دشا میں دیوتاؤں کے شہر چلے جانا۔ ریت زار میں تمہیں اونٹوں کا چرواہا گل گامیش ملے گا۔ اسے متبرک آب زو پلانا۔ وہ تمہیں بُرانُن (فرات) کنارے واقع دنیا کے پہلے زیگورات کا راستہ بتائے گا۔‘‘
انکی کو میرا امتحان مطلوب تھا۔میرا دیوتا، میرا محبوب قربانی مانگ رہا تھا، ہمیشہ کی طرح۔
اریدو ’ابو شہرین‘ تھا۔ آسمانوں سے پہلی بادشاہت اِس شہر میں اتاری گئی۔ یہاں متضاد قوتیں ایک ہی وقت میں کام کر رہی تھیں۔ دیوتا کالے سروں والے کے ساتھ رہتے تھے۔ بُرانُن میں بہنے والی کشتیاں کہکشاؤں تک پرواز کر جاتی تھیں۔ سرخ اینٹ، کچی مٹی اور کھجوروں سے بنے گھر اور ابلتے پانیوں کے چشمے تھے۔کالے سر والے خود کو صاحب ہنر اور اہل قلم قرار دے کر دیوتاؤں کی ہم سری کا دعویٰ کرتے تھے۔ آئندہ کی باتیں بتا کر ان کے کام میں مداخلت کرتے تھے۔ نہریں کھود کر پانی اپنی فصلوں میں لے آتے۔ یہاں کے اپنے کتب خانوں کو مندروں سے زیادہ سجاتے،نرسل کی قلموں سے لکھی لوحوں کو دیوتائی احکام سے زیادہ اہمیت دیتے۔ انہیں اپنی اولاد سے بھی زیادہ چاہتے۔ پتھر کی پشت کو بیوی اور دیویوں سے زیادہ پیار کرتے۔ انکی، اس شہر کا خدا، چھوڑ گیا تو سیاہ سروں والے بے مہار ہو جائیں گے۔ سمندروں کا پانی اچھلے گا اور میٹھے پانی کو اپنے ساتھ بہا لے جائے گا۔ جھیلوں ندی نالوں اور دلدلوں سے بھرا یہ علاقہ ویران ریگستان بن جائے گا۔
دیوتا کے خالی استھان پر نور کی بارش تھی۔ دیواروں پر بنی اس کی مورتیں موجود تھیں لیکن ان کی سفید آنکھیں ویران تھیں۔ مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ انکی کی جدائی کیسے برداشت کروں گی؟ کچی مٹی سے بنے سترہ مندروں کے جمگھٹے میں ویرانی کا راج تھا۔ میں بھی یہاں سے چلی گئی تو انکی کے کاموں کی دیکھ بھال کون کرے گا؟ فلکیاتی جدولیں کون سنبھالے گا؟ ستاروں کی نقل و حرکت کو قابومیں رکھنے والا کوئی نہیں ہوگا تو جو اور گندم کی فصلیں اجڑ جایئں گی۔ میں نے ہمیشہ انکی کے زیر سایہ یہ سارے کام کیے تھے۔ انکی سے ستاروں کی چالوں کو جانچنا سیکھا تھا۔ میرا ایمان تھا کہ ستارے اپنے راستوں سے اگر کبھی بھٹک جائیں تو انکی انہیں راہ دکھاتا ہے۔ انکی نے میرے سامنے رازِ آفرینش کھولے تھے اور خاموشی سے سگ گی گا (کالے سر والے) کی تخلیق کا بھی بتا دیا تھا۔
کئی ایسے خاموش لمحے تھے جب انکی اور میں ایک دوسرے میں مست ہوجاتے۔ ایسے ہی ایک موقع پر اس نے کہا تھا، ’’میرے کندھے پر پڑی ذمہ داریوں کی یہ چادر بہت بھاری ہے کاش میں یہ سارا وزن اتار سکتا۔‘‘ ایک رات اس نے کہا، ’’ انسان بہت شرارتی ہے۔ بچوں کی طرح شور مچاتا ہے۔ دیوتاؤں کی بنائی چیزوں سے کھیلتے کھیلتے انہیں خراب کرنے سے بھی باز نہیں آتا۔ اس کی پنگے بازیوں اور پریشانیوں کا کوئی انجام نہیں۔ میں سنبھالتے سنبھالتے اکتا گیا ہوں۔ اس کے پاگل پن سے بیزار ہو گیا ہوں۔‘‘
لیکن وہ سگ گی گا کام اور قربانیاں دیکھ کر خوش ہوجاتا۔ انجیر و کھجور اسے بہت بھاتے۔ اس کی کشید کی گئی جو کی شراب پی کر وہ مست ہو جاتا اور خوشی سے پکار اٹھتا، ’’اس کا مزہ بادۂ فردوس سے بہتر ہے۔‘‘
اس شام لوگوں نے مندر کو خالی پایا تو ان کے چہرے مرجھا گئے۔ اہل علم و ہنر نے انہیں تسلی دی لیکن زیادہ تر چشمِ حیرت سے افلاک کی وسعتوں میں اسے تلاش کررہے تھے۔ پریشانِ حال لوگوں کے جمگھٹے اریدو کی گلیوں میں مارا مارا پھر رہے تھے۔ کچھ دنوں کے بعد شور سرگوشیوں میں بدل گیا۔ اب قبائے شب میں ستارے نہیں شرارے تھے جو شب بھر دھیما دھیما سلگتے رہتے۔ اریدو کی گلیوں کا امن و سکون دھواں بن کر ہوا میں اڑنے لگا۔
****
قافلہ بیاباں کی خاک دامن گیر کیے چلتے جا رہا تھا۔ اونٹوں کے گلے میں لٹکی گھنٹیاں چھنکتیں تو لق و دق صحرا میں امیدیں پنپنے لگتیں۔ آسمان کے تارے اور ریت کے انگارے پلکوں میں سجائے میں اپنی منزل کی تلاش میں بڑھتی جا رہی تھی۔ ریگِ رواں کے قہر کو، بادِ بیاباں کے سحر کو عبور کرتے گل گامیش کے پاس پہنچ گئی۔ وہ ریت کے ٹیلے کی اوٹ میں ایک جھاڑی پر اونٹ کی کھال ڈال کر سایا بنائے بیٹھا تھا۔ ریت پر بکری کی کھال بچھی تھی۔ اس کی طرف اشارہ کر کے مجھے بیٹھنے کا کہا۔
سامنے پڑے صحرائی بیروں کے کٹورے سے مٹھی بھر بیر اٹھا کر منہ میں ڈال لیے۔ پاس کی کانٹے دار جھاڑیوں سے اونٹ پتیاں کھا رہے تھے۔ اس کے چبانے کا انداز بالکل اونٹوں جیسا تھا۔ لٹکتے ہونٹ اور ٹھوڑی کے بال اونٹ سے مشابہت رکھتے تھے۔ اِنکی نے ایک مرتبہ بتایا تھا کہ وہ دوتہائی انسان اور ایک تہائی دیوتا ہے۔
میں نے اپنی سوچ مجتمع کیا اور اِنکی کی مناجات پڑھنے لگی۔
’’ اے خداوند اِنکی، آب زو کے دیوتا، کرم فرما۔ ہماری نہروں کو میٹھے پانی سے بھر دے۔ ہمیں توفیق دے کہ ہم تیرے زیگورات کو پکی اینٹوں سے سنواریں اور کالے سر والوں کی خدمت کریں۔ خداوند ان لیل ہماری عمر دراز کرے۔‘‘
اس نے اپنے لٹکے ہوئے ہونٹ کو اوپر اٹھایا۔ مجھے دیکھا اور بلبلانے لگا۔ میں نے اپنا مدعا بیان کیا،
’’انکی نے مجھے تمہیں ڈھونڈنے کا کہا تھا۔‘‘
بلبلاہٹ بڑھ گئی۔
’’ وہ مجھے بھول کر کہکشاہوں میں کھو گیاہے۔‘‘
وہ بیر کھائے جا رہا تھا۔ چبانے سے لٹکتا ہونٹ اور اونٹ جیسی داڑھی کے چند بال لہرانے لگے۔ خشک بیر کھاتے ہوئے شاید وہ خشک سالی کی طرف اشارہ کر رہا تھا۔
’’ لعل و جواہر میں دمکتی انکی کی یہ دیوانی خود ’کی ان گی‘ (میسوپوٹیمیا) کی گرد میں گرد ہو گئی ہے۔ اس کے بغیر یہ علاقہ بنجر ہو جائے گا۔‘‘
وہ سر مارنے لگا، ’’سحر زدہ دیوانی پجارن!‘‘
میں نے اپنی گردن میں لٹکتی چھوٹی سے صراحی اتار کر گل گامیش کی ہتھیلی پر رکھ دی۔ وہ بار بار اسے پلٹ کر دیکھنے لگا۔ پھر کھول کر پانی کے چند قطرے منہ میں ٹپکا لیے۔ آب زو نیلے آسمان سے زیادہ صاف تھا۔
صراحی کو بند کرکے ایک طرف رکھ کر بولا،
’’احمق! کالے سر والی، سن، موت اریدو کے دروازے پر کھڑی ہے۔ جلد ہی بُرانُن (فرات) تمہیں چھوڑ کر دور چلا جائے گا۔ ریگ زار تمہاری گلیوں مکانوں کو ایسے کھا جائے گا جیسے بھوکا بھیڑیا بکری کو چٹ کر جاتا ہے۔ انکی کا دور ختم ہو گیا۔ اس کے ساتوں مندر ریت کے نیچے دفن ہو جائیں گے۔ آب زو خشک ہوگا تو ایک سال بعد اریدو کا نام و نشان بھی نہیں رہے گا۔ کالے سر والے والے کہیں اور جا بسیں گے،اُن کو زوال نہیں۔انہوں نے مندروں اور پروہتوں کے بغیر جینا سیکھ لیا ہے۔‘‘
میں نےاس کی طرف غور سے دیکھا۔ اِنکی نے ایک مرتبہ بتایا تھا کہ ہزاروں سال زمین پر گذارنے کے بعد اس کی الوہی صفات کم ہو گئی ہیں۔ لیکن اونٹوں کا چرواہا دیوتاؤں جیسا ہی خود سر اور ضدی لگتا تھا۔ اس کا حلیہ اور حرکات کا کینا پن دیکھ کر شک پڑتا تھا کہ کسی گھمنڈی دیوتا نے اونٹ کی کھال اوڑھ رکھی ہے۔
’’میں کیا کر سکتی ہوں؟‘‘
’’کیا؟‘‘
’’میں یہ کیسے روک سکتی ہوں؟‘‘
’’ہا ہا ہا۔ اریدو کا وقت ختم ہو چکا ہے۔‘‘ وہ ہنسنے لگا۔
’’اریدو ختم نہیں ہو سکتا۔ یہ میرے دیوتا اِنکی کی پہچان ہے۔‘‘
’’انکی بھی بے بس ہے وہ کچھ نہیں کر سکے گا۔‘‘
’’وہ دیوتا ہے۔ وہ سب کچھ کر سکتا ہے۔‘‘
’’جاہل، سگ گی گا! جاؤ، پھر انکی کے بھائی ان لل کے پاس چلے جاو۔ اوپر کی طرف۔ بُرانُن (فرات) کے ساتھ ساتھ۔‘‘
’’کیا انکی وہاں مل جائے گا؟‘‘
’’انکی، فراڈیا! بے شرم، جھوٹا خدا۔‘‘ وہ غصے سے بلبلا اٹھا۔ ’’تم اس کے جادو کے زیر اثر ہو۔‘‘ رگیں تن گئی۔ منہ کھلا تو لمبی زبان باہر لٹکتے ہونٹ سے ٹکرانے لگی۔ دانت پیستے بولا، ’’دیوتا ایسے ہی کالے سر والوں کو بے وقوف بناتے ہیں اور خود منتر پھونکتے پھونکتے اپنے ہی سحر کا شکار ہو جاتے ہیں۔‘‘
اس نے میرے خدا کو جھوٹا کہا، میں کیسے برداشت کر سکتی تھی۔ غصے میں اس کے اونٹ جیسے منہ پر ایک تھپڑ جڑ دیا۔
گل گامیش کے تھوک کے چھینٹے دور تک ہوا میں بکھر گئے۔ اس نے پہلو میں لٹکتے خنجر پر ہاتھ رکھا۔ کچھ دیر خاموش رہا اور پھر چلایا،
’’گندی نسل، دفع ہو جاؤ۔ ریت پھانکتے ہوئے انکی کو ڈھونڈو۔ وہ تمہیں مل جائے تو کہنا تیری لونڈی کو اس ریت میں رگید سکتا تھا لیکن میں انسان ہوں، دیوتا نہیں۔‘‘
غصے میں بلبلاتا اونٹ لگ رہا تھا۔ مجھے اپنی غلطی کا احساس ہو گیا تھا اس لیے خاموش رہی۔
’’ اِنکی دیوتا، بے غیرت! جس نے اپنی بیٹیوں کو نہیں چھوڑا۔ اسی لیے میں دیوتاؤں کے شہر کو چھوڑ کر اس ریگستان میں آ بسا ہوں۔‘‘
میرا غصہ بڑھتا جا رہا تھا لیکن میں نے خود پر قابو رکھا۔ اس نے بھی محسوس کر لیا۔ اس لیے خاموش ہو گیا۔ کچھ دیر بعد اٹھا اور آب زو کی صراحی میرے حوالے کرتا ہوا بولا، ’’چلو میں تمہارے ساتھ چلتا ہوں۔ نیپپور میں این لل دیوتا کا مندر ہے۔ ایکر ’پہاڑی گھر‘۔ ادھر جا کر تمہارے دیوتا کی اوقات دکھاؤں گا۔‘‘
اس نے اونٹ ساتھ لیے اور چل پڑا۔
****
بہت لمبا سفر تھا۔سورج کی دھوپ ایسے تھی جیسے آسمان سے آگ برس رہی ہو۔ دردِ ہجر کو سینے سے لگا کر چلتی جا رہی تھی۔ کلیجہ خوراک تھا اور اپنا ہی خون پانی۔ ہلاک کر دینے والے ریگستان کی چمکتی ریت دور سے پانی کی طرح دکھائی دیتی تو بھاگ اٹھتی۔ وہ میری حالت دیکھ کر مسکرانے لگتا۔ پیاس تھی کہ بڑھتی جا رہی تھی۔ آنکھیں خشک ہونٹوں پر پانی چو چو کر ڈھارس بندھاتیں۔ ہجر کی تپش کب پیاس بھجنے دیتی ہے! گرتی، پڑتی، لڑکھراتی؛ کبھی بیٹھتی، کبھی اٹھتی یوں جیسے شرابی کا نشہ ٹوٹ رہا ہو۔ دھن کی پکی تھی۔ دیوتا کی لگن اور بھٹیارے کی بھٹی جیسی صحرا کی اگن نے تپا کر لوحِ گِل کی طرح پکا کر دیا تھا۔وہ طنز کرتا یا غصے ہوتا، مجھ پر کسی چیز کا کوئی اثر نہیں تھا۔ بھجن گاتی آگے بڑھتی جارہی تھی۔
’’اے صحرا کی ریت، اے سورج کی گرمی تجھے خداوند ان لیل نے دیوتاؤں کی خوراک قرار دیا۔ تیرے بغیر دیوتا، بادشاہ، شہزادے، رئیس زادے زندہ نہیں رہ سکتے۔ اے ریت میرا طلسم توڑ دے۔ مجھے سحر سے آزاد کر دے، میرا راستہ چھوڑ دے۔‘‘
دور سے زیگورات کی جھلک نظر آئی تو میں نے سر جھکا دیا۔
پکی اینٹوں سے بنے زینہ دار ہرم نے ریت کا نقاب اوڑھ رکھا تھا۔ تانبے کی مانند چمکتی کگر کے نیچے والے بھاری بھر پتھر پر این لل کا نشان کندہ تھا۔ میں نے اونٹ کو تیز بھگانے کی کوشش کی تو وہ بلبلاتے ہوئے منہ موڑ کر مجھے دیکھنے لگا۔
’’میری منزل مل گئی۔‘‘
اونٹ سے نیچے اتر کر انہیں آزاد چھوڑ دیا اور اندر جانے کا راستہ ڈھونڈنے لگے۔ سیڑھیوں پر ریت کے ڈھیر تھے۔ ان کو ہٹا کر اندر داخل ہوے۔ وہ خاموشی سے میرے پیچھے چل رہا تھا۔ اندر جانی پہچانی خوشبو بکھری ہوئی تھی۔ جگہ جگہ پر دیوتاؤں کی تصویریں دیکھیں تو دل خوش ہو گیا۔ کچھ اینٹوں کی سجاوٹ میرے دیوتا انکی کے ہاتھ کی تھی۔ پورا مندر زندہ تھا جسے صحرا کی ہواؤں نے خوشگوار بنا رکھا تھا۔ میں نے کچھ پتھروں میں دل دھڑکتا بھی محسوس کیا۔ سیڑھیاں اتر کر مرکزی کمرے میں پہنچے تو اندھیرے نے گھیر لیا۔
میں نے زنبیل سے جھاؤ کی باریک ٹہنیاں اور نرسل کی بنی رسی نکالی۔ انکی کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق چقماق کا پتھر لے کر اسے حجر الطور کے ساتھ ٹکرایا۔ جھاؤ اور نرسل نے آگ پکڑ لی۔ ادھر ادھر جھانکا تو ایک روغنی چراغ بھی نظر آگیا۔ اسے جلایا تو مندر جگمگا اٹھا۔ ایک سل پر انکی کا پتھروں کا ہار، سنگ مرمر کا دست بند اور کوڑی کے بندے پڑے تھے۔ انکی ادھر آیا تھا۔ میں بے تابی سے اسے ڈھونڈنے لگی۔
اس کمرے میں وہ کہیں چھپ نہیں سکتا تھا۔ کوئی ایسی جگہ نہیں تھی۔ گل گامیش میری بے حواسی سے لطف اندوز ہو رہا تھا۔ طاق و پشتے دیکھنا شروع کیے۔ زمین پر اور طاقوں میں کئی ساٹھ مٹی کی تختیاں جمع کی گئی تھیں۔ کچھ چمڑے کے پارچہ جات بھی تھے۔ وہ بولا، ’’یہ انکی کے بھائی این لل کا ایڈوبا (لوح خانہ) ہے۔ اس سے تمہیں انکی کا پتا بھی چل جائے گا۔‘‘
این لل نے بہت کچھ سنبھال رکھا تھا۔ مٹی کی لوحوں پر مندروں کا حساب کتاب تھا۔ کسی کسی پر گیت، دعائیں اور داستانیں تحریر تھی۔ ایک نوشتہ پر سگ گی گا کی تخلیق کا پورا منظر نامہ بھی موجود تھا۔
’ماں دیوی نن ہورسنگ نے اِنکی کی ہدایت پر پاتال سے مٹی لے کر اسے گوندھا۔ ایک چھوٹے دیوتا کو قتل کرکے خون اور گوشت اس میں شامل کیا۔ دیوتاؤں کی شکل میں ڈھال کر اسے آگ میں پکایا اور زمین پر بھیج دیا تاکہ دیوتاؤں کو زمین کے سخت کاموں سے نجات مل سکے۔‘
میں چراغ لے کر آگے بڑھی۔ سامنے ایک دیوار تھی جس پر میری ہی شبیہ موجود تھی۔عظیم الشان منقش پارچے پر بنی اس شبیہ کو ماہر بافندوں نے رنگ دار نرسل سے بُن کر تخلیق کیا تھا۔
میں حیران و پریشان کھڑی اسے گھورنے لگی۔ گلا گامیش کا ہاتھ پکڑ کر اس منقش پارچے کے سامنے لائی۔ وہ حیران ہونے کی بجائے مسکرانے لگا۔ طنزیہ مسکراہٹ۔ اسے نظر انداز کر کے آگے بڑھ گئی۔ سامنے ہی پکی مٹی کے نوشتے پڑے تھے جن میں ایک پر میرا نام لکھا تھا۔
’’انانا! میری پجارن۔ اس کی ہر حرکت حیران کن ہے۔ اس جیسی وفاداری اور جان نثاری دیوتاؤں میں مفقود ہے۔ مادر دیوی نے مجھ سے حکمت و دانائی لی اور مٹی گوندھ کر سگ گی گا کی صورت تراشی لیکن یہ وفاداری اور اخلاص کہاں سے آ گیا؟‘‘
میری حیرانگی میں اضافہ ہو گیا۔ میں اس میخی تحریر کو پھر پڑھنے لگی،
’’یہ دیوتاؤں کی دین نہیں۔ یہ اس کے باطن میں موجود کسی رمز کا کرشمہ ہے یا پھر اس فانی مخلوق کے اندر سے یہ انوکھا سرچشمہ خود بخود پھوٹا ہے؟ کاش میں جان سکتا وہ کیا ہے جو میرا نام سن کر اس کے دل میں عجیب مسرت بھر دیتا ہے؟‘‘
میرا جسم کانپنے لگا۔ میرا دیوتا مجھے اتنی گہرائی سے جانتا تھا۔ وہ میری خدمت اور عبادت کے بارے میں کیا کیا سوچ رہا تھا؟
گل گامیش بھی سب پڑھ رہا تھا لیکن اس پر کسی بات کا کوئی اثر نہیں تھا۔
’’مجھے انانا پر فخر ہے۔ میں اس کا خالق ہوں۔ اس نے دیوی ’مادرِ ارض‘ نن ہورسنگ کے رحم سے جنم لیا۔ وہ میرے سائے میں پلی بڑھی۔ وہ مجھے جانتی ہے اور میرے طریقوں کو پہچان گئی ہے۔ بارش آئے گی یا نہیں؟ دانوں سے فصل اُگے گی یا نہیں؟ وہ سب جانتی ہے۔‘‘
پکی مٹی کی تختیاں عجیب کہانی سنا رہی تھیں۔ وہ دور تک بکھری ہوئی تھیں۔ میں ایک ایک کو دیکھتی آگے بڑھتی گئی۔ سامنے ایک برآمدہ نما گزرگاہ تھی جو مجھے ایک روشن کمرے میں لے گئی۔ اس کے دہانے کو پکی سرخ مٹی کی اینٹوں سے بنایا گیا تھا جن پر لاجورد اور آب گوں نگینے جڑے تھے۔ دیواروں پر نیلے، سنہری اور سفید رنگ کے نقش ابھرے تھے۔ پکی مٹی کے رنگ برنگے تکونے ٹکڑے لگا کر انہیں سجایا گیا تھا۔ کمرے کی چھت کو کھجور کے تنوں سے سہارا تھا جن پر تانبے کی چادر چڑھائی گئی تھی۔ کچھ ستونوں پر کاشی کے خوبصورت نقش و نگار تھے۔ نیلگوں اور سبز مائل پتھروں کی چمک سرخ سفالی اینٹوں کے ساتھ مل کر ایسی دل کش ہم آہنگی پیدا کر رہی تھی جیسے آب زو کے پانیوں پر آسمان کے رنگ بکھر گئے ہوں۔ کمرے کی بیچوں بیچ ایک چشمہ پھوٹ رہا تھا۔ اردگرد چھوٹی چھوٹی آب روؤں کا جال بچھا تھا جو پانی کو لے کر کمرے سے باہر جارہی تھیں۔ دیواروں میں موجود نور گیر سے سورج کی روشنی چھن کر اندر آ رہی تھی۔ اوپر نصب صیقل شدہ کانسی کی تختیاں سورج کی کرنوں کو منعکس کر کے حوض کی سطح پر بکھیر رہی تھیں۔
پورے کمرے میں جگہ جگہ سنگی نشستیں بچھی تھیں۔ میں ان سے ایک پر بیٹھ کر اس دور کو یاد کرنے لگی جب میں اِنکی کے ساتھ گہرائیوں میں جا کر آب زو کے چشموں سے پانی نکال کر زمین تک لائی تھی۔
اِنکی نے کہا تھا،’’ پانی زندگی کا سر چشمہ ہے۔‘‘ پھر اس نے اوپر کی طرف اشارہ کر کے کہا،’’ سورج زندگی بخش توانائی کا منبع۔لیکن سورج کو اپنی طاقت پر قابو رکھنا پڑتا ہے تاکہ سارا پانی اس کی گرمی سے خشک ہو کر زندگی کو ختم نہ کر دے۔‘‘
’’اور تم آب زو کے دیوتا ہو۔ تمہارے بغیر زندگی پنپ ہی نہیں سکتی۔تو برسے تو دنیا کو حیات بخش سبزیوں سے نوازتا ہے۔‘‘
اس نے مجھے اپنے ساتھ چمٹا لیا تھا۔
’’ تو مادر ارض کا پَرتَو ہے، اس کی ہمزاد ہے۔ میں برسوں گا تو ہریالی تیرے تن پر پھوٹے گی، سبزیاں تیرے جسم سے اگیں گی۔ درخت، پودے تیری فرج سے نکلیں گے اور تیری گردن پر کنول کے پھول کھلیں گے۔
تو سکمبھری کہلائے گی۔‘‘
میں نے یہ ساری بات گل گامیش کو بتائی۔ وہ ہنسنے لگا۔ مجھے اس کی سمجھ نہیں آ رہی تھی۔ ابھی تک وہ کچھ نہیں بولا تھا۔
وہ میرے ساتھ کیوں آیا تھا؟
اس کی خاموشی دیکھ کر میں پھر اداس ہو گئی۔ مجھے اِنکی کی باتیں یاد آ رہی تھیں۔اگر وہ ہمیشہ کے لیے چلا گیا تو میٹھا پانی اریدو سے منہ موڑ جائے گا پھلوں، پھولوں اور رنگ برنگی پتیوں سے سجی زمین کا زیور اتر جائے گا۔ میرا سہاگ لٹ جائے گا۔
گل گامیش اٹھا اور دور پڑی ایک لوح اٹھا کر میرے پاس لے آیا۔
’’یہ لو اس دھوکے باز نے تمہارے نام پیغام لکھا ہے۔‘‘
’’انانا، اگر تم یہ پڑھ رہی ہو تو جان لو کہ میں ہمیشہ ہمیشہ کے لیے چلا گیا ہوں۔ صحرا کا سورج ہمیشہ چمکتا رہے تو صبح کی شفق کو مہکانے والی مدھو مالتی کبھی نہیں کِھل سکتی۔ تمہیں دیکھ کر میں خوش ہوتا ہوں۔ میں نے تمہیں مٹی کے ایک لوندے سے گل و گلزار بنتے دیکھا ہے۔
جب ہم نے سگ گی گا بنایا تو ہمارا خیال تھا اس میں ایسا کچھ نہیں جو ہم دوبارہ نہ بنا سکیں۔ اب تمہیں دیکھتا ہوں تو تم میں بہت کچھ ایسا ہے جو ہمارے خیال سے زیادہ ہے۔ یہ کہاں سے آ گیا؟ ہم نے سوچا تھا کالے سر والے کی چوٹی ہمیشہ ہمارے ہاتھ میں رہے گی۔ اس نے دیوتاؤں کے پنتھ چھوڑ کر اپنے کاج خود سنوارنا شروع کر دئیے ہیں۔گل گامیش ایک مثال ہے۔‘‘
میں نے اس کی طرف دیکھا۔ اتنے دن سے وہ میرے ساتھ تھا۔ اسے کسی دیوتا کا نام جپتے نہیں دیکھا تھا۔ زیگورات کے سامنے اس نے سر نہیں جھکایا تھا۔این لل کے ہرم کے اندر بھی اکڑ کر کھڑا تھا۔
’’سگ گی گا تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ ہم سے بھی آگے نکل رہا ہے۔ اریدو کے لوگوں کا میرے مندروں سے تعلق ختم ہو رہا ہے۔ ہمارے پروہتوں کے بیوپار سے وہ آزاد ہو رہے ہیں۔ ہم نے آندھی طوفان سے ان کا راستہ روکا۔ خشک سالی اور اکال سے اس دھرتی کو بنجر کیا، وہ اُپائے ڈھونڈ لیتا ہے۔ وہ آگے ہی بڑھتا جا رہا ہے۔ دیوتاؤں کا یگ بیت گیا۔دیوتاؤں کو اس کا راستہ صاف کر دینا چاہیے۔ اسے ہر بندھن سے مکت کر دینا چاہیے۔ تاکہ وہ اور تیزی سے ترقی کر سکے۔ اسی کارن میں تمہیں چھوڑ کر چلا گیا ہوں۔ اپنی کہکشاؤں میں واپس۔‘‘
میں روتے ہوئے گل گامیش کو دیکھنے لگی۔اس نے سرخ میخی تختی میرے ہاتھ سے چھین کر زمین پر دے ماری۔لوح کرچی کرچی ہو گئی۔ دیوتا کا کلام بکھر گیا۔ میرا بازو پکڑ کر باہر لے آیا،
’’مکار دیوتا! سگ گی گا کو بہکانے والا، ورغلانے والا، اس کا عروج دیکھ کر ڈر گیا ہے۔ جان گیا ہے کہ اب فریبی ہتھکنڈے نہیں چلیں گے۔ بہانہ تراش کر زمین سے فرار ہو گیا ہے۔‘‘


