یہ تو طے ہے کہ وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کی شاندار جیت کے بعد بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی کابینہ کا مواخذہ ہونا بہت مشکل ہے مگر اس کے باوجود بھی ترقی پسند ڈیموکریٹس لیڈران اس تقریباً ناممکن پہاڑ کو سر کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اپنی مخالف پارٹی ری پبلکنز میں الیکشن جیتنے والے کچھ ترقی پسند سینیٹرز کی وجہ سے شاید انہیں یقین ہے کہ ٹرمپ فیملی کی کرپشن کے ثبوتوں کی وجہ سے سینیٹ کی مطلوبہ دو تہائی اکثریت کو ٹرمپ اور اُس کی کابینہ کے مواخذہ کے لیے راضی کیا جا سکتا ہے۔ ٹرمپ خاندان کے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے کرپٹو منصوبوں، خاندانی جائیدادوں اور غیر ملکی سودوں کے ناقابلِ تردید شواہد سامنے آ رہے ہیں۔ اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے افراد پر ذاتی مفادات کے ٹکراؤ اور بدعنوانی کے سنگین الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ امریکی آئین کا آرٹیکل 2 اس صورتحال کو واضح کرتا ہے کہ اگر کوئی بھی صدر رشوت یا سنگین جرم میں ملوث پایا جائے تو کانگریس کے پاس اسے ہٹانے کا آئینی اختیار ہوتا ہے۔
مواخذے کا یہ طریقہ کار بہت سخت اور پیچیدہ ہوتا ہے۔ پہلے مرحلے میں ایوانِ نمائندگان الزامات کی تحقیقات کر کے سادہ اکثریت سے آرٹیکلز آف امپیچمنٹ منظور کرتا ہے۔ اس کے بعد دوسرے مرحلے میں سینیٹ کا ایوان سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی زیرِ صدارت عدالت بنتا ہے۔ اس آئینی جنگ میں دو تہائی اکثریت کے لیے ڈیموکریٹس اپنی پوری طاقت جھونک رہے ہیں۔ البتہ تاریخ یہی ہے کہ امریکی صدور کے مواخذے کا یہ عمل آج تک کبھی کامیاب نہیں ہو سکا۔ پہلی مرتبہ سنہ 1868ء میں صدر اینڈریو جانسن کو اس عذاب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ وہ سینیٹ میں صرف ایک ووٹ کے فرق سے بچ گئے تھے۔ اس کے بعد سنہ 1974ء میں واٹرگیٹ اسکینڈل کا موڑ آیا اور صدر رچرڈ نکسن نے مواخذے کے خوف سے خود استعفیٰ دے دیا تھا۔ پھر سنہ 1998ء میں صدر بل کلنٹن پر جھوٹی گواہی کا الزام لگا تھا۔ ایوانِ نمائندگان نے ان کے خلاف مواخذہ پاس کیا تھا۔ لیکن سینیٹ نے انہیں بری کر دیا تھا۔ جدید دور میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ایسے صدر بنے جنہیں دو مرتبہ اس عمل کا سامنا کرنا پڑا۔ سنہ 2019ء کا یوکرین اسکینڈل ہو یا سنہ 2021ء کا کیپٹل ہل کا واقعہ، دونوں بار ان پر مواخذے کی کارروائی ہوئی مگر وہ دونوں مرتبہ بچ نکلے۔ اس مرتبہ ڈیموکریٹس سینیٹرز کو یقین ہے کہ جنوری 2027ء میں آنے والی کانگریس اس پرانی روایت کو تبدیل کر سکے گی۔
اس وقت کا سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کیا ٹرمپ فیملی کی ٹرمپ کی مدد سے کرپشن اور غیر ملکی سرمایہ بطور تحفہ لینے کے شواہد سامنے آنے پر کتنے ری پبلکن سینیٹرز مواخذہ کی اس تحریک میں ڈیموکریٹس کا ساتھ دیں گے؟ کیا سینیٹ میں کوئی ایسا اصولی ری پبلکن موجود ہے جو پارٹی کی لکیر توڑ کر صدر کے خلاف ووٹ دے سکے؟ نئی سینیٹ کے اندر سیاسی حساب کتاب بدل چکا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے پرانے ناقدین اب ایوان کا حصہ نہیں ہیں۔ سوزن کولنز اور بل کیسیڈی اب انتخابات ہار کر باہر ہو چکے ہیں۔ اب ری پبلکن صفوں میں صرف چند ایسے نام باقی ہیں جن سے کسی آزاد فیصلے کی توقع کی جا سکتی ہے۔ ڈیموکریٹس کی یہ کوششیں اسی وقت کامیاب ہو سکتی ہیں جب انہیں اپنی پارٹی کے تمام 54 اور دونوں آزاد سینیٹرز کی مکمل حمایت کے علاوہ ری پبلکنز کے بھی کم از کم 11 کی مکمل حمایت حاصل ہو۔
ان چند ناموں میں سینیٹر لیزا مرکوسکی کا نام سب سے اہم ہے جو الاسکا سے تعلق رکھتی ہیں۔ وہ واحد ری پبلکن رکن ہیں جنہوں نے سنہ 2021ء کے مواخذے میں بھی ٹرمپ کے خلاف ووٹ ڈالا تھا۔ ان کی مدتِ ملازمت جنوری سنہ 2029ء تک ہے۔ وہ پارٹی کے دباؤ سے کافی حد تک آزاد ہیں۔ یوٹاہ سے سینیٹر جان کرٹس اور انڈیانا سے سینیٹر ٹوڈ ینگ بھی موجود ہیں جو مالی شفافیت کی بات کرتے ہیں۔ سینیٹر جان تھون جیسے سینئر رہنما بھی اندرونی طور پر اس صورتحال سے پریشان ہیں۔
دوسری طرف ڈیموکریٹس کے اندر ٹرمپ اور اس کی کابینہ کا مواخذہ کرنے کے حوالہ سے صورتحال بالکل مثالی نہیں ہے۔ پنسلوانیا سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر جان فیٹرمین دائیں بازو کے خیالات رکھتے ہیں اور صیہونی فنڈنگ لابی AIPAC کے بہت زیادہ زیرِ اثر ہیں۔ ایریزونا سے سینیٹر روبن گالیگو اور مشی گن سے سینیٹر ایلیسا سلاٹکن سخت مقابلوں والی ریاستوں سے جیتنے والے سینیٹرز ہیں۔ ان کے فیصلے بھی پارٹی کے مرکزی مؤقف سے مختلف ہو سکتے ہیں۔ چونکہ مواخذے کے اس معرکے میں ہر ایک ووٹ کی اہمیت بہت زیادہ ہو گی لہٰذا سیاسی توازن اس وقت نازک موڑ پر ہے۔
امریکی کانگرس میں رپورٹنگ کرنے والے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اصل فیصلہ کن مرحلہ ٹرمپ فیملی کی کرپشن میں ٹرمپ کی مدد کرنے کے ٹھوس شواہد پر منحصر ہو گا۔ اس حوالہ سے سینیٹر رچرڈ بلومنتھال کی تحقیقات تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں اور شنید ہے کہ ٹرمپ فیملی کی کرپشن کے حوالہ سے کانگریس کی کمیٹیوں کے ہاتھ کچھ اہم دستاویزات لگ چکی ہیں۔ ان دستاویزات میں اگر کوئی ایسا ثبوت سامنے آ جائے جس سے غیر ملکی فنڈنگ، خاندانی کاروبار اور ٹرمپ فیملی کے تجارتی کھاتوں کا تعلق ثابت ہو جائے تو صورتحال مکمل طور پر بدل جائے گی۔ تجارت اور پالیسی میں رعایت کے سودے بے نقاب ہو رہے ہوں گے تو اس سے واشنگٹن کی سیاست میں طوفان آ جائے گا۔ اس کے علاوہ، ایوانِ نمائندگان کے اراکین بھی اس تاریخی آئینی جنگ میں اپنی تمام تر قانونی پناہ گاہیں چھوڑ کر میدان میں اترنے کی تیاری مکمل کر چکے ہیں۔ یہ مواخذہ صرف ایک سیاسی رسہ کشی نہیں، بلکہ امریکی جمہوریت کا وہ فیصلہ کن موڑ ہے جو طے کرے گا کہ اقتدار قانون سے بالاتر ہے یا نہیں۔ اگر شواہد کا یہ طوفان سینیٹ کی دہلیز تک پہنچ گیا تو واشنگٹن کے ایوانوں میں ایک ایسا زلزلہ آئے گا جو ٹرمپ کے سیاسی خیمے کو جڑوں سے اکھڑ پھینکے گا اور تاریخ کا دھارا بدل دے گا۔


