وقت کی سرگوشیوں میں “لخت لخت”:
قاضی ظفر اقبال کے افسانے
(ایک تاثریہ)
حامد یزدانی
۔۔۔۔۔۔۔
“ٹھوڑی تک پانی میں کھڑے کھڑے صدیاں بیت گئی ہیں۔ مگر اُس کا جسم آج بھی اُسی طرح پیاسا ہے جیسے پہلے دن تھا۔۔۔ کاش وہ مر جائے۔۔۔ انتظار کیے بغیر۔۔۔ ایک لمحہ انتظار کیے بغیر۔۔۔ مگر
موت بھی تو خواہش کی تابع نہیں۔ پیاس کے مارے اُس کی زبان سوکھ کر کانٹا ہو گئی ہے۔ اُس نے گھونٹ بھر پانی پینے کی پھر کوشش کی ہے۔ مگر گردن جھکاتے ہی پانی کی سطح نیچے اترگئی ہے۔اُس کی زبان کا نٹا اور اُس کے ہونٹ خشک کے خشک رہ گئے ہیں۔۔۔ اُس نے اولمپس کی مقدس چوٹیوں کی طرف ملتجی نگاہوں سے دیکھا اور چیخ چیخ کر رب الارباب کی دہائی دی۔ زیوس۔۔۔ زیوس۔۔۔ زی۔۔ اُوس۔۔۔اور اُس کی آواز آپ سے آپ اُس کے حلق کی غلام گردشوں میں گھٹ کر رہ گئی۔”
(اقتباس: افسانہ۔ ٹینٹالس کا مخمصہ)
سچ کہوں تو جب پہلی بار “لخت لخت” میں شامل قاضی ظفر اقبال صاحب کے ان افسانوں سے میرا آمنا سامنا ہوا تو میں نے خود کو ایک عجیب خوشگوارحیرت کے دہانے پر کھڑا پایا—صحرا میں بھٹکتے اُس پیاسے مسافر کی طرح جس کے سامنے اچانک ایک نخلستان نمودار ہو جائے اور وہ لمحہ بھر کو سوچنے لگے کہ یہ سراب ہے یا حقیقت۔ میری توجہ کو بھی اسی وقت تخلیقی جادو کے ایک نئے ظہور کا سامنا تھا۔
زندگی کے ٹیڑھے میڑھے راستوں میں بہ ظاہردیکھے بھالے کرداروں کی گفت گواور وقت کے مٹیالے سے مناظر کے بطن سے پھوٹتی مانوسیت۔۔۔ مگر اس مانوسیت کے پہلو بہ پہلواحساسِ اجنبیت کی مسلسل طویل ہوتی پرچھائیاں جن کی عمومیت کو تخلیقی معراج کی کرنوں نے خاص کے درجہ پر متمکن کردیاہو۔۔۔ اور پھر جانے کیوں مجھے ماحول سے مترشح اس اجنبیت اور شناسائی کے احساسات سے ذہنی قربت سی محسوس ہونے لگی۔کیا اجنبیت اور شناسائی اس وقت ’ایک‘ ہی نہ تھے؟ نہیں، شایدایک زاویہ سے ’’لخت لخت‘‘ تھے اور دوسرے رُخ سے یکجا۔ اوہ، تو اس میں دیکھنے والے کی نگاہ بھی شرط قرار پائی!
لاہور سے گیارہ ہزار کلومیٹر دُور کینیڈا کے قصبہ واٹر ڈاؤن میں ’’لخت لخت‘‘ کا مطالعہ کرتے ہوئے کھڑکی کے پار برف کی جھالر اور کافی کے پیالے سے اٹھتی بھاپ کے درمیان ایک تخیلاتی مکالمہ سا جنم لینے لگا۔ تب مجھے احساس ہوا کہ ان کہانیوں سے گفتگو ابھی آگے بڑھے گی۔ مگر اس سے پہلے کہ افسانوں سے یہ سلسلۂ کلام قائم ہوتا، پردۂ تصور پر افسانہ نگار کی شبیہ روشن ہونے لگی؛ شاعر، خاکہ نگار اور افسانہ نگار قاضی ظفر اقبال کی شبیہ۔ اور یک دم احساسِ محرومی کی ایک باریک سی لہر دل سے گزر گئی کہ ان سے میری بالمشافہ ملاقات کبھی نہیں ہوئی۔ تعارف ان کی تخلیقات کے توسط سے ہے، یا پھر میرے ادیب دوست نوید صادق اور محترم خالد علیم کے ادبی جریدہ ’’فانوس‘‘ کے وسیلے سے۔
مجھے یاد ہے قاضی صاحب کے شعری مجموعہ ’’غرفۂ شب‘‘ کی شاعری کے ساتھ سیر کرتے ہوئے مجھ پر’’رات‘‘ کے کچھ حیرت انگیز اور انوکھے رنگ اور روپ روشن ہوئے تھے۔ اس کے بعد تومیں قاضی صاحب کی شعری تخلیقات کا مستقل قاری بن گیا۔میں نے محسوس کیا کہ تضادات سے عبارت اس دَور میں بھی اُن کی تخلیقات میں روایت اور جدت کے تقاضے کبھی باہم دست وگریباں نہیں ہوتے۔دونوں مخلص دوستوں کی طرح ہاتھ میں ہاتھ دئیے شب و روزکے صحرا میں گھوما کرتے ہیں۔
ہاں، تو میں کہہ رہا تھا کہ اب، برسوں بعد، جب ان کے افسانےکتاب کی صورت میرے سامنے آئے تو میں نے خود کو کسی صحرا نورد کی صورت نخلستان کے مقابل کھڑا پایا اور محسوس کیا کہ اُن کی شاعری کی طرح ان کے افسانے بھی زبردست تخلیقی وفور کے حامل ہیں۔اور پھر یہ جان کر بھی خوشی ہوئی کہ قاضی صاحب کا تخلیقی وفور اظہار کے ایک سے زیادہ سلیقے رکھتا ہے۔ خیال اظہار پانے کے لیے جس صنف کی پوشاک پسند کرتا ہے قاضی صاحب اس کے لیے وہی چُنتے ہیں۔ میں نے دیکھا ہے کہ اظہار کے وسیلوں میں تنوع کے حامل لکھاری کبھی ’تخلیقی جمود‘ یا رائٹرز بلاک‘ کا شکار نہیں ہوتے۔بہاؤ کو اپنے سامنے کئی راستے کُھلے ملتے ہیں۔
مجھے ہمیشہ محسوس ہوا ہے کہ فکری ترفع کے آبشار سے گزر کر اظہار کی کرنیں نظم، غزل اور افسانے کی ست رنگی دھنک بن جاتی ہیں۔ زیرِ نظر افسانوی مجموعے میں بھی زندگی کے ایسے ہی کئی رنگ بکھرے ہوئے ملتے ہیں؛ کچھ امید کی روشنی میں گُھلے ہوئے اور کچھ تاسف کی تاریکی میں ڈھلے ہوئے۔ کہیں ماضی کی گرد میں گم کردار ہیں اور کہیں مستقبل کے خدشات کے عکس۔ کہیں اپنی ذات میں گم انسان اور کہیں سماج کے خوف سے لرزتی خواہشات۔ اسی تنوع میں قاضی ظفر اقبال کی تخلیقی بصیرت جلوہ گر ہوتی ہے۔
قاضی صاحب نے اپنے افسانوں کے اس مجموعہ میں زندگی کے’’لخت لخت‘‘ مناظرکو جس تخلیقی ہُنر مندی سے یکجا کیا ہے وہ انہی کا حصہ ہے۔ افسانہ نگار کی عُمق پسندی کا غماز ہر افسانہ قاری کے سامنے ایک ایسا غیر مرئی در وا کرتاہے جس سے وہ سمے کے بے انت کناروں پرصدیوں سے رینگتی زندگی کا مشاہدہ کرسکتا ہے۔ ان افسانوں کی ہر کہانی کسی تمنا، کسی خواہش، کسی قوت، اور کسی غیرمتوقع ربط وتعلق کی اصل کو تلاش کرتی دکھائی دیتی ہے۔ وہی اصل جوشاید ازل کو ابد سے، ماضی وحال کو مستقبل سے اور تقدیر کو کوشش سے منسلک کرنے سے عبارت ہے۔ان مختلف زمانوں کو جوڑنے والی قوت کا نام وقت ہے جس کا تصور ان تمام افسانوں کہ تہہ میں لہرلہر رواں دواں ہے۔ ان افسانوں کے مناظر میں ڈوبتے ابھرتے کردار اگر ہمیں ناممکن سے الجھتے نظر آتے ہیں تو خود مناظربھی تو حقیقت، خواب اور جذبات میں چناؤ کے دھندلے رنگوں میں کھوئے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ حقیقت پسندی کے چاک سے اٹھائے گئے ان کرداروں میں کہیں اگر مجھے اور آپ کو اپنے ظاہر، اپنے باطن، اپنے ماحول اور اپنی زندگی کی بازگشت بھی سنائی دے جائے تو حیرت کیسی!
یہ افسانے پڑھتے ہوئے آپ بھی محسوس کریں گے کہ قاضی صاحب ان میں ہمیں محض کہانی ہی نہیں سناتے بلکہ ہمارے سامنے گہرے انسانی تجربات کے ایسے نقش ابھارتے ہیں جن کے رنگ اور خطوط وقت کی طرح گہرے اور سچائی کی طرح ہمہ گیر ہیں۔ ان افسانوں کو پڑھنا گویا چاندنی میں نہائے آسمان تلے سرسراتی وقت کی سرگوشیوں کو سننا ہے؛ ایک دوسرے میں گتھی ہوئی، گہری اور ناقابلِ فراموش سرگوشیاں۔
ایک وقت میں تو مجھے یہ کتاب گویا ٹائم مشین محسوس ہوئی۔ ابھی آج کی دفتری زندگی کے معمولات کا نوحہ گونج رہا تھا اور ابھی یونان کے اساطیری طلسم کے دائرے پھیلتے دکھائی دیتے ہیں۔ابھی اجمیر شریف کی درگاہ پر حاضری کا سکوں آور منظر سامنے تھا اور ابھی ہڈسن روڈ کے شراب خانے کا بے ہنگم شور اوراس کی بھیڑ مقابل ہے۔
ماحول اور کردار کے پس منظر سے مطابقت رکھتی زبان، مخصوص لب و لہجہ،مکالمو ں کا موزوں استعمال، شہری معمولات، دیہی زندگی،مختلف سماجی طبقات کی ترجمانی،جسمانی اور روحانی پیاس کی جھلکیاں۔۔۔اورموضوعات کے تنوع کی طرف آئیں تو انسانی ارتقا کی ’’مراجعت‘‘ میں تکبر کے انجام اور ’’شیرو‘‘ کے کردارکی صنفی شناخت پر معاشرتی و اخلاقی دباؤسے ہوتی ہوئی زندگی جب ’’پرلوک بیٹھک‘‘ کے غیرازدواجی مراسم اور فطرت بمقابلہ تربیت کے ’’طعنۂ نایافت‘‘ تک پہنچتی ہے تو خاندان کے محبت بھرے دالان کوتقسیم کی ایک ایسی
تاریخی آندھی آلیتی ہے جو ہماری معصوم ’’تتلی‘‘ کو اُڑاکرجانے کہاں لے جاتی ہے!۔۔۔اور پھر ہماری تخیلاتی ملاقات ہوتی ہے ’’شبِ رفتہ‘‘ اور شبِ رفتہ کے بعد‘‘ کے خالق سے، اس کی تمام ترمحرومیوں، تمام تر ناکامیوں اور تمام تر شخصی خوبیوں کے جِلو میں۔اور ہم رائیگانی کے ایک ایسے صحرا میں جا اترتے ہیں جہاں سے سوچ رکھنے والے ذہن کی مراجعت آسان نہیں۔

تخلیق کار کا کمال یہ بھی ہے کہ وہ افسانے کے اندر تیرتی کہانی میں قاری کی دل چسپی کو ختم نہیں ہونے دیتا۔ اور یہ ایک ایسا عنصر ہے جس سے صرفِ نظر کرکے ہمارے بعض جدید افسانہ نگاروں نے قاری کو اس صنف سے کچھ دُور کردیا ہے۔
میں نے اشارتاً ان افسانوں پر اپنی رائے رقم کر دی ہے۔ ہر افسانے کے موضوع، ساخت اور فکری جہات پر تفصیلی گفتگو اس لیے نہیں کرنا چاہتا کہ قاری اور کہانی کے درمیان حائل نہ ہو جاؤں۔ کہانی اپنے ہر قاری سے الگ انداز میں مکالمہ کرتی ہے اور اپنے معنی خود آشکار کرتی ہے۔ بہتر یہی ہے کہ اسے اپنی رمزیں خود کھولنے دی جائیں۔ ایسا کرنے سے، یقین مانیں، میری طرح آپ بھی خود کو ایک انوکھے تخلیقی سفر پر قاضی ظفر اقبال صاحب کا ہم۔قدم پائیں گے۔
میں ایسے پُرتاثیر افسانوں کی صورت دامنِ ادب کو باثروت بنانے پر قاضی صاحب کا شکرگزار ہوں اور اس کتاب کی اشاعت پر انھیں دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔


