پندار کا صنم کدہ/ حسین خالد مرزا

سکون کیا ہے؟ میں تو شاید اس کیفیت سے ابھی ناواقف ہوں۔ کوئی نہ کوئی سوچ زنجیروں میں جکڑے رکھتی ہے۔ ذہن میں گرد آلود خیالات کا ایک ہجوم ہے، جن سے چھٹکارا پانا بھی ضروری محسوس ہوتا ہے۔ محبت کو اصول بناؤں، کردار تراشوں، کوئی سلجھائے تو سلجھوں، کوئی الجھائے تو الجھوں۔ وہ تمنا ہر بار کروں جو مجھے اپنی حدود میں رہنے ہی نہ دے۔ جیسے کچھ خاص کرنے کے لیے کسی مقام تک پہنچنا بہت ضروری ہو۔
ابھی سوچا ہے کہ خود کو ہر بار کچھ نیا چاہنے دوں۔ شاید اسی خواہش میں اپنی ذات کا ایک صنم کدہ اپنے گرد تعمیر کر چکا ہوں اور اب اس کے اندرونی گوشوں میں خود کو تلاش کرنے میں محو ہوں۔ کچھ پہلوؤں سے خاص ہوں اور بہت سی جگہوں پر ابھی خود سے بھی بے لباس ہوں۔ جو تکلیف لیے بیٹھا ہوں، اسے باہر نکالنا تو ہے۔
اب اگر ضد کی تفصیل میں جاؤں تو شاید یہ بھی سمجھنا پڑے کہ جس کنارے کو حاصل کرنا چاہتا ہوں یا جس مقام تک پہنچنے کی تمنا رکھتا ہوں، کیا وہ واقعی میرے دل کی خواہش ہے یا محض میرے پندار کا تقاضا؟ اپنے لیے اور دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ خیالات تو ہزار آئیں گے، مگر انہیں عمل اور ضبط کے ساتھ جوڑنا، ان کے درمیان ربط پیدا کرنا اور انہیں ایک اچھی ترتیب دینا ضروری ہے۔ ورنہ انسان یہ سمجھنے لگتا ہے کہ وہ ہر اس چیز کا اہل ہے جس کے اہل ہونے سے دنیا اسے انکار کرتی ہے۔
اگر یہی ولولہ خود سے جنگیں جیتنے کے لیے استعمال ہو تو وہی ضد انسان کو ان مقامات تک پہنچا سکتی ہے جہاں دوسروں کی رائے اپنی اہمیت کھونے لگتی ہے اور اپنی پہچان واضح ہونے لگتی ہے۔
میں بشر سا جیئوں، خدا کو جاننے کے بعد۔ شاید اپنی حدود کو تسلیم کرنا بھی خود شناسی کا ایک حصہ ہے۔ انسان کے اختیار میں کوشش ہے، نتیجہ نہیں۔ اور شاید اسی لیے مستقل مزاجی کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔
ارنسٹ ہیمنگوے، ایک امریکی مصنف، نے اپنی کہانی “The Old Man and the Sea” میں ایک بوڑھے مچھیرے سینٹیاگو کی داستان بیان کی ہے۔ وہ بوڑھا شخص مچھلیاں پکڑنے کے لیے سمندر کا رخ کرتا ہے، مگر مسلسل چوراسی دن اسے کوئی مچھلی نہیں ملتی۔ اس کے باوجود وہ پچاسیواں دن بھی ایک نئی امید کے ساتھ سمندر میں اترتا ہے۔
میں سوچ رہا تھا کہ سینٹیاگو کو اتنے دن کچھ حاصل نہ ہوا، مگر اس نے اپنا کام جاری رکھا۔ شاید ہم بھی جس کام میں اچھے ہیں، اس میں اپنی مستقل مزاجی برقرار رکھ سکتے ہیں۔ ہر روز کامیابی ملنا ضروری نہیں، لیکن ہر روز کوشش کا امکان ضرور موجود ہوتا ہے۔
اگر اس بات کو اچھی طرح سمجھ لیا جائے تو بہت سے سوالوں کے جواب تلاش کرنا آسان ہو سکتا ہے۔ مثلاً کون سی باتیں ہمارے لیے ضروری ہیں اور کون سی غیر ضروری؟ کون سے خیالات ہماری اپنی خواہشات کا حصہ ہیں اور کون سے محض دوسروں کی ہمارے بارے میں قائم کردہ رائے کا اثر؟ ان باتوں کو سمجھ لینے سے اپنی ترجیحات طے کرنا اور ان کے مطابق حکمت عملی بنانا بھی آسان ہو جاتا ہے۔
ابھی میں سوچ رہا تھا کہ اپنی ذات کو سمجھنے کے اس عمل میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی شامل کرنا چاہیے۔ اپنی مہارتوں اور دلچسپیوں کے بارے میں ChatGPT کو بتاتا رہوں، تاکہ وہ میری ترقی کے لیے بہتر رہنمائی کر سکے۔
مثلاً میں اسے بتا سکتا ہوں کہ مجھے تحقیق کا شوق ہے اور میں پیچیدہ موضوعات کو سمجھنے، نئے ٹولز سیکھنے اور مشکل باتوں کو آسان انداز میں بیان کرنے میں دلچسپی رکھتا ہوں۔
حال ہی میں، میں نے MESA (Modules for Experiments in Stellar Astrophysics) کے بارے میں پڑھا، جو ستاروں کی ساخت اور ارتقا کا مطالعہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والا ایک اوپن سورس سافٹ ویئر ہے۔ اس طرح کے موضوعات کو سمجھنے کی کوشش میرے اندر سائنس اور ٹیکنالوجی کے بارے میں جاننے کا شوق ظاہر کرتی ہے۔ میں ان معلومات کو دلچسپ یوٹیوب اسکرپٹس، تعلیمی مواد اور تحقیقی خلاصوں کی شکل میں بھی پیش کر سکتا ہوں۔
اپنی ان صلاحیتوں کا ذکر کر کے میں AI سے کہہ سکتا ہوں کہ میری قابلیت اور تجربے کے مطابق ریموٹ ملازمتوں کے مواقع تلاش کرنے میں میری مدد کرے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ اپنی ذاتی اور خفیہ معلومات کی حفاظت کروں اور غیر ضروری تفصیلات شیئر کرنے سے گریز کروں۔
روزانہ جو مواقع سامنے آئیں، ان میں سے اپنی سمجھ، مہارت اور ترجیحات کے مطابق درخواستیں دیتا رہوں گا۔ ہر درخواست کا جواب ملنا ضروری نہیں، لیکن کوشش کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
آخر کوئی نہ کوئی مچھلی مل ہی جائے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں