بچوں کی تربیت میں غفلت ایک المیہ/ محمد کوکب جمیل ہاشمی

جب کسی بچے/ بچی کی پیدائش ہوتی ہے تو بعض باتیں ان میں قدرت کی طرف سے فطری طور پر عطآ ہوتی ہیں، مثلاً شکل و شباہت اپنے والدین اور بہن بھائیوں کی عادات و مزاج اور ذہانت و متانت وغیرہ۔ مگر زندگی کے سفر میں اسے قدم قدم پہ رہنمائی اور ہدایت کی ضرورت و حاجت ہوتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اوائل عمری میں اس کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت اور ذہانت بڑوں کے مقابلے میں کافی کم ہوتی ہے۔ ان نونہالوں کی صحیح تربیت اور نگہداشت انکے والدین کی راہنمائی کے محتاج ہوتی ہے۔ اچھی بری بات کی پہچان، صحیح و غلط کا ادراک، بدی اور نیکی کا علم، رہن سہن کے تقاضے اور رشتوں ناتوں سے آگاہی ان کی ضرورت بن جاتی ہے۔ یہیں سے انکی تربیت کا آغاز ہو جاتا ہے۔ لیکن بڑوں کی طرف سے اس بارے میں غفلت برتنے کی صورت میں بچوں کے مستقبل پربرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ بچے جب کچھ اور بڑے ہوجاتے ہیں تو ان کو حصول تعلیم کے لئے درس گاہوں، مدارس اور تعلیمی اداروں میں داخل کرا دیا جاتا ہے۔ اس سے پہلے ماں کی گود، باپ کی تربیت اور بڑے بہن بھائیوں کا طرز عمل ابتدائی درس گاہ کا کردار ادا کرتا ہے۔ جیسے جیسے بچہ عمر کے مدارج طے کرتا ہے وہ از خود اپنی استعداد اور وسائل کے مطابق بہت کچھ سیکھتا اور جانتا ہے۔ یوں پوری کائنات اس کے لئے علمی درسگاہ بن جاتی ہے۔
تعلیم و تربیت انسان کو بہتر انسان بننے میں مدد دیتی ہے۔ بچہ کسی بھی عمر کا ہو، وہ اپنےمخصوص ماحول کے زیر اثر دوسرے انسانوں سے مختلف طور طریقوں اور کردار کو بغور دیکھتا ہے اور وہ خود کو بھی انہی خطوط پر اپنی عادات، مزاج، طرز عمل، قول و فعل اور برتاؤ و سلوک میں ڈھال لیتا ہے۔ اسی بناء پر وہ دوسروں کے طرف سے پسندیدگی اور غیر پسندیدگی کے درجے پر پہنچتا ہے۔ اس کا معتدل رویہ، معروف عادات، ہنس مکھ مزاج اور اعلیٰ اخلاق جیسے اوصاف معاشرے میں اس کی عزت و قدر میں اضافہ کرتے ہہں۔ جبکہ اس کے برعکس اچھے اوصاف سے محروم، خلیق گفتگو سے عاری اور غصے بھرے نفرت انگیز لہجے سے بات کرنے والے کے لئے کسی کے دل میں کوئی جگہ نہیں ہوتی۔ چنانچہ یہ بات طے ہے کہ کسی کے اچھے برے انسان کی اچھی بری شہرت کا دارو مدار اس کی اچھی بری تربیت پر، یا ماحول کے تجربات اور مشاہدات پر ہوتا ہے۔ یہ بات ہمارے مشاہدے میں ہے کہ فوج میں بھرتی ہونے والے جوان اور افسران کو، سخت جسمانی مشقت، ایکسرسائز، پریڈ، نظم و ضبط اورمشکل حالات میں صحیح فیصلہ سازی اور رازداری سے حکمت عملی کی طویل مدتی تربیت دی جاتی ہے تاکہ ان میں دشمن پرحملہ کرنے آوردشمن کے مقابلے کی ہمت اور استعداد پیدا ہو۔ پولیس اور سی ایس ایس کا امتحان پاس کرنے والے افسران کو بھی سول سروس اکیڈمی اور دیگر تربیت گاہوں میں ضروری تربیت فراہم کی جاتی ہے۔ دفتری کاموں سے واقفیت کے ساتھ انہیں ماتحت عملے اور اعلی افسران کے ساتھ کام کرنے کے پیشہ ورانہ امور سے متعلق آگاہی فراہم کا اہتمام کیا جاتا ہے، تاکہ وہ دوران ملازمت بہتر طور پر اپنی کارکردگی دکھا سکیں۔ وزارت خارجہ میں کام کرنے والے افسران کو مختلف اقسام کے کورسز اور سفارت کاری سے متعلق اداروں میں تربیت دی جاتی ہے۔ اس کے علاؤہ انہیں مختلف بیرونی ممالک میں زبانوں کے کورسز بھی کروائے جاتے ہیں۔ اس طرح ناصرف افسران کی صلاحیتں نکھرتی ہیں بلکہ تعلیم و تربیت کے یہ اہتمام ان کے کیریئر اور شخصیت سازی میں ممد و معاون ثابت ہوتے ہیں۔
درج بالا تمہید اور تمثیل کی غرض و غائت یہ ہے کہ ہمیں ابتداء سے ہی بچوں کی صحیح تعلیم و تربیت کے لئے سب سے زیادہ توجہ دینی چاہئے۔ لیکن کہیں نہ کہیں ہم اپنی اس ذمے داری کو پورا کرنے سے اغماض برتتے دکھائی دیتے ہیں۔
ہمارے معاشرے میں اس سلسلے میں مختلف نظریات پر عمل کیا جاتا ہے۔ کچھ کے نزدیک بچوں کی سخت نگرانی، نگہداشت اور نامناسب رویوں پر روک ٹوک کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے میں جو بچے امتناع وتنبیہات کو قبول نہیں کرتے، ان کومار پیٹ اور جسمانی ایذا جیسی سخت سزائیں دی جاتی ہیں۔ لیکن دیکھنے میں آتا ہے کہ ان طریقوں کو اپنانے سے بچے ضدی، باغی اور ہٹ دھرم بن جاتے ہیں۔ ہمارا مشاہدہ یہ بھی ہے کہ بعض گھرانوں میں اولاد کو تھپڑوں، مکوں اور جوتوں سے مارا پیٹا جاتا ہے، انہیں جسمانی سزائیں دی جاتی ہیں۔ یہ انتہائی درجے کا برا برتاؤ ہوتا ہے۔ اس سے حتی الوسع اجتناب کرنا چاہئے کیونکہ اس کے نتیجے میں بچوں کے دلوں سے نا صرف والدین کی عزت و قدر میں کمی واقع ہوتی ہے بلکہ اپنے والدین کے خلاف نفرت اور بیزاری کے جذبات بھی پیدا ہوتے ہیں۔
اس کے علاؤہ کچھ لوگوں کے نزدیک بچوں کو ان کی شرارتوں اور غلط حرکتوں پر خاموشی اختیار کرلینا اور ان کو من مرضی کے لئیے آزاد چھوڑ دینا درست خیال کیا جاتا ہے، ان کو نظر انداز کردینے کو ضروری سمجھا جاتا ہے۔ وہ کچھ بھی برا بھلا کریں، انہیں کرنے دینے کی حکمت عملی اختیار کی جاتی ہے۔ یہ رویہ بھی بچوں میں اچھی، بری بات کی پہچان نہیں ہونے دیتا۔ اس بات کے حق میں یہ دلیل دی جاتی ہے کہ بچوں کی بلا وجہ کی زبانی کلامی روک ٹوک بچوں کو خائف اور کمزور بنا دیتی ہے۔ اس سوچ کے حامل والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کو اپنی مرضی کی کلی آزادی دینی چاہئے، ورنہ بچے سہم سہم کر اور خائف رہ کر ڈرپوک اور بزدل بن جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں وہ اپنی اقدار کے برعکس بچوں کے رویوں اور اعمال کو انٹرنیٹ پر موجود هدایت ناموں کے مطابق بچوں کو کچھ بھی کر گزرنے کی آزادی دیتے ہیں۔ یہاں بھی، ہمارے خیال میں بچوں کے ساتھ اس قسم کا برتاؤ بچوں کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ دیکھئے بچے تو معصوم ہوتے ہیں۔ ان میں سوچنے سمجھنے کی بہتر صلاحیت کا فقدان ہوتا ہے۔ لہذا ان کونرمی اور پیار کے ساتھ غلطیوں کا احساس دلانا ان کے حق میں بہتر ہوتا ہے۔ ہمارا دین بھی، بچے تو بچے، بڑوں کے لئے بھی اچھی دینی و معاشرتی تربیت کا اہتمام کرنے کا تقاضہ کرتا ہے۔ اگر ابتدا سے ہی بچوں کی ضد اور بری عادات کی اصلاح پر توجہ نہ دی جائے تو انکی غلطیاں اور ضدیں اتنی پختہ ہو جاتی ہیں کہ ان کو سدھارنا مشکل ہو جاتا ہے۔ وہ خود سر ہو جاتے ہیں اور پھر کسی کی بات سننے کے روادار نہیں ہوتے۔ بچے ہوں یا بڑے ہمارے دین کی بنیاد ہی امر بالمعروف و نہی عن المنکر پر ہے۔ بعض گھرانوں میں تو بچوں کی ناپسندیدہ شرارتوں اور بد تمیزی کی باتوں پر چہرے پہ ناگواریت کے قدرتی آثار لانے کو بھی اچھا نہیں سمجھا جاتا۔ یہ بات بھی بچوں کے مستقبل کو خراب کرنے کے مترادف ہے، کیونکہ ایسے ماحول میں پرورش پانے والے بچوں میں عدم برداشت پیدا کرتی ہے۔ یہ بات بڑے ہونے پر انہیں ناصرف اپنے خاندان میں بلکہ سسرال میں بھی مشکلات سے دوچار کرتی ہے۔ اس مسئلے پر ضروری ہے کہ کچھ سوچ بچار کی جاۓ۔

اپنا تبصرہ لکھیں