تاریخ کا ایک عجیب المیہ ہے کہ بعض اوقات تخت و تاج کے تمام محافظ مل کر ایک ایسے شخص سے خوف زدہ ہو جاتے ہیں جس کے پاس نہ لشکر ہوتا ہے نہ خزانہ نہ اقتدار کی کوئی ظاہری قوت صرف عوام کا اعتماد ہوتا ہے۔ پاکستان کی موجودہ سیاست میں عمران خان اسی تاریخی تضاد کا نام ہے۔ اسے سیاسی طور پر ختم کرنے کے لیے زنداں میں ڈالا گیا مگر زنداں اس کی سیاسی قبر بننے کے بجائے اس کی مقبولیت کا مزار بنتا چلا گیا۔ جنہوں نے اسے منظر سے ہٹانے کا اہتمام کیا وہی اسے تاریخ کے منظرنامے پر مزید نمایاں کر بیٹھے۔
یہ کیسی سطوت ہے کہ ایک طرف ریاست کے تمام وسائل، عسکری قوت، انتظامی مشینری، خفیہ ادارے، پولیس، عدالتوں کے دروازے اور اقتدار کے ایوان ہیں دوسری طرف ایک اسیر ہے مگر خوف اس کے حصے میں نہیں اس کے زندان بانوں کے حصے میں ہے۔ اس کی زبان بندی کے لیے مقدمات، اس کی سیاست کے استیصال کے لیے پابندیاں اور اس کی قوتِ ارادی توڑنے کے لیے زنداں کی تنہائی آزمائی گئی۔ جب روح کو شکست نہ دی جا سکی تو اب جسم کی شکست و ریخت کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ سوال یہ نہیں کہ عمران خان کب رہا ہوگا سوال یہ ہے کہ جس شخص کی رہائی سے حکمران لرزتے ہیں کہیں وہ ان کی تحویل میں زندگی ہی سے محروم نہ ہو جائے۔
16 نومبر کو عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے ملک کے اعلیٰ ترین عدالتی ایوانوں کے نام جو اپیل جاری کی وہ محض ایک قیدی کی فریاد نہیں ریاست کے ضمیر پر دستک ہے۔ عمران خان کے مطابق انہیں روزانہ بائیس گھنٹے تنہائی میں رکھا جاتا ہے، اہلِ خانہ اور وکلاء سے ملاقاتیں ناممکن ہیں دائیں آنکھ کی 85 فیصد بینائی ضائع ہو چکی ہے اور فشارِ خون 193 تک پہنچ جاتا ہے۔ ان کے بقول ڈاکٹروں نے دماغی شریان پھٹنے، دل کے دورے اور پہلے سے موجود قلبی نقصان کے خطرات سے آگاہ کیا ہے۔ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بینائی بھی مزید جراحی نہ ہونے کی صورت میں مستقل متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
حکومت ان الزامات کی تردید کرتی ہے اور طبی سہولیات کی فراہمی کا دعویٰ رکھتی ہے۔ مگر عمران خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا 18 اگست کا حکم جس میں شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں علاج اور اہلِ خانہ سے ملاقاتوں کی بحالی کی ہدایت شامل تھی اب تک نافذ نہیں ہوا۔ یہ معاملہ اب محض دعوے اور تردید کا نہیں عدالتی حکم کی تعمیل اور ایک زیرِ حراست انسان کی زندگی کا سوال ہے۔
عجیب تماشا ہے جس ملک کی فوج کو دنیا کی بڑی عسکری قوتوں میں شمار کیا جاتا ہے وہاں ایک آزاد ماہرِ امراضِ چشم کا معائنہ بھی گویا سلطنت کے اقتدار کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔ معلوم ہوتا ہے کہ یہاں دشمن کی فوج سے زیادہ خوف خان کے طبی معائنے سے ہے، شاید اس لیے کہ ڈاکٹر کی تشخیص میں وہ حقیقت بھی دکھائی دے جاتی ہے جسے اقتدار کے ایوان پردوں میں چھپانا چاہتے ہیں۔
لیکن اس داستان کا سب سے المناک پہلو بینائی کا نقصان یا فشارِ خون کی بلندی نہیں۔ عمران خان کا ایک اور الزام ہے کہ جیل کے عملے کو ان کے سلام کا جواب دینے حتیٰ کہ ان کے تلاوتِ قرآن کے دوران کسی قسم کا ردعمل ظاہر کرنے کی بھی اجازت نہیں۔ اگر یہ الزام درست ہے تو یہ قید نہیں انسان کی تحقیر کا ایک باقاعدہ ضابطہ ہے۔ زنداں جسم کو محبوس کرتا ہے مگر سلام کا جواب روک دینا انسان کی سماجی شناخت پر حملہ ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں انتظامیہ کا حکم انسانیت کے بنیادی تقاضوں سے متصادم ہو جاتا ہے۔
اسلام نے قیدی کے حقوق متعین کیے تہذیب نے اسیر کے احترام کو شرافت کا پیمانہ بنایا مگر ہماری جدید “ہائبرڈ” ریاست نے شاید زنداں کو ایسا تجربہ گاہ بنا دیا ہے جہاں انسان کے جسم کے ساتھ اس کی نفسیات بھی تختۂ مشق ہے۔ قیدی سے آزادی چھینی جا سکتی ہے اس کا سلام نہیں اس کی نقل و حرکت محدود کی جا سکتی ہے اس کی انسانیت نہیں۔ جس نظام کو ایک قیدی کے سلام سے بھی خطرہ محسوس ہو اس کی قوت کا اندازہ اس کے ہتھیاروں سے نہیں اس کے خوف سے لگانا چاہیے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک وسیع عسکری ادارے کے سربراہ ہیں۔ دوسری طرف شریف اور بھٹو زرداری خاندان ہیں جن کی سیاست موروثی اقتدار کی طویل تاریخ رکھتی ہے۔ ان سب کے پاس ریاستی وسائل، انتظامی اختیار اور سیاسی اثر و رسوخ موجود ہے۔ جیلیں ان کی دسترس میں، پولیس ان کے انتظام میں، وزارتیں ان کے اختیار میں اور سیاسی میدان ان کی مداخلت سے محفوظ نہیں۔ مگر اس تمام اہتمام کے باوجود ایک اسیر ان کے لیے مسئلہ بنا ہوا ہے۔
یہی تو اصل معمہ ہے۔ طاقت کا غرور اس وقت بے نقاب ہوتا ہے جب اسے ایک بے اختیار شخص سے خوف آنے لگے۔ اگر عمران خان ایک معمولی سیاسی حریف ہوتا تو اسے سیاسی میدان میں شکست دی جاتی، عوام کے سامنے اس کے دلائل کا جواب دیا جاتا، انتخابات میں اس کا مقابلہ کیا جاتا۔ مگر جب سیاست کا جواب سیاست کے بجائے زنداں سے دیا جائے تو یہ اس امر کی علامت بن جاتا ہے کہ اقتدار کو عوامی فیصلے پر اعتماد نہیں رہا۔
عمران خان محض ایک سیاست دان نہیں۔ سیاست سے پہلے وہ عالمی کرکٹ کے افق پر پاکستان کا روشن نام تھا۔ 1992ء کے عالمی کپ کی فتح، شوکت خانم ہسپتال کی بنیاد اور نمل یونیورسٹی کا قیام اس کے سیاسی سفر سے پہلے کی شناخت ہیں۔ اس کی شہرت کا دائرہ تحریک انصاف کی انتخابی حدود سے کہیں وسیع ہے۔ پاکستان میں اس کے حامی ہیں، بیرونِ ملک پاکستانیوں میں اس کی مقبولیت ہے، کرکٹ کی دنیا میں اس کے لیے احترام پایا جاتا ہے اور بھارت سمیت مختلف ملکوں میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو سیاسی اختلاف کے باوجود اس کی کھیل کی خدمات کو تسلیم کرتے ہیں۔
اس نے کشمیر اور فلسطین کے مسئلے پر آواز اٹھائی، اسلاموفوبیا کے خلاف بین الاقوامی سطح پر مؤقف اختیار کیا، امریکی ڈرون حملوں کی مخالفت کی اور مسلم دنیا کی سیاسی خودمختاری کا سوال اٹھایا۔ اس کے سیاسی تصورات سے اختلاف کیا جا سکتا ہے اس کے دورِ حکومت کی کارکردگی پر تنقید کی جا سکتی ہے مگر یہ حقیقت اپنی جگہ ہے کہ اس نے پاکستان کی سیاست کو ایک ایسے عوامی بیانیے سے متعارف کرایا جس میں بدعنوانی، موروثی اقتدار، عسکری بالادستی اور بیرونی مداخلت جیسے سوالات مرکزی حیثیت اختیار کر گئے۔
یہی وجہ ہے کہ اس کی قید کا معاملہ محض ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کی حراست نہیں رہا۔ یہ ریاست اور شہری، اقتدار اور عوام، قانون اور اختیار کے درمیان کشمکش کی علامت بن چکا ہے۔
تاریخ کے صفحات پر نگاہ ڈالیے۔ نیلسن منڈیلا اور محمد مرسی دو مختلف معاشروں دو مختلف سیاسی تحریکوں اور دو مختلف تاریخی حالات کے کردار ہیں مگر ان کی زندانی زندگی دو الگ انجاموں کی نشان دہی کرتی ہے۔ ایک قید سے نکل کر آزادی کا استعارہ بن گیا دوسرا قید ہی میں زندگی کی بازی ہار گیا۔
منڈیلا نے ستائیس برس زنداں میں گزارے۔ جیل کے دروازے اس کے لیے بند رہے مگر اس کے نظریے کے لیے دنیا کے دروازے کھلتے چلے گئے۔ اس کے زندان بان سمجھتے تھے کہ قید کی دیواریں ایک تحریک کو دفن کر دیں گی مگر وہ دیواریں بالآخر اس نظامِ نسلی امتیاز کے زوال کی گواہ بنیں جس نے منڈیلا کو قید کیا تھا۔ وہ رہا ہوا اقتدار تک پہنچا اور تاریخ نے اسے اپنے عہد کی آزادی کی علامت تسلیم کیا۔
محمد مرسی کی داستان مختلف ہے۔ مصر کے پہلے منتخب جمہوری صدر کو 2013ء میں فوج نے اقتدار سے معزول کیا۔ وہ قید ہوئے ان کی طبی نگہداشت اور دورانِ حراست حالات پر مسلسل سوالات اٹھتے رہے اور 2019ء میں عدالت میں پیشی کے دوران ان کا انتقال ہو گیا۔ وہ زنداں سے زندہ باہر نہ آ سکے۔ ان کی موت نے مصری ریاست اور ان کی تحویل کے ذمہ دار اداروں کے سامنے ایسے سوالات چھوڑے جنہیں تاریخ کے کٹہرے سے خارج نہیں کیا جا سکتا۔
عمران خان ان دونوں تاریخی راستوں کے درمیان کھڑا دکھائی دیتا ہے۔ اس کی قید نے اسے منڈیلا کی طرح ایک وسیع سیاسی علامت میں تبدیل کیا ہے مگر اس کی صحت کے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات مرسی کے انجام کی یاد بھی تازہ کرتی ہیں۔ یہ موازنہ شخصیات کی یکسانیت کا نہیں بلکہ اقتدار کے جبر اور قید کے نتائج کا ہے۔
پاکستان کے حکمرانوں کو شاید یہ ادراک نہیں کہ سیاسی شخصیات کو مقدمات سے محدود کیا جا سکتا ہے مگر عوامی حافظے سے محو نہیں کیا جا سکتا۔ ایک شخص کی آواز بند کرنے کے لیے ہزار دروازے بند کر دیجیے اس کے نام پر اٹھنے والی آوازوں کے لیے کون سا زنداں تعمیر کریں گے؟ ایک شخص کو تنہائی میں ڈال دیجیے مگر اس کے ساتھ وابستہ اجتماعی احساس کو کس کوٹھڑی میں بند کریں گے؟
شریف اور بھٹو زرداری خاندانوں کا کردار بھی اس تاریخ سے الگ نہیں۔ یہ وہ سیاسی خاندان ہیں جن کی اپنی تاریخ میں فوجی مداخلت، اقتدار سے بے دخلی اور جمہوری حقوق کے مطالبات کے ابواب موجود ہیں۔ آج یہی خاندان اپنے بڑے سیاسی حریف کو اقتدار کے میدان سے باہر رکھنے کے نظام کا حصہ ہیں اور جمہوریت کے حق میں تقریریں بھی کرتے ہیں۔ یہ سیاست کا کیسا عجب اصول ہے کہ جب عوام کا فیصلہ اپنے حق میں ہو تو جمہوریت مقدس اور جب فیصلہ کسی دوسرے کے حق میں ہو تو اس کے راستے میں انتظامی، قانونی اور سیاسی دیواریں کھڑی کر دی جائیں!
جمہوریت کوئی خاندانی جاگیر نہیں نہ کسی وردی کا اعزازی تمغہ ہے نہ کسی جماعت کا انتخابی منشور۔ یہ عوام کا حقِ حکمرانی ہے۔ اگر عوام کی رائے کو قبول کرنے کا حوصلہ نہیں تو جمہوریت کے نام پر خطابت کا یہ کاروبار بند ہونا چاہیے۔
مغربی حکومتوں کی خاموشی بھی اپنی جگہ ایک سوال ہے۔ وہ دنیا کے مختلف خطوں میں انسانی حقوق، سیاسی آزادی اور قیدیوں کے احترام کے لیے بیانات جاری کرتی ہیں۔ مسلم دنیا کے علمی و مذہبی ادارے بھی ظلم کے خلاف خطابت میں کوئی کمی نہیں کرتے۔ مگر جب یہی سوال پاکستان میں اٹھتا ہے تو اصولوں کی زبان پر مصلحت کے تالے پڑ جاتے ہیں۔ انسانی حقوق کی کوئی جغرافیائی سرحد نہیں ہوتی۔ قیدی کا مذہب، قومیت اور سیاسی جماعت اس کے بنیادی حقوق کا معیار نہیں بن سکتے۔ جو اصول فلسطین، مصر یا کسی دوسرے ملک کے لیے درست ہے وہ پاکستان کے ایک زندانی کے لیے بھی درست ہونا چاہیے۔
یہ معاملہ اب سفارتی بیانات اور سیاسی مناظروں سے آگے نکل چکا ہے۔ یہ ایک انسان کی زندگی، اس کے علاج اور اس کے بنیادی وقار کا معاملہ ہے۔ پاکستان کی تاریخ پہلے ہی ایسے واقعات سے بھری پڑی ہے جن کے اثرات اقتدار کے ایوانوں سے نکل کر نسلوں کے حافظے میں محفوظ ہو گئے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی اور بے نظیر بھٹو کا قتل محض دو سیاسی واقعات نہیں رہے وہ قومی تاریخ کے ایسے زخم ہیں جن پر وقت کی گرد بھی مکمل طور پر نہیں بیٹھ سکی۔
اقتدار کے ایوانوں کو سمجھنا چاہیے کہ کسی سیاسی رہنما کی موت اس کے سیاسی اثرات کی موت نہیں ہوتی۔ بعض اوقات ایک شخص کی زندگی ختم ہوتی ہے مگر اس کے نام سے ایک پوری تاریخ شروع ہو جاتی ہے۔ اگر عمران خان اپنی قید سے زندہ نکلتا ہے تو اسے ایک نئی سیاسی آزمائش کا سامنا ہوگا اور اگر دورانِ حراست اس کی موت طبی غفلت یا علاج میں کوتاہی کے غیر حل شدہ الزامات کے درمیان واقع ہوتی ہے تو یہ محض ایک قیدی کی موت نہیں ہوگی یہ ریاستی ذمہ داری، قانونی احتساب اور قومی ضمیر کا سوال بن جائے گا۔
منڈیلا زنداں سے نکلا تو اس کے جابروں کا نظام تاریخ کے حوالے ہو چکا تھا۔ مرسی زنداں سے نہ نکل سکا تو اس کی موت نے اقتدار کے دعووں پر سوالیہ نشان چھوڑ دیے۔ عمران خان کے سامنے ابھی زندگی کا راستہ موجود ہے بشرطیکہ قانون، عدالت اور ریاستی ذمہ داری اسے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس کا مطالبہ کوئی شاہی پروانہ نہیں کوئی استثنائی مراعت نہیں کوئی اقتدار کی بھیک نہیں وہ علاج، اہلِ خانہ سے ملاقات، قانونی حقوق اور انسانی وقار کا مطالبہ کر رہا ہے۔ ریاست اگر اپنے زیرِ حراست ایک شخص کو یہ بنیادی حقوق بھی فراہم نہیں کر سکتی تو پھر اس کے آئین، قانون اور عدل کے دعوے کس کام کے؟
اور آخر میں ان عالمی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں، مسلم حکمرانوں اور ترقی پسند دانش وروں سے ایک سوال ہے: کیا اصول صرف تقریروں کے لیے ہوتے ہیں؟ کیا انسانی حقوق کی حرمت کا فیصلہ قیدی کے نام اور اس کے سیاسی نظریے سے کیا جائے گا؟ کیا ظلم کی مذمت بھی اب دوست اور دشمن دیکھ کر کی جائے گی؟
تاریخ کے سامنے نہ کوئی عسکری رتبہ چلتا ہے نہ شاہی خاندان نہ سرکاری منصب اور نہ اقتدار کی مدت۔ وہاں صرف کردار، عمل اور ذمہ داری کا حساب ہوتا ہے۔
یاد رکھیے زنداں کی دیواریں انسان کو دنیا سے جدا کر سکتی ہیں تاریخ سے نہیں۔ ایک قیدی کی آنکھ کی بینائی چھن سکتی ہے مگر اس کے نام سے وابستہ سوالات کی روشنی نہیں چھینی جا سکتی۔
اور اگر کسی ریاست کو ایک قیدی کے سلام اس کی تلاوت اور اس کے علاج سے بھی خوف آنے لگے تو سمجھ لیجیے کہ خطرہ قیدی کو نہیں اس نظام کو لاحق ہے جو اپنے تمام تر اقتدار کے باوجود اعتماد سے محروم ہو چکا ہے۔
ظالم کا سب سے بڑا المیہ یہ نہیں کہ اس نے کسی کو قید کر دیا اس کا المیہ یہ ہے کہ جسے وہ قید کرتا ہے کبھی کبھی تاریخ اسے آزاد کر دیتی ہے اور جسے وہ تخت پر بٹھاتا ہے تاریخ اسے اپنے کٹہرے میں کھڑا کر دیتی ہے۔


