اردو زبان، کھوکھلا ہوتا تنا/ظفر سیـد

آپ نے ٹیلی ویژن پر وہ اشتہار دیکھا ہو گا جس میں بلیک اینڈ وہائٹ میں ایک صدی پرانے حلیے میں ملبوس شخص باوا آدم کے زمانے کے مائیک میں آرڈر دیتے ہوئے کہتا ہے، ’ایک لہسن والی ڈبل روٹی۔‘
اس پر رنگین تصویر میں ماڈرن دور کی ایک خاتون ناک بھوں چڑھاتی، ناگواری سے آنکھیں گھماتی، چینل بند کر دیتی ہے اور جدید زمانے کی ایک فوڈ ایپ سے کھانا آرڈر کر کے اپنے ترقی یافتہ ہونے کا ثبوت دیتی ہے۔
اب سوال یہ ہے کہ لہسن والی ڈبل روٹی گھسی پٹی، پرانی دھرانی، فرسودہ، بلکہ گھناونی کیوں اور ’گارلک بریڈ‘ ترقی یافتہ، جدید اور تروتازہ ہے؟
اس لیے کہ ہم سمجھتے ہیں کہ انگریزی ترقی یافتہ، جدید اور تر و تازہ زبان ہے اور اردو اس کے مقابلے پر گھسی پٹی، فرسودہ اور پرانی دھرانی ہے۔ یہ خیال اس قدر پکا ہو گیا ہے کہ ہم اس پر سوچتے ہی نہیں اور اسے تسلیم کر کے آگے بڑھ جاتے ہیں۔
(اور ستم تو یہ ہے کہ یہ کارروائی اردو کے ساتھ پہلی بار نہیں ہوئی، بلکہ کئی صدیاں پہلے بھی ہو چکی ہے۔۔۔ تفصیل نیچے آ رہی ہے)
آپ ملک کے ایک کونے سے دوسرے تک پِھر جائیے، ہر جگہ سڑکوں، علاقوں کے نام، حتیٰ کہ ڈرائیوروں کے لیے قیمتی اور بعض صورتوں میں جان بچانے والی معلومات، مثلاً No Entry، One Way وغیرہ بھی انگریزی میں لکھی ملیں گی۔ دکانوں کے نام آپ انگریزی میں پائیں گے۔ میں نے اسلام آباد میں اپنے گھر کے قریب ایک مارکیٹ میں جا کر دکانوں کے نام نوٹ کیے۔ یہ سارے نام اصلی ہیں:
Green Grocers, Cool Blades Saloon, Quetta Irfan Café, Awan Chemist, Students Pizza, One World Real Estate, White Rose Dry Cleaners, Mun Cheez 9T9
پوری مارکیٹ کی ستر اسّی کے لگ بھگ دکانوں میں صرف ایک بورڈ اردو رسم الخط میں لکھا ملا: ’الحمد ڈیری۔‘ یہ دودھ دہی کی دکان ہے، لیکن نام اس نے بھی ڈیری لکھوا رکھا ہے۔ مجھے معلوم ہے کہ ان میں سے اکثر دکان دار زیادہ پڑھے لکھے نہیں ہیں اور بہت سے شاید اپنی دکان کا نام انگریزی میں پڑھ بھی نہ سکتے ہوں، بہت سے گاہکوں کا بھی یہی حال ہو گا، مگر کسی سے کہلوا سنوا کر نام انگریزی میں لکھوا رکھا ہے۔
اشتہاری اردو، درباری اردو
ہم نے اوپر ٹیلی ویژن کے ایک اشتہار کی بات کی۔ یہ صرف ایک اشتہار کا معاملہ نہیں ہے، تمام اشتہار اسی ڈگر پر چل رہے ہیں۔ پہلے تو اکثر انگریزی میں ہوتے ہیں، یا اگر ناک پر رومال رکھ کر اردو بولنی بھی پڑ جائے تو یہ بھرتہ بنایا جاتا ہے: ’میں تو کرتی ہوں ہیئر کوم،‘ وہی نیچرل ایکسٹریکٹ، وہی نیچرل سموتھنیس،‘ ’کریم بنائے میری ہر ڈش ایکسٹرا سپیشل۔‘ حتیٰ کہ ان اشتہاریوں کو کبھی اردو لکھنی بھی پڑ جائے تو اسے اردو رسم الخط میں لکھتے ہوئے شرما کر رومن میں لکھنا پسند کرتے ہیں۔ یہی احوال شہروں میں بکھرے ہوئے بل بورڈوں کا ہے، ان پر ایک نظر دوڑا لیں کہ ان میں سے کتنے اردو میں ہیں۔
پھر میڈیا کی زبان سنیں۔ وہاں پر ’اردو‘ کے نام پر جو گفتگو ہوتی ہے، وہ آپ کے سامنے ہے۔ اکثر فقرے ہوبہو انگریزی سے اٹھا لیتے ہیں۔ اس سے بھی آگے چلے جائیں تو دو پڑھے لکھے لوگوں کی آپس کی بات چیت سن لیں، بس فقرے میں تھا، تھی لگا کر اوپر سے ہلکی سی اردو چھڑک لیتے ہیں، نیچے سارا ملغوبہ کچی پکی انگریزی کا۔
کرکٹ کی کمنٹری کی تو بات ہی نہ کیجیے۔ کوئی مجھے ذرا اس کی تُک سمجھا دے کہ اس ملک میں کتنے فیصد لوگ ہیں جو اردو نہیں سمجھتے، جن کے لیے انگریزی میں کمنٹری ضروری ہے؟ میرے لڑکپن میں گاؤں میں جب ہم کمنٹری سنا کرتے تھے تو بعض اوقات ایک چھوٹا سا ہجوم ریڈیو کے گرد جمع ہو جاتا تھا۔ جب افتخار احمد یا چشتی مجاہد صاحب سکون سے بولتے اچانک جذبات میں آ کر بلند آہنگ ہو جایا کرتے تھے تو کئی لوگ کمنٹیٹر کو گالی دے کر پوچھتے تھے کہ بتاؤ ظہیر عباس نے چھکا لگایا ہے یا آؤٹ ہو گیا ہے۔
تمام دفتروں میں، سرکاری ہوں یا نجی، کاغذی کارروائی انگریزی میں ہوتی ہے۔ ہر قسم کے نوٹس، اعلانات، بیانات، ای میل، وٹس ایپ انگریزی میں ہیں۔ عدالتیں فیصلے انگریزی میں جاری کرتی ہیں، چاہے کوئی سمجھے نہ سمجھے۔ اور تو اور، اسمبلی میں، جہاں عوامی نمائندے بیٹھتے ہیں، وہاں سپیکر صاحب رائے شماری بھی منھ ٹیڑھا کر ازمنۂ وسطی کی انگریزی میں کرواتے ہیں:
All those in favor of the motion say “aye.”
All those against the motion say “nay.”
ابے نقل کے اندھو، لکیر کے اسیرو، کم از کم اس ’آئے‘ اور ’نائے‘ کو ہاں اور نہ نہ سہی، یس اور نو تو کر لو!
اگر کوئی خلائی مخلوق اتر کر آ جائے اور اس کو بتایا جائے کہ اس ملک کے چالیس فیصد لوگ اپنا نام نہ لکھ پا کر انگوٹھا لگاتے ہیں، اور ایک فیصد سے کم چار فقرے درست انگریزی بول سکتے ہیں، تو وہ حیرت کے مارے زمین میں دھنس جائے گا۔
اب آپ پوچھیں گے کہ بھئی آخر اس کی کیا وجہ ہے؟ آخر اردو والوں کو کیا مصیبت پڑی ہے کہ اسے بولتے ہوئے ہچکتے پچکتے، ڈرتے مرتے جھجھکتے ہیں؟
وجہ اس کی نفسیات میں ڈھونڈی جا سکتی ہے۔ انفرادی نہیں، اجتماعی نفسیات۔ بات ذرا گہری ہے، اس لیے مجھے تھوڑی تفصیل میں جانے کی اجازت دیں۔
چھوٹی مچھلی، بڑی مچھلی
میں نے آٹھ برس پہلے سوات کے ایک دور دراز کے پہاڑ پر واقع گاؤں کے باسیوں کے بارے بی بی سی کے لیے ایک سٹوری کی تھی۔ اس گاؤں میں تین ایسے لوگ بستے تھے جو ایک ایسی زبان بولتے تھے (بدیشی) جو دنیا بھر میں معدوم ہو چکی تھی اور اس کے بولنے والے وہی آخری تین باقی بچے تھے۔ ان میں سے ایک صاحب سید گل نامی نے مجھے بتایا کہ ساٹھ ستر سال پہلے ہمارے بہت سے گھروں میں یہ زبان بولی جاتی تھی، مگر مسئلہ یہ تھا کہ آس پاس کے دیگر تمام دیہات میں ایک اور زبان (اشوجو) بولی جاتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ جب ہمارے بچے سکول میں بدیشی بولتے تھے یا ہم خود قصبے کے بازار میں جاتے تھے تو بدیشی سن کر اشوجو والے ہم پر ہنستے تھے۔ اس لیے ہم نے شرماشرمی میں گھروں سے باہر بدیشی بولنا ترک کر دی۔ اوپر سے ہم نے شادیاں اشوجو والی عورتوں سے کیں، جو گھروں میں بچوں سے اپنی زبان بولتی تھیں اور یوں رفتہ رفتہ اس زبان کی طنابیں اکھڑ گئیں۔
آپ نے اس مثال میں دیکھا کہ بدیشی والے اشوجو والوں کے سامنے اپنی زبان بولنے سے شرماتے تھے، کیوں کہ یہ چھوٹی زبان تھی، اس کے بولنے والے اقلیت میں تھے، ان کے پاس طاقت نہیں تھی، رسوخ نہیں تھا۔ یہ وقار والا معاملہ ہے، جس کی ہر انسان، چھوٹے بڑے، کمی چودھری، نوکر مالک کو شدید پروا ہوتی ہے۔ کوئی نہیں چاہتا کہ وہ اپنا وقار کم کرے، اسی وقار کی خاطر، یا یوں سمجھ لیجیے کہ ناک اونچی رکھنے کی خاطر چھریاں چل جاتی ہیں۔ تو نتیجہ یہ نکلا کہ بدیشی والوں نے اپنی زبان بولنا ہی چھوڑ دی۔
مزے کی بات، بلکہ افسوس کی بات یہ کہ جب میں نے اشوجو والوں سے بات کی تو انہوں نے کہا کہ تحصیل کی غالب زبان توروالی ہے جو ہماری زبان کو کھا رہی ہے۔ توروالی خود پشتو سے نالاں ہیں کہ اس پر پشتو حاوی ہے۔ پشتو والے کہتے ہیں کہ اردو پشتو کو ابھرنے نہیں دے رہی۔
گویا اردو چھوٹی مچھلیوں کو کھا رہی ہے لیکن خود اس کا پالا انگریزی جیسی شارک سے پڑ گیا ہے۔ اس کو سامنے دیکھ کر اردو والوں کے ہاتھ پاؤں پھول جاتے ہیں اور وہ اسی طرح خواہ مخواہ کے احساسِ کمتری کا شکار ہو جاتے ہیں۔
اس کی وجہ روشن ہے۔ انگریزی بولنے والی قومیں پچھلے دو سو سال سے دنیا پر راج کر رہی ہیں۔ ہم پر تو انگریز حکومت کر کے خصوصی احسان فرما گئے۔ نتیجہ یہ نکلا آج ہم اچھی انگریزی بولنے والے کے سامنے بلاوجہ دبک جاتے ہیں کہ ضرور بہت لائق ہو گا۔ کمپیوٹر، انٹرنیٹ، مصنوعی ذہانت وغیرہ انگریزی بولنے والے امریکہ کی ایجادات ہیں۔ اس لیے ان سے متعلقہ اصطلاحات بھی انگریزی سے آتی ہیں، جس سے انگریزی کی جکڑ اور مضبوط ہو گئی ہے۔
زبان کو عزت دو
چند ہفتے پہلے ملک کے مایۂ ناز صحافی جناب حامد میر نے اسلام آباد کے ایک علمی فورم میں بیٹھ کر زیرِ لب معنی خیز مسکراہٹ تلے فرمایا کہ اب ’بلیک ہول‘ کا اردو میں ترجمہ نہ کیجیے گا۔ کیوں نہ کیجیے گا بھائی؟ جو بات آپ زیرِ لب سمجھ گئے وہ فارسی والے ’سیاہ چالہ‘، عربی والے ’ثقب اسود،‘ ترک kara delik (یہ ’کارا‘ ہمارا والا کالا ہی ہے) فرانسیسی trou noir، جرمن Schwarzes Loch (لوخ نیس مونسٹر یاد آ گیا!)، اطالوی buco nero کہہ کر نہیں سمجھ پائے؟
بلیک سے وائٹ پر آ جائیے۔ کیا ہم وائٹ ہاؤس کو اردو میں ’سفید مکان‘ کہہ سکتے ہیں؟ ہرگز نہیں۔ لوگ آپ کی ذہنی صحت پر شک کرنے لگیں گے۔ لیکن جب ایرانی اسے ’کاخِ سفید‘ اور عرب ’البیت الابیض‘ کہتے ہیں تو کوئی ان کا ٹھٹھا کیوں نہیں اڑاتا؟
اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں انگریزی اصطلاح کا ترجمہ کرنا گناہِ کبیرہ سے کم نہیں سمجھا جاتا۔ مجھے یاد ہے کہ وائس آف امریکہ میں کسی صاحبہ نے ’ڈسٹرکٹ آف کولمبیا‘ کا ترجمہ ’ضلع کولمبیا‘ کر دیا تو پورا دفتر ہنس ہنس کر تہرا ہو گیا۔ ان صاحبہ کو پچکار پچکار کر سمجھایا گیا کہ بی بی، اصطلاحات کا ترجمہ نہیں ہوا کرتا۔
کیوں نہیں ہوا کرتا بھئی اصطلاحوں کا ترجمہ؟ اور یہ اصول کس نے ایجاد کیا ہے؟ کیا دوسری زبانوں کو بھی اس اصول کی خبر ہے یا یہ صرف اردو کے ساتھ مخصوص ہے؟ بتائیے سپائیڈر مین کو عربی میں کیا کہتے ہیں؟ ’الرجل العنکبوت!‘ فارسی میں؟ ’مردِ عنکبوتی۔‘ چینی ’ژی ژو شیا‘ کہتے ہیں، یعنی مکڑی ہیرو۔ آپ سوچ بھی سکتے ہیں کہ اردو میں کوئی ’مکڑی آدمی‘ کہہ سکے؟ یہ تصور مضحکہ خیز ہی نہیں، کراہت آمیز بھی لگتا ہے۔
کیوں؟ اس لیے کہ ہم اپنی زبان کی عزت نہیں کرتے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہماری زبان اس قابل نہیں ہے۔ بھلا زبان کا عزت کے ساتھ کیا تعلق ہے؟ یہ بات سمجھنے کے لیے مولانا ڈارون کا سہارا لینا پڑے گا۔
وقار کی تمنا
لاکھوں برس کے ارتقائی عمل نے انسان کے اندر ایک چیز کی تڑپ یوں راسخ کر دی ہے جیسے برف کے اندر ٹھنڈک یا پتھر میں سختی۔ اور وہ ہے وقار یا رتبے کی بلندی کی خواہش۔ اس کا گہرا تعلق بقا سے ہے۔ ہر انسان، کالا، گورا، امیر، غریب، بادشاہ، بھکاری، ولی، بدمعاش، وقار چاہتا ہے۔ یہ وقار مختلف چیزوں سے حاصل ہو سکتا ہے، اچھے کپڑے پہن کر، قیمتی گاڑی میں سفر کرتے، اچھے رویے سے، اور اچھی زبان بول کر۔ اس آخری بات پر خاص توجہ دیجیے گا کیوں کہ زبان کا گہرا تعلق وقار سے ہے۔
ایک اور بات سے بھی وقار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، اور وہ یہ کہ کامیاب کی نقل کرو۔ پتھر کے زمانے کے قبیلے میں جو شخص سردار بن جاتا تھا، اس کے ہاتھ میں فیصلہ سازی کی قوت آ جاتی تھی۔ کس کو شکار پر بھیجنا ہے، قبیلے نے کہاں رات گزارنی ہے، کب کوچ کرنا ہے، کس کی شادی کس سے کرانی ہے، کس کو جرم پر کیا سزا دینی ہے، کس کو قبیلہ بدر کرنا ہے، وغیرہ۔
ارتقائی عمل نے سکھایا کہ طاقتور شخص کی ہاں میں ہاں ملانے ہی میں بہتری ہے، چنانچہ عام لوگوں کی بڑی تعداد سردار کے طور طریقے، اٹھنے بیٹھنے کا انداز، لباس، اور اس کی بول چال اپنا کر سردار کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش میں مگن رہنے لگی کیوں کہ ایسا کرنے والے کی بقا کے امکانات بڑھ جاتے تھے۔ ماہرینِ ارتقائی نفسیات نے اسے ’وقار پر مبنی نقالی‘ (prestige-biased learning) کا نام دیا ہے۔
یعنی جب ہم کسی کامیاب شخص کو دیکھتے ہیں تو یہ تجزیہ نہیں کرنے بیٹھ جاتے کہ اس کی کس خصوصیت نے اسے کامیاب بنایا ہے، اس کی بجائے ارتقا نے ہمیں سکھایا ہے کہ ہم اس کی شخصیت کا پیکج سموچا اٹھا لیں۔ آپ نے دیکھا ہو گا کہ لوگ مشہور اداکاروں، گلوکاروں، سیاست دانوں، اور دوسرے کامیاب لوگوں کے لباس، بالوں کی تراش، لفظیات، اٹھک بیٹھک وغیرہ کی نقل کرتے ہیں (ساقی فاروقی نے احمد فراز کے بارے میں لکھا کہ وہ سگریٹ کی راکھ بھی فیض احمد فیض کے انداز میں جھاڑتا ہے)۔ شعوری طور پر شاید انہیں اندازہ نہ ہو لیکن لاشعور ان سے یہ کام اس لیے کروا رہا ہوتا ہے کہ شاید اسی طرح وہ بھی کامیاب ہو جائیں گے۔
ارتقائی عمل کے دوران جو لوگ یہ کام کرتے رہے، ان کی بقا کے امکانات بڑھتے گئے اور وہ یہ خصلت اپنے بچوں میں منتقل کرتے رہے اور جو اکڑ جاتے تھے، وہ اقلیت میں رہے یا پھر بقا کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے۔
اسی قدیم جبلت کا سافٹ ویئر آج بھی ہمارے اندر چل رہا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اب قبیلے کا سردار انگریزی بولتا ہے۔ وہ چونکہ کامیاب ہے، اس لیے ہم اس کی کامیابی کی دوسری وجوہات پر غور کرنے کی بجائے ٹائی باندھ کر اس کے لہجے کا چربہ اتار کر انگریزی بول کر اپنی ازلی جبلت کی تسکین کر رہے ہوتے ہیں۔ یہ معاملہ اسی طرح سے انسانی فطرت کا حصہ ہے جیسے حسد، لالچ، محبت، مامتا، نفرت، قوم پرستی، وغیرہ۔
یہی ارتقائی اصول بدیشی بولنے والوں پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ سو اشوجو بولنے والوں کے سامنے جب بدیشی بان گفتگو کرتے تھے تو وہ قلیل اور کمزور ہونے کی وجہ سے خود کو کمتر سمجھتے تھے اور اکثریت والے بھی انہیں الگ اور اجنبی سمجھ کر ان سے ویسا ہی سلوک کرتے تھے۔ لیکن آج اگر ان میں سے ایک بدیشی بان کی زمین میں سے سونا نکل آئے اور وہ وادی کا مالدار ترین شخص بن جائے تو پھر بقیہ وادی والے بدیشی سیکھنے کی کوشش کریں گے۔
وہ جو عرب کہتے ہیں کہ ’کلام الملوک ملوک الکلام‘ تو یہ ایسے ہی نہیں ہے۔ طاقتور کی زبان اس کی طاقت کے ساتھ پھیلتی ہے۔
تو اردو کا معاملہ یہ ہے کہ انگریزی کے مقابلے میں چونکہ اس کی طاقت نہ ہونے کے برابر ہے، اس لیے یہ زبان روز بروز پستی میں گرتی چلی جا رہی ہے۔ جب ہمارے طاقتور لوگ انگریزی میں کلام کرتے ہیں تو نچلے طبقوں والے شعوری یا لاشعوری طور پر مان لیتے ہیں کہ انگریزی بولنے سے ان کے دامن پر بھی طاقتور کی چھینک کا چھینٹا لگ جائے گا۔
افعال کا کال
اب ہم جو اردو سن رہے ہیں وہ اردو نہیں اردش ہے۔ بات اگر اسما تک رہتی تو شاید اتنا مسئلہ نہ ہوتا، کیوں کہ اسما تو بیٹیوں کی طرح ہوتے ہیں، دور دراز بیاہے جاتے ہیں اور وہیں بس جاتے ہیں، اور باہر سے بیاہ کر گھر لائے جاتے ہیں۔ لیکن اردو کی تحقیر کی نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ مردودے انگریزی کے لفظ بھی اردو افعال کی جگہ گھس بیٹھے ہیں (اور ستم تو یہ ہے کہ یہ کارروائی بھی اردو کے ساتھ پہلی بار نہیں ہوئی، بلکہ کئی صدیاں پہلے بھی ہو چکی ہے۔۔۔ تفصیل کے لیے ذرا صبر)۔
یہ فقرے دیکھیے، کیا ان میں ذرا برابر بھی کوئی چیز خلافِ معمول لگ رہی ہے:
– کب سے آپ کا ’ویٹ‘ کر رہا ہوں۔
– میں تمہیں بہت ’مِس‘ کر رہا ہوں۔
– میں نے آپ کو کل ’کال‘ کی تھی۔
– یہ فائل مجھے ’سینڈ‘ کر دیں۔
– کھانا ’آرڈر‘ کر لیں۔
– فون ’ری سٹارٹ‘ کر کے دیکھو۔
– میٹنگ ’کینسل‘ ہو گئی ہے۔
– ٹیچر نے ہماری کاپیاں ’چیک‘ کیں۔
– آج میں بہت ’بور‘ ہوا۔
– میری فلائیٹ کینسل ہو گئی۔
اس فہرست کو غور سے دیکھیے تو ایک ہی کہانی بار بار دہرائی جا رہی ہے۔ یہاں انگریزی نے جن اردو لفظوں کو لات مار کر باہر کیا (جانچنا، منگوانا، ملنا، بھیجنا، سمجھنا)، یہ اردو کے اکہرے، چست، اپنے پاؤں پر کھڑے فعل تھے۔ ان کی جگہ اب انگریزی کا ایک اسم آیا ہے اور اسے سہارا دینے کے لیے ہم نے ’کرنا‘ اور ’ہونا‘ کی بیساکھی تھما دی۔
آپ پوچھیں گے کہ افعال کا ختم ہونا اور ان کی جگہ بدیسی الفاظ کا آ جانا اسما کی منتقلی سے مختلف کیوں ہے؟
جواب یہ ہے کہ فعل زبان کا سب سے بنیادی اور سخت جان حصہ ہوتا ہے، وہ کس لیے کہ جملے کا ڈھانچہ اسی پر کھڑا ہوتا ہے۔ اسم صرف کسی چیز کا نام بتاتا ہے، فعل اپنے ساتھ صرف و نحو اٹھا کر چلتا ہے اور زمانہ، حالت، جنس، تعداد اور ضمیر کا تعین کرتا ہے۔
یہی نہیں، فعل یہ بھی طے کرتا ہے کہ جملے میں فاعل اور مفعول کیسے آئیں گے، مذکر و مونث کا تعین کیسے ہو گا، وغیرہ۔ اردو میں ’جانا‘ صرف ایک لفظ نہیں، بلکہ جاتا ہے، جائیں گے، جاتے تھے، جاتے رہے، جیسی درجنوں صورتوں کا ایک نظام ہے۔ کسی بیرونی فعل کو اپنانے کے لیے زبان کو اسے اپنے اسی پورے صرفی نظام میں ڈھالنا پڑتا ہے، جو آسان کام نہیں۔ دوسری طرف اسم بغیر کسی بڑی تبدیلی کے جملے میں بٹھایا جا سکتا ہے۔
دوسری وجہ ضرورت کی ہے۔ زبانیں عموماً نئی چیزوں اور نئے تصورات کے نام دوسری زبانوں سے ادھار پر لے لیتی ہیں، جیسے موٹر، ٹرین، ریڈیو، ٹیلی ویژن، کمپیوٹر، انٹرنیٹ، وغیرہ۔ لیکن کھانا، سونا، چلنا، دیکھنا اور بولنا جیسے بنیادی افعال ہر زبان میں پہلے سے موجود ہوتے ہیں، اس لیے انہیں باہر سے لینے کی ضرورت کم ہی پیش آتی ہے۔ یہ افعال روزمرہ میں اتنی کثرت سے استعمال ہوتے ہیں کہ نسل در نسل منتقل ہوتے رہتے ہیں اور بہت مشکل سے بدلتے ہیں۔
آپ نے دیکھا کہ فعل جیسی جڑ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ سے زبان کا پورا پیڑ ہل جاتا ہے۔ اور یہ کام اردو کے ساتھ تھوک کے حساب سے دن رات ہو رہا ہے۔
اور ستم تو یہ ہے کہ یہ کارروائی بھی اردو کے ساتھ پہلی بار نہیں ہوئی، بلکہ کئی صدیاں پہلے بھی ہو چکی ہے۔۔۔ تفصیل تھوڑی دیر میں۔۔۔ اس سے پہلے میں آپ کو استاذی محمد حسن عسکری کا ایک مضمون یاد دلانا چاہتا ہوں، ’قحطِ افعال۔‘
اس مضمون میں انہوں نے تین چوتھائی صدی قبل دہائی دی تھی کہ اردو میں افعال کا کال ہے اور یہ کہ اردو والوں نے ’فارسی الفاظ میں ’کرنا‘ یا ’ہونا‘ لگا کے فعل پر فعل گڑھنے شروع کر دیے اور جو اچھے خاصے دیسی لفظ موجود تھے، انہیں طلاق دیتے گئے۔‘ مزید لکھا کہ ’اب حال یہ ہو گیا ہے کہ کرنا یا ہونا کے سوا ہماری تحریر میں تیسرا فعل ڈھونڈے سے ملتا ہے۔‘
جاندار نثر کے لیے افعال کیوں ضروری ہیں، اس کا جواب عسکری صاحب نے یوں دیا کہ ’فعل ختم ہونے سے حرکت کا احساس ختم ہو جاتا ہے، جس سے اشیا کا احساس بھی مرنے لگتا ہے۔ اور زبان و بیان بالکل کھوکھلے ہو جاتے ہیں۔ یہ نثر ایسی ہوتی ہے جس گارے کے بغیر اینٹ پر اینٹ رکھی ہو۔‘
عسکری صاحب نے اسی مضمون میں لکھا کہ افعال کی قلت کی وجہ سے اردو میں عالمی معیار کی نثر لکھنا بےحد مشکل ہو گیا ہے۔
عسکری صاحب نے صرف مرض کی علامات کا ذکر کیا تھا، اس کی تاریخی، معاشرتی اور نفسیاتی وجوہات پر ان کی نظر نہیں گئی تھی، جو دراصل وہی ہیں جس کا احوال ہم اوپر انگریزی کے معاملے میں دیکھ چکے ہیں۔ میں اس پیچیدہ معاملے کو بہت سادہ بنا کر پیش کرتا ہوں۔
ہندوی، ہندی، ریختہ، اردو
اردو (اس وقت اس کا جو بھی نام ہو، آپ اپنی سہولت کے لیے ’ہندوی‘ کہہ لیجیے) دلی اور اس کے گرد و نواح میں بولی جاتی تھی۔ دلی کو 1193 میں قطب الدین ایبک نے فتح کر لیا، اور اس کے بعد 1857 تک اس پر مسلمانوں کے مختلف خاندان 664 برس تک یکے بعد دیگرے یہاں کے تخت پر براجتے رہے۔ یہاں شروع سے آخر تک فارسی سرکاری اور دفتری زبان رہی (اگرچہ شروع کی صدیوں میں محلات میں ترکی کا آوازہ بھی سنائی دے جاتا تھا)۔ اب دیکھیے کہ باہر شہر میں اردو بولی جا رہی ہے۔ عمال کو عوام سے بات کرنے کے لیے اردو کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔ افسران اردو بولنے والی عورتوں سے شادیاں کر رہے ہیں، بچے فارسی-اردو مخلوط گھروں میں پرورش پا رہے ہیں۔
دیکھیے کہ وہی انگریزی والا ماڈل صدیوں پہلے دہرایا گیا۔ اردو بولنے والے عام عوام کے اوپر فارسی بولنے والے حکام مسلط تھے، اس لیے اس زمانے کی اردو کا ٹینٹوا فارسی نے ہوبہو ویسے ہی دبایا جیسے آج انگریزی دبا رہی ہے۔ گویا اردو کے ساتھ انگریزی جو کچھ کر رہی ہے، وہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ اردو اس کی عادی ہے۔
تو پھر نتیجہ کیا نکلا کہ اردو ذخیرۂ الفاظ میں دھڑا دھڑ فارسی الفاظ نے سیندھ لگانا شروع کر دی۔ اسما تو آئے ہی آئے، فارسی الفاظ اردو افعال کی جگہ لینے لگے۔ افعال کے ساتھ ہم نے وہی کیا جس کا عسکری صاحب نے ذکر کیا تھا:
– میں مزید ’برداشت‘ نہیں کر سکتا۔
– مہمان ’روانہ‘ ہو گئے۔
– کب سے آپ کا ’انتظار‘ کر رہا ہوں۔
– بلب ’روشن‘ کر دو۔
– کھانا ’گرم‘ کرو (البتہ کسی فیمینسٹ سے نہ کہہ بیٹھیے گا!)
– میں تھوڑی دیر ’آرام‘ کروں گا۔
– میں تمہیں بہت ’یاد‘ کر رہا ہوں۔
– دونوں آپس میں ’گفتگو‘ کرنے لگے۔
– آج میں بہت ’پریشان‘ ہوا۔
(اس فہرست میں ایک لفظ ’انتظار‘ عربی کا ہے، یہ اور اس جیسے دوسرے سینکڑوں لفظ اردو میں فارسی کے توسط سے آئے ہیں اور اس سے میرے بنیادی نکتے پر فرق نہیں پڑتا۔)
تو ہوا کیا کہ فارسی سے ان لفظوں کو لے کر ان کے آگے کرنا اور ہونا لگانے سے ہمارے اپنے افعال پر گرد جمتی گئی اور رفتہ رفتہ ایسے سینکڑوں لفظ مٹی میں دب گئے اور آج انہیں فقرے میں استعمال کرنے والا چھوڑ، سمجھنے والا بھی کوئی اکیلا دکیلا ہی ملے گا۔ مجھے معلوم ہے کہ آپ نمونہ دیکھے بغیر نہیں مانیں گے (دیکھا آپ نے، ’ڈیمو‘ لکھتے لکھتے میں نے خود کو مشکل سے روکا ہے)۔ خود اپنی آنکھوں سے دیکھ لیجیے کہ فارسی کے دور میں یہ سودا ہمیں کتنے میں پڑا۔ یہ چند فعل ملاحظہ ہوں جو کبھی اردو میں عام تھے، اور ان کے سامنے وہ ترکیبیں جنہوں نے ان کی گدی سنبھال لی:
اساسنا سانس لینا
اپجنا پیدا ہونا، وجود میں آنا
ارجنا اکتساب کرنا، حاصل کرنا
بترنا عطا کرنا
برجنا منع کرنا
پرچنا متعارف ہونا، مانوس ہونا
پرکانا عادی کرنا، مانوس کرنا
اکلانا پریشان ہونا، مضطرب ہونا
بستارنا توسیع کرنا
باسنا معطر کرنا
پلپلانا نرم پڑ جانا
بیٹھارنا قائم کرنا
بیاپنا سرایت کرنا
بھیڑنا بند کرنا
بھوگنا برداشت کرنا
اکھرنا تکلیف دینا
اس فہرست سے پتہ چلا کہ ماضی میں جیسے کیسے کیسے کارآمد، رنگارنگ اور چلتے پرزے فعل موجود تھے، جو ایک زمانے میں اردو میں عام تھے اور ’اردو لغت تاریخی اصول پر‘ میں مثالوں کے ساتھ موجود ہیں۔ پھر رفتہ رفتہ یہ مدھم پڑنے لگے، 19ویں صدی میں شاذ ہوئے، البتہ کبھی کبھی تو 20ویں صدی میں بھی جھلکی دکھلا جاتے ہیں۔ مثلاً ’اپجنا،‘ بمعنی پیدا کرنا یا تخلیق کرنا 1930 میں بھی استعمال ہوا ہے۔ ’بیاپا‘ جیسا عمدہ لفظ 1873 تک میں مل جاتا ہے:
’خواجہ کا مرنا جس قدر مجھے اکھرا اس سے دونا میرے شوہر کو بیاپا۔‘
غور کیجیے کہ اسی ایک فقرے میں ایک کی جگہ دو کام کے فعل موجود ہیں اور دوسرا بھی متروک ہوا۔ یہ غلام حیدر خان کی کتاب ’فسانۂ معقول‘ کا اقتباس ہے۔ آج کا اردو ادیب اسی فقرے کو لکھے تو کیسے لکھے گا:
’خواجہ کے مرنے نے جس قدر مجھے تکلیف دی، اس سے دگنا میرے شوہر کو کوفت پہنچائی۔‘
’خواجہ کے مرنے نے مجھے جتنا دکھ دیا، اس سے زیادہ تکلیف میرے شوہر کو دی۔‘
’خواجہ کے مرنے سے مجھے جتنا کرب ہوا، اس سے زیادہ میرے شوہر کو ناگوار گزرا۔‘
آپ نے دیکھا کہ تین لفظ فالتو میں بڑھانا پڑے، فقرے کی چستی جاتی رہی اور دیسی افعال کا فوری کرارا پن ’دی،‘ ’ہوا،‘ اور ’پہنچائی‘ کے بےڈھنگے پنے نے کافور کر دیا۔ ’اکھرنا‘ کو دیکھیے، کتنا متحرک فعل ہے۔ یہ بیچارہ 20ویں صدی کے شروع میں لکھا جاتا تھا، پھر فارسی کو پیارا ہو گیا۔ صاحبِ طرز ادیب ڈپٹی نذیر احمد کا فقرہ ہے:
’انسان کو مالی نقصان بدنی تکلیفات سے زیادہ اکھرتا ہے۔‘
اسی سے یاد آیا کہ اسی معنی میں پرانی کتابوں میں ایک لفظ اور بھی پڑھا ہے، ’کلپنا۔‘
’یہ رات دن کلپنا مجھ سے نہیں سہا جاتا۔‘
یہ جملہ معروف اردو ادیب برجموہن دتاتریا کیفی دہلوی نے بہت دور نہیں، 1914 میں اپنے ڈرامے ’رام دلاری‘ میں لکھا تھا۔ اب کوئی مجھے اس فقرے کو ہونا اور کرنا کے ساتھ یوں لکھ کر دکھا دے کہ اصل کا سوز اور کیفیت برقرار رہے۔
آپ ان اردو افعال پر غور کیجیے۔ ہر فعل اپنے ساتھ ایک مخصوص کیفیت لے کر آیا ہے۔ ’اکھرنا‘ میں کسی چیز کا طبیعت پر گراں گزرنا ہے۔ ’کلپنا‘ میں اندر ہی اندر گھلنے، کڑھنے اور تڑپنے کی کیفیت ہے۔ ’بیاپنا‘ میں کسی احساس یا اثر کا پھیل کر چھا جانا ہے۔
ان کی جگہ ہم ’ناگوار محسوس ہونا‘، ’اذیت میں مبتلا ہونا‘ یا ’اثر انداز ہونا‘ کہہ سکتے ہیں۔ بات سمجھ میں آ جائے گی۔ مگر کیا ہر بار وہی کیفیت پیدا ہو گی؟
اردو کے طالب علم میری یہ بات پلے سے باندھ کر گرہ لگا دیں کہ فقرے کی جان استعارے، تشبیہ، بھاری بھرکم الفاظ میں نہیں، بلکہ جاندار، ٹھوس اور کھرے فعل میں پنہاں ہوتی ہے۔ اچھا اور متحرک فعل پورے فقرے کو چمکا دیتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ فعل کوئی کام وقوع پذیر ہوتے ہوئے دکھاتا ہے اور قاری اس کی مدد سے منظر کے اندر پہنچ جاتا ہے۔ یہ وہی چیز ہے جسے فکشن کی کلاسوں میں پڑھایا جاتا ہے کہ ’شو، ڈونٹ ٹیل‘ یعنی ’دکھاؤ، بتاؤ نہیں۔‘ اسما، ضمیر، حرفِ صفت وغیرہ ’بتاتے‘ ہیں، فعل ’کر کے‘ دکھاتا ہے۔
اس بحث سے پتہ چلا کہ جب فعل ہماری فعال لغت سے نکل جاتے ہیں تو صرف ایک متبادل کم نہیں ہوتا۔ ایک پورا اسلوب، ایک خاص طرح کا جملہ، ایک مخصوص آہنگ بھی ہمارے ہاتھ سے نکل جاتا ہے۔
زبان کی طاقت اس میں نہیں کہ اس کے پاس ایک ہی طرح کے الفاظ ہوں۔ طاقت اس میں ہے کہ لکھنے والے کے پاس انتخاب ہو۔ وہ چاہے تو ’اضطراب‘ لکھے، چاہے تو ’گھبراہٹ،‘ چاہے تو تکلیف پہنچنا لکھے چاہے تو ’کلپنا۔‘ مگر یہ انتخاب اسی وقت ممکن ہے جب دونوں لفظ اس کے پاس موجود ہوں۔
سوچیے کہ ان مفید افعال کی گردن مار کر اور ان کی بجائے ہونا اور کرنا کی گردان کر کے ہم نے زبان کے ساتھ کون سی نیکی کی ہے۔ اب جب کوئی اردو ادیب ہر کام دکھانے کے لیے ایک اسم ڈھونڈ کر اس کے ساتھ ’کرنا‘ چسپاں کر دیتا ہے، تو متحرک منظر کے آگے کرنا کے بھدے پن کی جالی منظر کو دھندلا دیتی ہے۔ کردار چلنے، بھاگنے، لپکنے، جھپٹنے، لڑکھڑانے، رینگنے اور دبکنے کے بجائے مختلف ’افعال کی انجام دہی‘ کرنے لگتے ہیں۔ اور یوں نثر میں زندگی کم ہوتی جاتی ہے، پیچھے کارروائی رہ جاتی ہے۔
کردن، شدن، بودن
مزے کی بات یہ ہے کہ فارسی نے جو فعل اردو کے ساتھ کیا، وہی حرکت عربی نے اس کے ساتھ صدیاں قبل کر لی تھی اور فارسی والوں نے بھی عربی لفظوں کے ساتھ کردن، دادن، گرفتن اور شدن وغیرہ کے دم چھلے لگا کر صنعتی پیمانے پر فعل بنانا شروع کر دیا تھا۔ فارسی میں آپ کو انتظار کردن، شروع کردن، ختم کردن، قبول کردن، نظر کردن، سوال کردن، حرکت کردن، دعوت کردن، وغیرہ کی ایک لمبی فہرست لہلہاتی نظر آئے گی۔ وجہ بھی وہی ہے کہ عربی اقتدار کی زبان تھی۔ لیکن فارسی کی قسمت اچھی تھی کہ دو تین صدیوں کے اندر ہی اسے اپنے دربار مل گئے۔ سامانیوں، غزنویوں، سلجوقیوں اور ان کے بعد آنے والوں نے اسے تخت پر بٹھایا، اور جس زبان کو تخت مل جائے اسے وقار خود بخود مل جاتا ہے۔ اس لیے عربی کے غلبے کے باوجود زبان نے سنبھالا لے لیا اور عربی الفاظ کو جذب کر کے ایک نیا اسلوب وضع کر لیا اور بارہ سو سال سے چلتی آ رہی ہے۔
اردو کے ساتھ یہ ہوا کہ سر منڈاتے ہی اولے پڑے۔ جونہی یہ مغل دربار تک پہنچی، اس کے نیچے سے انگریز نے قالین کھینچ لیا۔ گویا پھڑکنے کا موقع دیے بغیر دبوچ لیا۔
اور اب ہم اس بحث کے نازک موڑ پر آ پہنچے ہیں۔ آپ کہیں گے کہ بھائی میاں، اگر یہ کام صدیوں سے ہوتا چلا آ رہا ہے، عربی فارسی کے ساتھ کر چکی، فارسی اردو کے ساتھ کر چکی، اسی عربی آمیز فارسی نے حافظ و سعدی پیدا کیے، اور اسی فارسی کی بدولت اردو کو میر و غالب نصیب ہوئے، آج اگر انگریزی وہی کر رہی ہے تو زمین میں کون سی دراڑیں پڑ گئی ہیں یا آسمان تڑخ گیا ہے؟
مجھے سر آنکھوں پر تسلیم ہے کہ فارسی نے اردو کی جھولی میں مٹھیاں بھر بھر کر لفظ ڈالے، صرف لفظ ہی نہیں، اصطلاحیں دیں (خدا، پیغمبر، نماز، روزہ، بہشت، دوزخ، فرشتہ، جیسے بنیادی مذہبی الفاظ تک ہم نے فارسی سے لیے ہیں)، تراکیب دیں، استعارے دیے، اٹھا کر شاعری کی پوری ٹکسال حوالے کر دی (شکریہ شاہ گلشن صاحب!) لیکن وہ جو انگریز کہتے ہیں کہ دنیا میں لنچ مفت نہیں ہوتا، سو ہمیں اس سودے کی بھی قیمت اپنے مقامی الفاظ کی قربانی دے کر چکانی پڑی۔
فارسی نے جو کیا سو کیا، کم از کم اس کے بدلے ہمیں ایک ادبی زبان تو ملی۔ انگریزی اب جو کر رہی ہے وہ یہ کہ فارسی کے بعد جو رہی سہی، بچی کھچی دیسی جڑیں باقی تھیں، انہیں بھی کاٹ رہی ہے، اور بدلے میں ہمیں ’اُردش‘ تھما رہی ہے۔
فارسی اور انگریزی کے اردو پر یورش میں فرق ہے۔ فارسی بتدریج آئی، صدیاں لگ گئیں۔ اس لیے اردو کا ہاضمہ سلامت رہا۔ اس نے فارسی کے لفظ نگلے نہیں، چبا کر اپنے خون میں شامل کیے۔ خرید سے خریدنا بنایا، بخش سے بخشنا، آزما سے آزمانا، اور یہ لفظ ایسے گھل مل گئے کہ آج کوئی انہیں پرایا نہیں کہتا۔ رسم الخط بھی ایک تھا، اس لیے لفظ آیا تو اردو کا لباس پہن کر آیا۔ آج حال یہ ہے کہ ہم ’سیاہ سوراخ‘ کہنے کی ہمت نہیں کر پاتے، ’کینسلنا‘ یا ’ویٹنا‘ کہنا تو دور کی بات ہے۔ انگریزی سے لفظ جوں کا توں آتا ہے، اور اب تو اپنا رسم الخط بھی ساتھ لا رہا ہے۔ فارسی کے دور میں اردو کھا رہی تھی، آج اردو کھائی جا رہی ہے۔
اس بات کی وضاحت ضروری ہے کہ مجھے نئے لفظ کی آمد پر اعتراض نہیں۔ کمپیوٹر کو کمپیوٹر کہیے، موبائل کو موبائل، ان کا کوئی دیسی مکین تھا ہی نہیں، اور جہاں گھر خالی ہو وہاں مہمان ٹھہرانے میں کیا حرج ہے۔ اعتراض اس پر ہے کہ ہم اچھے بھرے رستے بستے مکان سے مکینوں کو ڈنڈے مار کر بےگھر کر رہے ہیں اور ان کی جگہ انگریزی لفظ بسا رہے ہیں، صرف اس لیے کہ لوگ ہمیں پڑھا لکھا، امیر، اور جدید سمجھیں۔
اس سے کیا ہوتا ہے کہ اپنا لفظ پہلے حاشیے پر کھسکتا ہے، پھر رفتہ رفتہ متروکات کے اندھے کنویں میں جا گرتا ہے، جہاں سے کم ہی کسی کو واپس آنا نصیب ہوتا ہے۔
اردو بدیشی نہیں ہے۔ اسے کروڑوں لوگ بولتے ہیں، اور اسے یہ خطرہ نہیں کہ کل اس کے آخری تین بولنے والے کسی پہاڑی گاؤں میں بیٹھے آہیں بھر رہے ہوں گے۔
پچھلے مضمون میں میں نے لکھا تھا کہ اردو نے تین بڑی زبانوں کا دودھ پیا ہے اور اسی سے اس میں قوتِ مدافعت آئی۔ میں اس بات پر قائم ہوں۔ لیکن قوتِ مدافعت اسی جسم کے کام آتی ہے جسے خوراک ملتی رہے۔ کیوں کہ زبانیں صرف مرتی ہی نہیں، کھوکھلی بھی ہو جاتی ہیں۔ ڈھانچہ کھڑا رہتا ہے، اندر سے دیمک چاٹ جاتی ہے۔ بدیشی والوں نے شرم کے مارے اپنی زبان گھر کے اندر بند کر دی تھی، ہم شرم کے مارے اپنی زبان کے لفظ ایک ایک کر کے گھر سے باہر نکال رہے ہیں۔
تو پھر کیا کیا جائے؟ واحد حل یہ ہے کہ اردو کو اقتدار کی زبان بنایا جائے (یہ پاکستان کے آئین میں لکھا ہوا ہے اور سپریم کورٹ اس پر حکم بھی صادر کر چکی ہے)۔ ہم اپنی جبلت تو بدل سکتے نہیں، لیکن یہ ضرور کر سکتے ہیں کہ سردار اردو بولنا شروع کر دے۔ اس سے روزی روٹی وابستہ ہو، گویا وہی ڈارون والا فارمولا۔ تب جا لوگ اس زبان کی تحریریں پڑھیں گے، اور اسے سنجیدگی سے لیں گے۔
جس دن کوئی ماڈرن خاتون ٹی وی پر ’ایک لہسن والی ڈبل روٹی‘ سن کر آنکھیں گھمانے کی بجائے مسکرا کر کہے گی کہ ہاں بھئی، آج یہی منگواتے ہیں، اور جس دن حامد میر صاحب بلیک ہول کا ترجمہ کرنے سے نہیں شرمائیں گے، اس دن سمجھ لیجیے گا کہ اردو کے نیم مردہ تنے سے نئی کونپلیں پھوٹنے لگی ہیں۔
@highlight

اپنا تبصرہ لکھیں