سوشل میڈیا پر سرگرم اخلاقی بریگیڈ مسلسل ایک ہی رٹ لگائے ہوئے ہے کہ جب ربیعہ احسن کا خاندان اس مقدمے کی پیروی کرنے کو تیار نہیں، گھریلو ناچاقی کی تردید کر رہا ہے اور ان کے بقول ربیعہ اپنے شوہر کے ساتھ ہنسی خوشی زندگی گزار رہی تھیں، تو پھر ہمیں کیا مسئلہ ہے؟ ہمیں ان کی بچیوں کے مستقبل کا سوچنا چاہیے اور اس معاملے کو مزید نہیں اچھالنا چاہیے۔ میں ان تمام اخلاقی مبلغین سے رہنمائی چاہتا ہوں کہ اپنی کولیگ ربیعہ احسن کی زندگی میں ان کی اپنی زبان سے کہی گئی اور میرے اپنے کانوں سے سنی ہوئی باتوں کو اہمیت دوں یا ان کے قتل کے بعد خاندان کی جانب سے آنے والے متضاد بیانات کو؟ یہ وہ سوال ہے جو مسلسل میرے ذہن میں گردش کر رہا ہے۔
ہماری عزیز ساتھی ربیعہ احسن اب اس دنیا میں نہیں رہیں۔ وہ اپنا مؤقف بیان کرنے، اپنی بات کی وضاحت کرنے یا اپنے ساتھ پیش آنے والے حالات کے بارے میں مزید کچھ بتانے کے لیے موجود نہیں ہیں۔ لیکن ہم تو موجود ہیں، جن سے وہ روزانہ اپنے گھریلو مسائل اور پریشانیوں پر بات کرتی تھیں۔ کیا ہم ان کی باتوں کو بھلا دیں؟ کیا ہم بھی خاندانی مصلحتوں اور سماجی دباؤ کے سامنے خاموشی اختیار کر لیں؟ کیا بچیوں کے مستقبل کی فکر کا تقاضا یہ ہے کہ ان کی ماں کی آواز بھی ہمیشہ کے لیے خاموش کر دی جائے؟ یا پھر ہم اپنی ساتھی کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتے رہیں، چاہے اس کی ہمیں کوئی بھی قیمت ادا کرنا پڑے؟
میں خود بیٹیوں کا باپ ہوں اورعامر متین صاحب بھی بیٹی کے باپ ہیں۔ ہمیں اچھی طرح احساس ہے کہ بچوں کے لیے والدین کی موجودگی اور ان کا تحفظ کتنا ضروری ہے۔ ربیعہ کی بچیوں کے مستقبل کے حوالے سے ہماری تشویش بھی کسی سے کم نہیں۔ لیکن کیا ان بچیوں کے مستقبل کا واحد راستہ یہی ہے کہ ان کی ماں کے قتل کی تحقیقات کو پس پشت ڈال دیا جائے؟ کیا ان کے لیے انصاف اور محفوظ مستقبل ایک ساتھ ممکن نہیں؟ یہ بھی تو سوچنا چاہیے کہ ان بچیوں نے اپنی ماں کو ہمیشہ کے لیے کھو دیا ہے۔ ان کے اس نقصان کا ازالہ کون کرے گا؟ ہمیں یہ فیصلہ کرنے کا حق نہیں کہ ان بچیوں کے لیے کیا بہتر ہے، لیکن یہ سوال اٹھانے کا حق ضرور ہے کہ ان کی ماں کے ساتھ کیا ہوا اور کیوں ہوا۔
ربیعہ محض ایک پیشہ ور ساتھی نہیں تھیں۔ وہ روزانہ ہمارے ساتھ کام کرتی تھیں اور اپنے گھریلو مسائل کے بارے میں مجھ سے اور عامر متین صاحب سے اور کئی دفعہ ٹیم کے دوسرے ممبران کی موجودگی میں بھی کھل کر گفتگو کرتی تھیں۔ ہم ان کی بہت سی پریشانیوں سے براہ راست آگاہ تھے۔ ان کی باتوں کو محض اس لیے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ آج وہ خود ان کی تصدیق کے لیے موجود نہیں ہیں۔
ہم اپنی ساتھی کے قتل کے محرکات کی تحقیقات میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔ پولیس جب چاہے ہمارے بیانات ریکارڈ کر سکتی ہے۔ ضرورت پڑی تو عدالت سمیت ہر قانونی فورم پر وہ تمام متعلقہ باتیں بتائیں گے جو ربیعہ نے خود ہم سے کی تھیں۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ ان گفتگوؤں سے کسی کا جرم ثابت ہو جاتا ہے، لیکن ان میں ایسی معلومات ہو سکتی ہیں جو تفتیش کو درست سمت میں آگے بڑھانے میں مدد دیں۔ ان کا جائزہ لینا تفتیشی اداروں کی ذمہ داری ہے۔
ربیعہ کے قتل کے بعد خاندان کے مؤقف میں سامنے آنے والے تضادات نے معاملے کو مزید الجھا دیا ہے۔ خاندان کے اپنے حالات، مجبوریاں یا تحفظات ہوں گے لیکن ان بیانات کو ربیعہ کی زندگی میں ان کی جانب سے بیان کیے گئے حالات کا متبادل کیسے سمجھ لیا جائے؟ اگر خاندان کے بعض افراد مقدمے کی پیروی نہیں کرنا چاہتے تو یہ ان کا مؤقف ہو سکتا ہے، لیکن کیا اس بنیاد پر اس ناحق قتل کی حقیقت جاننے کی ضرورت ہی ختم ہو جاتی ہے؟
تازہ پیش رفت کے مطابق راولپنڈی کی عدالت نے ربیعہ احسن کے قتل کے مقدمے میں نامزد ان کے شوہر احسن طاہر کا مزید چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ہے۔ ایک روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر انہیں سول جج محمد نصر اللہ وٹو کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے مزید تفتیش کے لیے تھانہ صدر بیرونی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ مقدمہ ابھی تفتیش کے مرحلے میں ہے۔ احسن طاہر ملزم ہیں اور ان کے جرم یا بے گناہی کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے۔ ہم کسی کو ثبوت کے بغیر مجرم قرار دینے کے حق میں نہیں، لیکن تفتیش مکمل ہونے سے پہلے کسی کو بے گناہی کا سرٹیفکیٹ دینے کا بھی کیا جواز ہے؟
اگر یہ واقعی ایک حادثہ تھا تو اس کی حقیقت بھی شواہد سے سامنے آنی چاہیے۔ اگر قتل ہوا ہے تو اس کے محرکات اور ذمہ داری کا تعین بھی قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔ یہ فیصلہ سوشل میڈیا کی عدالت، خاندانی بیانات یا ہماری ذاتی رائے کی بنیاد پر نہیں ہو سکتا۔
مجھے اس سارے معاملے میں سب سے زیادہ پریشان ہمارے معاشرے کا وہ رویہ کرتا ہے جس میں کسی عورت کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر انصاف سے پہلے مصلحتوں کی بات شروع ہو جاتی ہے۔ کبھی خاندان کی عزت، کبھی بچوں کا مستقبل، کبھی رشتوں کا احترام اور کبھی معاشرتی دباؤ۔ ان تمام باتوں کی اپنی اہمیت ہو سکتی ہے، لیکن کیا ان کے نام پر ایک انسانی جان کے ضیاع کو معمولی واقعہ سمجھ لیا جائے؟
ہم اکثر ایسے معاملات میں آسان راستہ اختیار کرتے ہیں۔ چند دن افسوس کرتے ہیں، پھر کوئی نہ کوئی جواز تلاش کر کے معاملے پر مٹی ڈال دیتے ہیں۔ یوں نہ صرف سوالات ادھورے رہ جاتے ہیں بلکہ یہ پیغام بھی جاتا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ سب کچھ بھلایا جا سکتا ہے۔
ہمارے لیے بھی خاموش رہنا سب سے آسان راستہ ہے۔ نہ کسی سے اختلاف ہوگا، نہ کسی کی ناراضی مول لینا پڑے گی اور نہ سوشل میڈیا پر اخلاقیات کے ٹھیکیداروں کے سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ لیکن کیا ہم کل اپنے ضمیر کو مطمئن کر سکیں گے کہ ہماری ساتھی ہم سے اپنی پریشانیاں بیان کرتی رہی اور جب اس کی موت کے بعد ان باتوں کی اہمیت سامنے آئی تو ہم نے مصلحتاً خاموشی اختیار کر لی؟
ہم ربیعہ کے خاندان کے مخالف نہیں، نہ ان کی بچیوں کو مزید کسی تکلیف میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہماری خواہش صرف یہ ہے کہ تحقیقات آزادانہ اور شفاف ہوں، تمام متعلقہ شواہد اور بیانات سامنے آئیں اور حقیقت کا تعین قانون کے مطابق ہو۔
ربیعہ کی زندگی میں ان کی اپنی زبان سے کہی گئی باتوں کو بھی وہ اہمیت ملے جس کی وہ مستحق ہیں۔ ہمیں کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، لیکن اپنی ساتھی کے لئے انصاف کے حصول کا تقاضا یہ ضرور ہے کہ ہم سچائی سامنے لانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اگر ہم بھی مٹی پاؤ کی روایت کا حصہ بن گئے تو پھر آئندہ کسی ربیعہ کو یہ اعتماد کیسے ہوگا کہ اس کی بات سننے والے، ضرورت پڑنے پر اس کے لیے آواز بھی اٹھائیں گے؟
https://rightnow.pk/opinion/2026/11/10/106372/
#JusticeForRabiya #JusticeForRabiaAhsan


