نطشے سے سوشلزم تک: علی حسن اور ڈاکٹر تیمور رحمن کی بحث پر /شاداب مرتضیٰ

علی حسن اور ڈاکٹر تیمور رحمن کی بحث نطشے اور پوپر سے ہوتی ہوئی سوشلزم کی طرف آگئی۔ علی حسن نے کہا کہ سرمایہ دار اور مزدور مخالف طبقے نہیں معاون طبقے ہیں۔ ڈاکٹر تیمور رحمن کہتے ہیں کہ یہ غلط ہے۔ یہ معاون نہیں مخالف طبقے ہیں۔ علی حسن کہتے ہیں سرمایہ دار اور مزدور طبقاتی اشتراک کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر تیمور کہتے ہیں کہ نہیں کر سکتے۔ علی حسن طبقاتی اشتراک و تعاون کا، طبقاتی مفاہمت کا نظریہ پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر تیمور اسے مسترد کرتے ہیں اور اس کی جگہ طبقاتی جدوجہد کا نظریہ پیش کرتے ہیں۔ علی حسن کیپٹلزم کا دفاع کرتے ہیں ڈاکٹر تیمور سوشلزم کا۔

یہاں تک تو بات صاف رہتی ہے مگر پھر ایک مسئلہ کھڑا ہو جاتا ہے۔ علی حسن چین کو طبقاتی اشتراک، مشترکہ ترقی اور کیپٹلزم کا ماڈل کہتے ہیں لیکن ڈاکٹر تیمور اسے طبقاتی جدوجہد کا، سوشلسٹ ترقی کا، یعنی سوشلزم کا ماڈل کہتے ہیں۔

یوں ہمارے سامنے ایک ماڈل کی دو بالکل الٹ تعبیریں آتی ہیں اور سوال پیدا ہوتا ہے کہ چین کیپٹلزم کا ماڈل ہے یا سوشلزم کا؟ بیک وقت وہ دونوں نہیں ہو سکتا۔ اگر چین کا ماڈل کیپٹلزم اور سوشلزم دونوں کا مرکب ہے تو اسے ہم “طبقاتی اشتراک” سے الگ کیسے کریں گے؟ ہم کیسے یہ کہیں گے، مثال کے طور پر، کہ 1980ء کی دہائی میں ڈینگ ژیاؤ پنگ کی سرمایہ دارانہ اصلاحات کے دور میں (اور اس کے بعد سے اب تک) چین میں سرمایہ داروں اور مزدوروں نے “طبقاتی اشتراک” نہیں کیا بلکہ ایک دوسرے کے خلاف “طبقاتی جدوجہد” کی ہے اور آج کے چین کی یہ بے مثال ترقی مزدوروں اور سرمایہ داروں کی طبقاتی جدوجہد کا نتیجہ ہے جس میں کمیونسٹ پارٹی کی حکومت نے مزدور طبقے کے مفادات کے نمائندگی کی ہے؟

اگر یہ کہا جائے کہ چین سوشلزم کا ماڈل ہے کیونکہ بے شک اس کی اکنامی کا بڑا حصہ کیپٹلسٹ ہے لیکن پولیٹیکل پاور کمیونسٹ پارٹی کے پاس ہے تو اس پر یہ دلیل لائی جا سکتی ہے کہ چین کیپٹلزم کا ماڈل ہے کیونکہ بے شک پولیٹیکل پاور کمیونسٹ پارٹی کے پاس ہو لیکن معیشت میں کیپٹلزم کا غلبہ ہے۔

سچ کہیں تو یہ “معاشی” دلیل “سیاسی” دلیل سے زیادہ مضبوط دلیل ہو گی کیونکہ اصل طاقت، مادی طاقت “معیشت” ہوتی ہے۔ سیاسی ڈھانچہ مادی بنیاد یعنی معیشت پر کھڑا ہوا ایک بالائی ڈھانچہ ہوتا ہے۔ محض سیاسی اقتدار اپنی ذات میں کچھ نہیں ہوتا جب تک کہ وہ حکمران طبقے کے معاشی مفادات پورے نہ کرے۔ سیاسی اقتدار ریاستی طاقت کے ذریعے معاشی مفادات پر عملدرآمد کرنے کا آلہ ہوتا ہے۔ مثلا، آج اگر پاکستان میں بادشاہت قائم ہو جائے تو کیا ہم جاگیردارنہ معیشت اپنا لیں گے یا پھر بادشاہ کو معیشت اسی ڈھنگ سے چلانی ہو گی جو کہ اب دنیا کا رائج طریقہ ہے یعنی کیپٹلزم؟ معاشی نظام کیپٹلزم اور سیاسی نظام سوشلزم، یہ سیاست اور معیشت میں طبقاتی اشتراک نہیں تو اور کیا ہے؟ اگر کمیونسٹ پارٹی کی اکنامک پالیسی 40 سال سے زیادہ عرصے سے “مارکیٹ والا سوشلزم” ہے تو یہ سیاست اور معیشت میں “طبقاتی اشتراک” کی علامت نہیں تو اور کیا ہے؟ یہ کہا جا سکتا ہے کہ چین کی “مارکیٹ اکنامی” سرمایہ دارانہ مارکیٹ اکنامی سے مختلف ہے۔ اگر ایسا ہے تو ہمیں چین کو ماقبل سرمایہ دار زمانے میں لے جانا ہو گا کہ کیونکہ انفرادی محنت اورملکیت پرمبنی ایسی مارکیٹ اکنامی صرف سرمایہ داری سے پہلے کے پیداواری نظاموں میں پائی جاتی تھی۔

یقینا معاشی بنیاد پر کھڑا بالائی ڈھانچہ، سیاسی ڈھانچہ، محض مفعول نہیں ہوتا بلکہ فاعل بھی ہوتا ہے۔ وہ بھی معاشی بنیاد پر، معاشی ڈھانچے پر اثر انداز ہوتا ہے، اس میں تبدیلیوں کا باعث بنتا ہے۔ لیکن اس حقیقت کی روشنی میں ہم چین میں سیاسی ڈھانچے کے کردار کو، کمیونسٹ پارٹی کی حکمرانی کو دیکھیں تو ہمیں گزشتہ چالیس سال سے یہ دکھائی دیتا ہے کہ “مارکیٹ ہی وسائل کے انتظام اورتقسیم کا واحد درست آلہ ہے” اور “مرکزی منصوبہ بندی معیشت میں خرابی پیدا کرتی ہے۔” سیاسی معیشت کے ماہرین اور خاص طور پرمارکسسٹ پولیٹیکل اکنامسٹوں کو ظاہر ہے اس بات کا مطلب سمجھانے کی ضرورت نہیں۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کی معاشی پالیسی سرتاسرسرمایہ دارانہ معاشی پالیسی ہے۔

ہاں چینی کمیونسٹ پارٹی سرمایہ داروں کو قابو میں رکھتی ہے لیکن سرمایہ داری کے ڈھانچے کے اندر رہتے ہوئے ایک “قومی ریاست” کی حیثیت سے۔ چینی کمیونسٹ پارٹی مزدوروں کو بھی کنٹرول میں رکھتی ہے، انہیں کم از کم اجرت پر سرمایہ داروں کے لیے قدر زائد پیدا کرنے پر مجبور کرتی ہے، ان کی معاشی اورطبقاتی جدوجہد کو ریاستی طاقت (پولیس، سرکاری ٹریڈ یونینوں اورعدلیہ) کے زریعے دباتی اور کچلتی ہے۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو پھر اس بات کی وضاحت اور کس چیز سے کی جا سکتی ہے کہ چین میں نہایت امیر قومی سرمایہ دار طبقہ پیدا ہو گیا ہے؟ اور یہ بھی کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں بے شک بعض لوگ اسے تسلیم نہ کریں یا اسے چھپانے کے لیے سفید جھوٹ بولیں کہ جیانگ زیمن کے دور میں ہی چینی کمیونسٹ پارٹی کے دروازے سرمایہ داروں کے لیے کھول دیے گئے تھے اور تب سے اب تک سرمایہ داروں اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے پالیسی ساز اداروں میں گہرا اشتراک قائم رہا ہے۔ حتی کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کے بعض رہنما اور ان کی اولادیں اوررشتے دار بڑے کاروباری اور دولتمند لوگ رہے ہیں۔

چینی مارکسزم، یعنی ماؤازم کے بانی ماؤزے تنگ کی “جدلیاتی تشکیل” ملاحظہ ہو جو ان کی شہرہ آفاق تحریر “عوامی تضادات کے بارے میں” موجود ہے: “ہمارے ملک میں مزدور طبقے اور قومی بورژوازی (سرمایہ دار طبقے) کے درمیان تضاد کا تعلق عوام کے اندر پائے جانے والے تضادات سے ہے۔ دونوں کے درمیان طبقاتی جدوجہد کا تعلق عموماً عوام کے اندر پائی جانے والی طبقاتی جدوجہد سے ہے؛ اس کی وجہ یہ ہے کہ چینی قومی بورژوازی کی دوہری حیثیت ہے۔ بورژوا جمہوری انقلاب کے دور میں اس کا ایک پہلو انقلابی تھا اور دوسرا مفاہمت پسندانہ۔ سوشلسٹ انقلاب کے دور میں، مزدور طبقے کا استحصال کر کے منافع کمانا اس کا ایک پہلو ہے، جبکہ آئین کی حمایت کرنا اور سوشلسٹ تبدیلی (تعمیر) کو قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کرنا اس کا دوسرا پہلو ہے۔ قومی بورژوازی سامراج، جاگیرداری اور بیوروکریٹ سرمایہ داری سے مختلف ہے۔ مزدور طبقے اور قومی بورژوازی کے درمیان تضاد استحصالی اور استحصال زدہ کے درمیان تضاد ہے، اور یہ بذاتِ خود دشمنانہ (Antagonistic) ہے۔ لیکن چین کے مخصوص حالات میں، اگر دونوں طبقات کے درمیان اس دشمنانہ تضاد کو مناسب طریقے سے سنبھالا جائے، تو اسے غیر دشمنانہ تضاد میں بدلا جا سکتا ہے اور پرامن طریقوں سے حل کیا جا سکتا ہے۔”

لہذا، پورے پیراگراف میں مارکسزم کو پیروں کے بل کھڑا تسلیم کرتے ہوئے ماؤزے تنگ نے آخری جملے میں اسے سر کے بل کھڑا کر دیا اور اسے مزدوروں کی طبقاتی جدوجہد کے آفاقی نظریے سے نکال کر چین میں مزدور اور سرمایہ دار طبقوں کے طبقاتی اشتراک کا “مخصوص قومی نظریہ” بنا دیا۔ یہاں نکتہ یہ نہیں ہے کہ جدوجہد کے دوران اس کی مخصوص حالتوں میں مخصوص اہداف کو پانے کے لیے قومی بورژوازی سے مزدورں کے عارضی اتحاد کے امکان کو رد کر دیا جائے۔ ایسے اتحاد ممکن ہیں بلکہ بعض اوقات ناگزیر ہوتے ہیں۔ نکتہ یہ ہے کہ کیا سرمایہ دار اور مزدور طبقوں کے درمیان موجود دائمی طبقاتی تضاد کو، دشمنانہ طبقاتی تضاد کو، طبقاتی جدوجہد کے کسی بھی مرحلے پر “غیر دشمنانہ تضاد”، “عوامی” تضاد سمجھا جا سکتا ہے اور اسے “پرامن” انداز میں، یعنی طبقاتی جدوجہد کے بجائے طبقاتی مفاہمت، سے حل کیا جا سکتا ہے؟ اور وہ بھی “سوشلزم کی تعمیر” جیسے بنیادی معاملے؟ یعنی، سامراج مخالف جدوجہد میں مثلا مزدورطبقہ قومی بورژوازی کے ساتھ اتحاد کر سکتا ہے یا جاگیرداری کے خلاف جدوجہد میں بھی۔ مگر کیا سوشلزم کی تعمیر میں سرمایہ دار اور مزدور طبقوں کے درمیان باہمی تعاون، طبقاتی اشتراک ممکن ہے؟ مزدور طبقہ طبقاتی جدوجہد کے زریعے کیپٹلزم کو ختم کرے گا یا سرمایہ داروں کے اشتراک و تعاون سے سوشلزم تعمیر کرے گا؟ ماؤزے تنگ کا جواب تھا کہ دنیا میں کہیں اور ایسا مکمن ہو یا نہیں، مگر چین میں یہ ممکن ہے۔ چین میں مزدور طبقاتی جدوجہد کے زریعے نہیں بلکہ چنیی سرمایہ داروں کے ساتھ طبقاتی اشتراک کے ذریعے سوشلزم قائم کر سکتے ہیں!!!

یہاں بے شمار دستاویزیں کے حوالے دیئےجا سکتے ہیں جو 1980ء کی دہائی سے اب تک چینی کمیونسٹ پارٹی کی سرمایہ دارانہ معاشی پالیسیوں اور حالات کا پتہ دیتی ہیں لیکن مختصرا یہی کافی ہے کہ ایک طرف چین میں کروڑ پتیوں اور ارب پتیوں کی پیدائش اور ترقی کو دیکھ لیا جائے اور دوسری طرف چینی مزدوروں کی حیثیت کو۔ اس سے زیادہ ٹھوس، صاف اور عملی پیمانہ اور کیا ہو گا کیونکہ سرمایہ دار اور مزدور ایک ایسے معاشی نظام میں ہی پیدا ہو سکتے ہیں جو سرمایہ دارانہ پیداواری رشتوں پر مبنی ہو، جس میں قدر زائد کی کشید کا اصول فرمانروا ہو، یعنی، مختصرا، جو مزدور طبقے کے اجرتی استحصال پر قائم ہو۔

لمز یونیورسٹی کے طلباء کے لیے مارکسی سیاسی معیشت پر اپنے ایک بہت عمدہ لیکچر میں ڈاکٹر تیمور یہ واضح کرتے ہیں کہ مارکسی معیشت کو سمجھنے میں محنت اور قوت محنت کے فرق کو سامنے رکھنا بہت ضروری ہے، جو کہ بالکل درست ہے۔ مگر یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا چین یا ویتنام میں بھی قوت محنت، اجرتی محنت یا جنس تبادلہ ہے یا وہاں انسان کی قوت محنت “استحصال” سے آزاد ہے؟ چین یا ویتنام میں مزدور سرمایہ دار کو اپنی قوت محنت فروخت کرتا ہے یا وہ آزاد محنت کرنے والا فرد ہے جو ایسے کارخانے یا فیکٹری میں کام کرتا ہے جسے مزدور یا ملازمین خود چلاتے ہیں اور جو ریاستی قانون میں “عملی” طور پر مزدوروں کی اجتماعی سماجی ملکیت کا درجہ رکھتی ہے؟ اگرچین یا ویتنام میں قوت محنت جنس (کموڈٹی) ہے، خرید و فروخت کی شے ہے، تو پھر مارکسی سیاسی معیشت کے نقطہ نظر سے انہیں سوشلزم کا ماڈل کیسے سمجھا جائے؟ ایسا کرنا تو مارکسی سیاسی معیشت کے مبادیات کی نفی ہو گی۔

چین اور ویتنام میں صنعتی و دیگر مزدوروں کی نہایت کثیر تعداد اجرتی مزدور ہے جو سرمایہ داروں کے نجی کارخانوں اور کاروباروں میں ملازمت کرتی ہے اور ان کے لیے قدر زائد پیدا کرتی ہے۔ اس بات کو یقینا متنازعہ بنانے کی کوشش کی جا سکتی ہے کہ آیا ڈیٹا درست ہے یا نہیں یا اس کا ماخذ مستند ہے یا نہیں یا پھر یہ کہ ایسے مزدوروں کی تعداد غالب نہیں بلکہ معمولی سی ہے۔ یا، جیسا کہ عام طور پر ہوتا ہے، یہ کہا جا سکتا ہے کہ ایسا اس وجہ سے ہے کہ چین یا ویتنام وغیرہ ابھی سوشلزم کے ابتدائی مرحلے پر ہیں جہاں سے وہ سوشلزم کے جدید اور اعلی مرحلے پر پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، وغیرہ وغیرہ۔
لیکن یہ بہت ہی ناقص دلیل ہو گی کیوں کہ چین یا ویتنام کے انقلابات محض چند یا دس پندرہ سال کا واقعہ نہیں ہیں۔ چین کا انقلاب 75 سال سے زیادہ بوڑھا ہے اور کم و بیش اتنی ہی عمر ویتنامی انقلاب کی ہو چکی ہے۔ چنانچہ، “عبوری” مرحلے کی یہ دلیل صرف ایک دفاعی پینترا ہے کیونکہ ہمیں یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ روس جیسے 85 فیصد کسان آبادی والے ملک نے پہلی عالمی جنگ، انقلاب کے بعد 14 ملکوں کے فوجی حملے، اور 4 سال کی سخت خانہ جنگی سے گزر کر، تمام ترسامراجی حملوں، ناکہ بندیوں اور اندرونی و بیرونی سازشوں اور تخریب کے باوجود، محض 15 سال میں سوشلسٹ معیشت قائم کر دی (اور حتی کہ 1935ء کے آس پاس اسے کمیونزم میں منتقلی کی سطح تک لے آیا گیا۔)

ہمیں بتایا جاتا ہے کہ اسٹالن نے کہا تھا کہ روس ترقی یافتہ سرمایہ دار ملکوں سے 100 سے 50 سال پیچھے ہے اوراگر اس نے یہ فاصلہ 10 سال میں طے نہیں کیا تو وہ اسے روند ڈالیں گے۔ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ روس نے 10 سال میں 50 سے 100 سال کا یہ تاریخی فاصلہ عبور کر لیا اور یقینا یہ سرمایہ دار دنیا کے لیے ایک “معجزہ”، ایک ناقابل یقین کارنامہ تھا کیونکہ اس کے نزدیک سوشلزم “غربت کی معیشت” کے سوا کچھ نہیں! ہمیں مزید بتایا جاتا ہے کہ اس کے بعد سوویت یونین نے فاشزم سے جنگ میں تاریخی فتح بھی اسی صنعتی ترقی کی بدولت حاصل کی اور دوسری عالمی جنگ میں بری طرح تباہ و برباد ہوجانے کے بعد صرف 5 سال میں اپنی معیشت کو دوبارہ بحال کر لیا۔ یہ دنیا کی تاریخ کا “دوسرا معجزہ” تھا۔ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ عظیم سوویت یونین نے پوری دنیا کے سامنے یہ ثابت کردیا کہ کیپٹلزم (مارکیٹ اکنامی) فرسودہ اوراستحصالی نظام ہے جبکہ سوشلزم (مرکزی منصوبہ بند معیشت) اعلی تر معاشی نظام ہے۔

ویتنام میں ڈوئی موئی اصلاحات اور چین میں ڈینگ ژیاؤ پنگ کی اصلاحات، جو دونوں جگہ 1980ء کی دہائی میں ہوئیں، انہوں نے تیزی کے ساتھ دونوں ملکوں میں مزدور کی قوت محنت کو جنس میں تبدیل کیا اور یہی وجہ ہے کہ ان ملکوں میں گذشتہ چالیس سال کے عرصے میں بڑا سرمایہ دار طبقہ پیدا ہوا، خصوصا چین میں تو سرمایہ دار طبقے (کروڑ پتیوں اور ارب پتیوں) کی پیدائش اور نشوونما نے ریکاڑد توڑ ڈالے ہیں۔ اور اگر کوئی یہ دعوی کرتا ہے کہ ایسا نہیں ہے تو پھر اسے یہ بتانا ہو گا کہ چینی اور وتینامی ارب پتیوں اورسرمایہ داروں کے پاس یہ دولت کہاں سے آئی:

سرمایہ دار طبقے کی تشکیل و ارتقا: چین میں تقریباً 63 لاکھ ڈالر کروڑپتی اور ایک ہزار سے زائد ارب پتی، جبکہ ویتنام میں تقریباً 19,400 ڈالر کروڑپتی اور 8 ارب پتی موجود ہیں۔ چین میں 10 فیصد آبادی جو کہ امیر ترین ہے قومی دولت میں 67.7 فیصد حصہ رکھتی ہے اور صرف 1 فیصد امیرترین لوگ 30 فیصد سے زیادہ قومی دولت کے مالک ہیں۔ ویتنام میں 10 فیصد امیر ترین افراد قومی دولت کے 59 فیصد کے مالک ہیں اور صرف 1 فیصد امیر ترین آبادی قومی دولت کے قریبا 25 فیصد کی۔

مزدور طبقے کی آمدنی: چین اور ویتنام میں صنعت، مینوفیکچرنگ، کان کنی اور تعمیراتی شعبوں وغیرہ میں مزدوروں کی ماہانہ اوسط اجرت یہ ہے: چین میں 861 ڈالر اور ویتنام میں 376 ڈالر۔

قومی پیداوار میں محنت اور سرمایہ کی تقسیم: انٹرنیشنل لیبرتنظٰم (ILO) کے تخمینوں کے مطابق قومی پیداوار میں محنت کی آمدنی کا حصہ چین میں تقریباً 51.2 فیصد اور ویتنام میں تقریباً 47 فیصد ہے، جبکہ باقی حصے میں سرمایہ کی آمدنی سمیت دیگر معاشی اجزا شامل ہیں۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہ مزدور طبقے کو اس کی قوت محنت کا نصف یا اس سے کم حصہ مل رہا ہے کیونکہ وہ سرمایہ داروں کی اور سرمایہ دارانہ پالیسی پر کاربند کمیونسٹ پارٹی کی حکومت کے انتظامی اخراجات میں جا رہا ہے۔

چین میں پرائیوٹ سیکٹر 60 فیصد پیداوار کرتا ہے، 80 فیصد شہری روزگار فراہم کرتا ہے جبکہ ریاستی کاروباری اداروں میں لیبر فورس کا محض 4 سے 5 فیصد حصہ ہے۔ تقریبا 3.3 فیصد لیبرفورس غیرملکی سرمایہ کاری والے اداروں میں کام کرتی ہے اورقریبا 6 فیصد حکومتی اورعوامی اداروں میں۔ ویتنام میں لیبرفورس کا صرف 7.75 فیصد ریاستی اداروں میں کام کرتا ہے۔ 81 فیصد غیر ریاستی شعبے میں اور10.37 فیصد غیرملکی سرمایہ کاری والے اداروں میں۔ چنانچہ یہ صاف ظاہر ہے کہ چین اور ویتنام میں قوت محنت استحصال سے آزاد نہیں۔ یہ بات اس چیز سے اورواضح ہوجاتی ہے کہ چین اور ویتنام میں ریاستی شعبہ بھی سوشلزم کے اصول کے تحت نہیں بلکہ مارکیٹ کے اصولوں پر چلتا ہے۔

شاید ہم اس نہایت اہم حقیقت وسے بالکل بے خبر ہیں اور چین اور ویتنام میں گزشتہ 40 سال میں ہونے والی معاشی تبدیلیوں کو سمجھنے میں اس کی اہمیت کو بالکل نظر انداز کرتے ہیں کہ چین اور ویتنام میں ہونے والی “اصلاحات” میں بہت وسیع پیمانے پر “نجکاری” کی گئی تھی۔ یہ سوشلزم کے کنٹرول میں “محدود پیمانے پر” سرمایہ داری کو وقتی طور پر بحال کر کے معیشت بحال کرنے کا معاملہ نہیں تھا۔ اس کے پیچھے یہ یقین تھا کہ “سوشلزم کا مطلب غربت نہیں ہے” اور اس لیے سرمایہ داری کی بحالی ناگزیر ہے۔ یہ بحالی معیشت کے ایک محدود حصے میں منڈی کی واپسی نہیں تھی بلکہ پورے معاشی نظام کی مارکیٹ اکنامی کے اصولوں پرازسرنوتعمیرتھی۔

ظاہر ہے سرمایہ دار تبھی پیدا ہو سکتے ہیں جب پیداواری رشتے سرمایہ دارانہ ہوں اور ایسا ہے تو معاشی نظام سوشلسٹ نہیں سرمایہ دارانہ ہوگا۔ اور، دوسری طرف، اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی لازم ہے کہ اجرتی محنت کے استحصال کا شکار مزدور طبقہ بھی موجود ہو کیونکہ قدر زائد کے بغیر کیپٹلزم کا وجود بے معنی ہے۔ جن ملکوں میں گزشتہ چالیس سال کی معاشی پالیسیوں کے نتیجے میں بڑا قومی سرمایہ دار طبقہ وجود میں آگیا ہے، یعنی جہاں مزدوروں کا اجرتی استحصال موجود ہے، انہیں سوشلزم کے ماڈل یا سوشلزم کی طرف بڑھتے ہوئے معاشی نظام کے ماڈل کہنا خود مارکسزم کے اصولوں کے برخلاف نہیں؟

اس ضمن میں غربت کی کمی یا شدید غربت کے خاتمے کی بات کرنا، سالہاسال میں اجرتوں میں نہایت معمولی اضافے کو کارنامے کے طور پر بیان کرنا جبکہ سرمایہ داروں کا منافع آسمان چھو رہا ہو، یا بہتر انفراسٹرکچر اور ایجادات کا تذکرہ کرنا، یا بیرونی امداد کا ذکر، قطعی غیرمتعلقہ باتیں ہیں۔ ہر مارکسی جانتا ہے کہ سرمایہ داری میں بھی ترقی ہو سکتی ہے، غربت میں کمی ہو سکتی ہے، اجرتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، میٹرک تک مفت تعلیم یا ایک حد تک مفت طبی سہولیات دی جا سکتی ہیں، انفرااسٹرکچر بہتر کیا جا سکتا ہے اور ان کے علاوہ اور بھی بہت سی “مقدارئ”، “اصلاحی” تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں۔

یورپی یا دیگر ترقی یافتہ سرمایہ دار ملک اس بات کی عملی، ٹھوس مثالیں ہیں کہ سرمایہ داری میں بھی معاشی ترقی ہو سکتی ہے، اور مسلسل ہوتی رہتی ہے البتہ ایک متضاد شکل میں۔ کیپٹلزم میں مقداری، جزوی ترقیاں، اصلاحات، سوشلزم نہیں ہوتیں۔ حال ہی میں انڈیا میں غربت کے خاتمے کی خبر عالمی شہہ سرخی بنی۔ کون سا مارکسسٹ اس پر یقین کرنے گا کہ انڈیا میں غربت یا شدید غربت ختم ہو گئی ہے، اور اگر کر بھی لے گا تو یہ سمجھے گا وہاں سرمایہ دارانہ استحصال ختم ہو گیا ہے جبکہ وہاں ٹاٹا، برلا، اڈانی اورامبانی جیسے کھرب پتی اور ان کے علاوہ بڑے اور چھوٹے سرمایہ داروں کا ایک پورا طبقہ موجود ہے اورمزدور جینے کے لیے اپنی قوت محنت سرمایہ داروں کو فروخت کرتا ہے۔

ایک دوسرے ویڈیو لاگ میں ڈاکٹر تیمور رحمن علی حسن کے اس دعوے کے جواب میں کہ کیپٹلزم سے دولت پیدا ہو گی تبھی وہ معاشرے میں تقسیم ہو گی کہتے ہیں کہ سوشلزم کا تعلق صرف پیداوار کی تقسیم سے نہیں ہے۔ سوشلزم کا مقصد بنیادی طور پر کیپٹلسٹ سسٹم کو ختم کرنا ہے جو کہ مزدور کی قوت محنت کے استحصال پر قائم ہے۔

یہ بات بھی مارکسزم کی رو سے بالکل ٹھیک ہے۔ مگر کیا چین اور ویتنام کا معاشی نظام بھی اسی تصور کی عکاسی نہیں کرتا کہ سوشلزم دولت کی تقسیم کا معاملہ ہے مزدور کے استحصال اور سرمایہ دارانہ پیداواری رشتے ختم کرنے کا نہیں؟ مثلا، چین و ویتنام میں ترقیوں کی جو مثالیں ہمیں دی جاتی ہیں جیسے کہ غربت میں کمی، سب کے پاس اپنا مکان، اجرت میں اضافہ، صآف ستھرا ماحول، اعلی تعلیم تک رسائی، وغیرہ اس کا موازنہ ہم چین و ویتنام میں دولت کی تقسیم سے کریں تو صاف ظاہر ہوجاتا ہے کہ ان کی مثالیں اس دعوے کے قریب تر ہیں کہ سوشلزم پیداوار کی تقسیم کا معاملہ ہے نہ کہ استحصال کے خاتمے کا معاملہ! مجموعی قومی پیداوار کا ایک پہلے سے نسبتا زیادہ حصہ محنت کش آبادی کو فراہم کرنا، یا اجرتوں میں معمولی سا اضافہ کر کے ان کی قوت خرید اور صرفے (Consumption) کو بڑھانا جبکہ دوسری طرف سرمایہ داروں کا حق منافع برقرار رکھنا، اس کے سوا اور کیا ہے کہ “سوشلزم” کو پیداوار کی زرا زیادہ بہتر تقسیم تک محدود کر دیا جائے؟

یہاں بھی ہمارا سامنا بالآخر اسی “عبوری” دلیل سے ہوتا ہے جسے اوپر بیان کیا گیا ہے یعنی اس سب کی وضاحت کے لیے یہ دلیل کہ چین و ویتنام “سوشلزم کے عبوری” دور سے گزر رہے ہیں۔ یہ “عبوری” دور ہر بات کی وضاحت کرنے والی چابی بن جاتا ہے۔

یہ کہا جا سکتا ہے اور جیسے کہ کہا جاتا ہے کہ “سوشلزم فورا قائم نہیں کیا جا سکتا”۔ یہ بھی درست ہے کہ مارکسزم میں اس بات کا کوئی حتمی دورانیہ طے نہیں کہ کونسا ملک کتنے عرصے میں سرمایہ داری کو مکمل طور پر ختم کر کے سوشلزم کی تعمیر کو مکمل کرے گا، کیونکہ ظاہر ہے کہ ہرملک کے حالات مختلف ہوتے ہیں۔ مگر کسی ملک میں سرمایہ داری سے کمیونزم میں منتقلی یعنی سوشلزم کے عبوری دور کا کوئی مخصوص دورانیہ معتین نہ ہونے کا مطلب یہ تو نہیں کہ وہاں سرمایہ داری کو برقرار رکھنے بلکہ اسے متعارف کرانے، معاشی نظام کو اس کے تابع کرنے، اسے مسلسل وسعت اور ترقی دینے کے عمل کا جواز اس دلیل سے تراشا جائے کہ چونکہ سوشلزم کی تکمیل کا کوئی عرصہ مقرر نہیں لہذا سرمایہ داری کو لامحدود دور کے لیے اپنایا جائے اور پھر اسے حیرت انگیز طور پر سوشلزم کا عبوری دور قرار دے دیا جائے!

مارکسزم میں عبوری دور سے مراد یعنی سوشلزم کے دور سے مراد وہ دور ہے جس میں سرمایہ داری ختم کی جاتی ہے جبکہ ہمارے سامنے موجود یہ عبوری دور وہ دور ہے جس میں ابتدائی، نوزائیدہ سوشلزم کو ختم کر کے سرمایہ داری کو بحال کیا گیا یعنی ایسا عبوری دور جو اس یقین پر قائم ہے کہ کیپٹلزم سے کمیونزم میں منتقلی کے لیے درکار مادی لوازمات کی پیدائش، پیداواری قوتوں کی ترقی، مارکیٹ اکنامی کے ذریعے ہو گی اور جب سرمایہ داری میں ترقی کرتے ہوئے پیداواری قوتیں ترقی کی اس سطح پر پہنچ جائیں گی جہاں “سوشلزم” میں منتقلی کے لیے مادی حالات تیار ہو جائیں گے تب منڈی کی معیشت کو ختم کر دیا جائے گا!

ہمارا سوال یہ ہے کہ جس طرح سوشلزم کے عبوری دور کا کوئی حتمی، طے شدہ دورانیہ نہیں تو یہ کس نے اور کیسے طے کیا ہے کہ مارکیٹ اکنامی میں پیداواری قوتوں کی ترقی کی “کس سطح” پر اور کب ہم سوشلزم کے نفاذ تک پہنچ جائیں گے؟ کون اور کیسے اس بات کی ضمانت دے گا کہ اس دوران سرمایہ دارانہ قوتیں، سرمایہ دارانہ پیداواری رشتے اس قدر مضبوط نہ ہو جائیں گے کہ وہ سوشلزم کی طرف منتقلی کے عمل میں شدید رکاوٹ بن جائیں گے؟ سرمایہ داری کو وسیع اورگہرا کرنے سے سرمایہ دارطقبہ مضبوط ہوتا ہے یا کمزور؟ یہاں بھی “عبوری” دور کی کنجی مسئلہ حل کر دیتی ہے: کمیونسٹ پارٹی کی حکومت جو اس وقت سرمایہ داروں کو کنٹرول کرتی ہے تب اگر انہوں نے سوشلزم میں منتقلی کی مزاحمت کی تو انہیں کچل ڈالے گی!

یہ دلیل ایک ایسا نظریاتی جواز بن جاتی ہے جس میں سرمایہ داری کی ہر توسیع کو سوشلزم کی تیاری، سرمایہ دار طبقے کی ہر نئی پیدائش کو عبوری ضرورت اور منڈی کے ہر نئے پھیلاؤ کو پیداواری قوتوں کی ترقی قرار دیا جا سکتا ہے۔ لیکن پھر یہ سوال باقی رہتا ہے کہ اگر سرمایہ داری کی ترقی ہی سوشلزم کی طرف پیش قدمی کا معیار ہے تو سرمایہ داری اور سوشلزم کے درمیان امتیاز آخر کس بنیاد پر قائم کیا جائے گا؟

سوشلزم کا سوال یہ نہیں کہ کیپٹلزم کے اندر پیدا ہونے والی دولت میں سے محنت کشوں کو کتنا زیادہ حصہ دیا جا رہا ہے، بلکہ یہ ہے کہ کیا محنت کش طبقہ خود پیداوار کے ذرائع، پیداواری عمل اور سماجی پیداوار پر اجتماعی اختیار حاصل کر چکا ہے یا نہیں۔ اگر سرمایہ دارانہ پیداواری رشتے برقرار ہیں تو محض دولت کی بہتر تقسیم کو ان رشتوں کے خاتمے کا نام نہیں دیا جا سکتا۔

علی حسن کا مؤقف یہ ہے کہ چین میں کمیونسٹ پارٹی کی حکومت کے تحت سرمایہ داری ہی “حقیقی” سوشلزم ہے کیونکہ یہ طبقاتی اشتراک پر قائم ہے اوراس بات کی زندہ مثال ہے کہ سوشلزم کیپٹلزم سے ہی پیدا ہوتا ہے (دولت کی پیدائش اور تقسیم کا ان کا نظریہ)۔ ڈاکٹرتیمور کے سوشلزم اور کیپٹلزم میں فرق کرنے والے دلائل گو درست ہیں لیکن چین (اور ویتنام) کے معاملے میں وہ کم و بیش وہی دلائل بن جاتے ہیں جو علی حسن کے ہیں۔

علی حسن کے استدلال کی بنیاد یہ ہے کہ سوشلزم سرمایہ داری سے ہی پیدا ہوتا ہے۔ سرمایہ داری دولت، صنعت، ٹیکنالوجی اور پیداواری قوتوں کو ترقی دیتی ہے۔ چین میں کمیونسٹ پارٹی نے سرمایہ دار طبقے اور مزدور طبقے کو ایک مشترکہ قومی ترقی (Common Prosperity) کے منصوبے میں شریک کیا ہے۔ اس اشتراک سے دولت پیدا ہوتی ہے اور اس کی تقسیم کے ذریعے معاشرے میں ترقی اور خوشحالی آتی ہے۔
لہٰذا چین کی موجودہ معاشی ساخت کو سرمایہ داری نہیں بلکہ سوشلزم کی ایک حقیقی صورت سمجھنا چاہیے۔

ڈاکٹر تیمور رحمان سرمایہ داری اور سوشلزم میں فرق کرتے ہوئے عموماً ان چیزوں کو اہمیت دیتے ہیں: ذرائع پیداوار کی ملکیت، پیداوار کے مقاصد، محنت اور سرمائے کے باہمی تعلقات، پیدا شدہ دولت کی تقسیم، ریاست کا معاشی کردار، مزدور طبقے کے مفادات کا تحفظ۔۔ یہ اصولی طور پر سرمایہ داری اور سوشلزم کے فرق کو سمجھنے کے اہم پیمانے ہیں۔ لیکن مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب انہی پیمانوں کو چین اور ویتنام پر لاگو کیا جاتا ہے۔

اگر چین میں سرمایہ دار طبقے کی موجودگی، نجی سرمایہ کاری، اجرتی محنت اور منافع کی بنیاد پر پیداوار کو تسلیم کیا جائے، لیکن ساتھ ہی ریاستی منصوبہ بندی، سرکاری ملکیت، معاشی ترقی اور دولت کی تقسیم کو اس بات کا ثبوت سمجھا جائے کہ وہاں سوشلزم قائم ہے، تو پھر سرمایہ داری اور سوشلزم کے درمیان قائم کردہ نظریاتی امتیاز اپنا فرق مٹا دیتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں