کیا عمران خان کی رہائی کے لیے قدرت کا نظام حرکت میں آ چکا ہے؟-غیور ترمذی

آج کل کی ملکی سیاست کے اس بند کمرے میں اب نئے اور دلچسپ مناظر کی تیاری شروع ہو چکی ہے، جن کا پہلا مرحلہ بڑا عجیب ہے۔ مسلسل پابندیوں اور قانونی رکاوٹوں کے باوجود اچانک ایک ایسا معجزہ ہوتا ہے کہ عدالتی حکم پر دو وکلاء کی بانیِ پی ٹی آئی سے ملاقات کا پروانہ جاری ہو جاتا ہے۔ ملاقات کے بعد جیل گیٹ پر دونوں رہنما عمران خان اور اُن کی اہلیہ کی صحت ٹھیک ہونے اور اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے کی ایمان افروز خوشخبری سناتے ہیں۔ لیکن پھر ٹھیک 5 دن بعد یہیں سے کہانی کا اصل سسپنس بھرا دوسرا مرحلہ سامنے آتا ہے۔ صحت ٹھیک ہونے کے دعوؤں کے برعکس چیف جسٹس کے نام ایک اچانک خط روانہ ہوتا ہے کہ مجھے برین ہیمرج اور ہارٹ اٹیک ہو سکتا ہے، لہٰذا پابندیوں میں نرمی کی جائے۔
۔
اب سوال یہ ہے کہ تیسرا مرحلہ کیا ہو سکتا ہے؟ ظاہر ہے کہ اگلا قدم قیدی کے معائنے کے لیے ایک خاص میڈیکل بورڈ کی تشکیل کی صورت میں اٹھے گا۔ پھر اس کھیل کا چوتھا مرحلہ آئے گا جب میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع ہو گی، جس میں بیماری کے خدشات کو سو فیصد درست قرار دے کر فوری اور بہتر علاج کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔ اور پھر پانچویں مرحلے میں کیا ہو گا؟ شاید عمران خاں ایک شاندار موٹر کانوائے کے لمبے جھکڑ میں ہسپتال یا بنی گالہ کی طرف رواں دواں دکھائی دیں گے۔ اور اس کے بعد والا منظر تو اور بھی فلمی ہو سکتا ہے۔ جہاں ممکن ہے کہ وہ اعلیٰ علاج کے لیے ایئرپورٹ پر جہاز کی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے لندن کے لیے محوِ پرواز نظر آئیں! سچ تو یہ ہے کہ خود اُن کی اپنی حکومت میں ہی اِس سماج کو اتنا ظالم بنا دیا گیا تھا کہ اب یہاں ہر ایک کو اپنی بیماری ثابت کرنے کے لیے مر کے بھی دکھانا لازمی قرار پا چکا ہے!
۔
یہ الگ ستم ظریفی ہے کہ ہمارے ایوانِ اقتدار کے مکینوں کو کرسی سے چمٹے رہنے کے لیے اپنی سیاسی بصیرت یا کارکردگی کی نہیں بلکہ واشنگٹن کی آشیرباد، ریاض کی خیرات، اسٹیبلشمنٹ کی بے دریغ سرپرستی اور چند مراعات یافتہ طفیلیوں کی بیساکھیوں کی ضرورت رہتی ہے۔ اِن میں سے کوئی ایک بھی رسہ تڑوا لے تو اقتدار کے پائے لرزنے لگتے ہیں اور اگر چاروں ہی آنکھیں پھیر لیں تو پھر ان باجگزاروں کو اپنی مقبولیت پر نہیں بلکہ صرف قسمت کے تھپیڑوں پر جینا پڑتا ہے۔ ہماری تاریخ کا سب سے تلخ سچ یہ ہے کہ جب کوئی حکمران اپنی کرسی کو بہت مضبوط سمجھ لیتا ہے تو اچانک ہی معاشی تباہی، اداروں کی کشمکش، عوام کا غصہ یا خود حکمرانوں کے سیاسی نابینا پن پر مبنی کوئی ان دیکھا طوفان سر اٹھاتا ہے۔ پھر طاقت کی بساط کو الٹنے اور پورے منظرنامے کو بدلنے میں زیادہ دیر نہیں لگتی۔ اسی بے رحم اور اٹل تاریخی عمل کو آسان لفظوں میں “قدرت کا نظام” کہا جاتا ہے، جو پاکستان میں اکثر و بیشتر حرکت میں آتا رہتا ہے۔
۔
پاکستانی حکومتوں کے آنے جانے اور استحکام میں واشنگٹن کے دربار اور ریاض کی شاہی طشتری کے قصے بھی اپنی جگہ پر ہیں۔ ہمارے سیاسی ڈرامے میں امریکہ اور سعودیہ کا کردار کبھی پردۂ اخفا میں نہیں رہا۔ یہ بھی سچ ہے کہ امریکہ بہادر ہر کٹھ پتلی کو اپنی مرضی سے نہیں نچاتا بلکہ اپنے مذموم اسٹریٹجک اور علاقائی مفادات کے تندور گرم رکھتا ہے۔ مفادات کی ڈور ذرا سی ہلی تو کل کا دوست غدار بن جاتا ہے۔ عمران خان کے دورِ حکومت میں جس جذباتی نعرے بازی اور سفارتی دیوانگی کے ساتھ تعلقات کو خراب کیا گیا، اُس کا خمیازہ پوری قوم آج تک بھگت رہی ہے۔ حکومت کا تختہ الٹنے میں امریکی مداخلت کا جو شور مچایا گیا تھا، بعد میں خود تحریک انصاف کی صفوں میں اس بیانیے کی تردید بھی سامنے آ گئی۔ یہ بھی یاد رہے کہ امریکی کانگریس کے 62 اراکین کی سنہ 2022ء میں اور 2 سینیٹرز کی سنہ 2025ء میں لکھی گئی اخلاقی لفاظی اور واشنگٹن کی ریاستی پالیسی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ امریکہ کی خارجہ پالیسی کا اصول بالکل واضح ہے کہ آج مفید ہیں تو دوست، کل مفادات بدلے تو سابق دوست! شاید اسی لیے سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہنری کسنجر نے کئی دہائیاں پہلے یہ تلخ حقیقت بیان کی تھی کہ امریکہ سے دشمنی برا فیصلہ ہے لیکن امریکہ سے دوستی سب سے بری چیز ہے۔
۔
دوسری طرف سعودی عرب کے تعلقات کی بنیاد ہمیشہ مالیاتی اعانت، تیل کی ادھار سہولت اور سفارتی مجبوریوں پر رہی ہے۔ ماضی میں سعودی قیادت نے پاکستان کے سیاسی معاملات میں بھی کردار ادا کیا، مگر اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وہ ہر سیاست دان کی رہائی کے لیے مداخلت کریں گے۔ عمران خان کے دور میں سعودی قیادت کے ساتھ سفارتی آداب کو پسِ پشت ڈالنے کی خبریں بھی سامنے آئیں، خصوصاً نیویارک کے دورے کے دوران شاہی طیارے کو واپس موڑ کر عمران خان اور ان کے وفد کو اتارنے کا وہ مشہور مبینہ واقعہ کون بھول سکتا ہے جس نے سفارتی تعلقات میں شدید سرد مہری پیدا کر دی تھی۔ سفارت کاری کی اپنی شطرنج ہوتی ہے جہاں ذاتی انا اور بچگانہ حرکات کی قیمت ریاست کو چکانی پڑتی ہے! تیسری طاقت ہماری وہ بے تاج بادشاہ ’’اسٹیبلشمنٹ‘‘ ہے جس کی چھتری کے بغیر یہاں پتا ہلنے کا تصور بھی محال ہے۔ عمران خان کے عروج کے دنوں میں یہی اسٹیبلشمنٹ ان کے بادلوں پر محل بنا رہی تھی اور ایک پیج کے ترانے گائے جاتے تھے، مگر جب اختیارات کی کشمکش شروع ہوئی تو وہی محبت نفرت میں بدل گئی۔
۔
کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ عمران خان کی یہ قید اُن کی باقی زندگی تک طویل رہے گی؟ یہ ہرگز بھی ضروری نہیں ہے! یہ سچ بھی آنکھوں سے اوجھل نہیں ہونا چاہیے کہ عمران خان کی جیل سے رہائی، ان کی سیاسی بحالی اور ان کا دوبارہ مسند پر بیٹھنا — تین الگ الگ اور طویل جنگیں ہیں۔ جیل کے آہنی دروازے کھلنے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ تخت فوراً ان کے قدموں میں بچھا دیا جائے گا اور موجودہ حکومت کی اقتدار پر گرفت بھی یہ ثابت نہیں کرتی کہ عمران خان کا سیاسی باب ہمیشہ کے لیے دفن ہو چکا ہے۔ یقیناً فی الحال ان کی رہائی کا کوئی آسان، کشادہ یا ہموار رستہ نظر نہیں آتا کیونکہ اس کے لیے سب سے پہلے تحریک انصاف کو اپنی صفوں میں موجود گروپ بازیوں، اندرونی اختلافات اور فکری انتشار سے نجات پانا ہو گی — اور بظاہر یہ ہوتا ممکن نہیں دکھائی دیتا۔ خود عمران خان کو بھی یہ تلخ گھونٹ نگلنا ہو گا کہ سیاست صرف جلسوں میں گالی گلوچ، مخالفین کو للکارنے کی اندھی ضد کا نام نہیں — اس کے لیے مدبرانہ خاموشی، اصولوں پر لچک اور وقت کے تقاضوں کے مطابق جوڑ توڑ بھی آنا چاہیے۔ انہیں یہ یاد کروایا جانا چاہیے کہ امریکہ کے مفادات کا پانسہ پلٹتے دیر نہیں لگتی، سعودی عرب کی ترجیحات کروٹ بدلتی ہیں، اداروں کے اندرونی حساب کتاب نئے زاویے تراشتے ہیں اور جب عوام کا صبر لبریز ہو جائے تو بڑے بڑے محل ریت کی دیوار ثابت ہوتے ہیں۔ انہیں علم ہونا چاہیے کہ 1967ء میں فیلڈ مارشل ایوب خان اور سنہ 2008ء میں جنرل پرویز مشرف جیسے آمروں کا غرور اسی دھرتی نے خاک میں ملتے دیکھا ہے۔
۔
ان تاریخی مثالوں کا نچوڑ یہی ہے کہ کسی بھی حکمران کے پاس جتنی بھی بندوقیں، تھانے اور جیلیں ہوں، وہ تاریخ کے ان دیکھے تھپیڑوں اور مکافاتِ عمل کے قانون سے محفوظ نہیں رہ سکتا۔ ایک چھوٹی سی چنگاری یا تپتی ہوئی سڑک اقتدار کے سنگھاسن کو ہلا کر رکھ دیتی ہے۔ ہماری اشرافیہ نے ہمیشہ یہ مغالطہ پالا ہے کہ تقدیر ان کی مرضی سے لکھی جائے گی مگر تاریخ یہ بتاتی ہے کہ آخری فیصلہ کسی فردِ واحد کے قلم سے نہیں ہوتا۔ شاید ایوانِ اقتدار کے حصار میں بیٹھے طاقتوروں کو یہ یاد نہیں رہتا کہ کرسی کسی کی میراث نہیں ہوتی اور جو آج دوسروں پر سختیاں کر رہے ہیں، کل انہیں خود تاریخ کے اس کٹہرے میں کھڑا ہونا پڑ سکتا ہے۔ طاقتور کتنی ہی زنجیریں کیوں نہ ڈال لیں، جب حالات کا پانسہ پلٹتا ہے اور وقت کا پہیہ گھومتا ہے، تو بڑے بڑے قلعے ریت کی دیوار ثابت ہوتے ہیں — اور اسے ہی “قدرت کا نظام” کہتے ہیں جو کبھی بھی حرکت میں آ سکتا ہے!

اپنا تبصرہ لکھیں