ملک میں خشک سالی کا راج ہو، کھانے کو اناج ہو نہ کوئی روز گار اور کام کاج ہو۔ ناقابل برداشت موسمی حدت ہو ، آگ برساتا سورج ہو، تنگ دستی بھی ہو اور بے رحم سماج ہو، دامن خالی ہو پھر بھی ٹھنڈا مزاج ہو۔ ان کے پاس ضروریات زندگی کے حصول کے لئے درکار پانچ دس روپے بھی نہ ہوں، بھوک اور افلاس کے ستائے ہوۓ مجبور و بے کس یہ لوگ مہنگائی کے ہاتھوں ذہنی دباؤ کو جھیلتے جھیلتے بیمار پڑ جائیں، مگر کوئی ان کا پرسان حال نہ ہو۔ ان کسمپرسی کے شکار ستم رسیدہ اور ضعیف و کمر خمیدہ لوگوں کو علاج معالجے کی کوئی مناسب سہولت میسر نہ ہو۔ امراض کی شفا کے لئے ادویات خرید نے کی ان میں سکت نہ ہو، اور بالآخر وہ سسک سسک کر اور ایڑیاں رگڑتے رگڑتے جان کی بازی ہار جائیں۔ انکے بچے اسکولوں کی فیس کی عدم ادائی اور کتابوں کاپیوں کے لئے درکار رقم سے محرومی کی وجہ سے تعلیم کی سہولت اور اچھے ماحول میں رہنے کے خواب دیکھنے سے بھی قاصر ہوں۔ آپ ہی بتائیں کہ انکا کیا قصور ہےکہ وہ دوسرے پاکستانیوں کی طرح اچھی زندگی نہ گزاریں۔ حالات کے جبر نے ان سے اچھی زندگی گزارنے کا حق چھین رکھا ہے۔
آئیے اب تصویر کا دوسرا رخ ملاحظہ ہو، جو پہلے بیان کردہ لوگوں کے حالات سے صریحآ مختلف و برعکس ہے۔ وطن میں ایسے بھی لوگ ہنستے بستے ہیں جن پر دولت کا داتا (ذات خدا وندی) مہربان ہوتا ہے۔ ان کے گھروں پہ مال و زر کی بارش چھما چھم برس رہی ہوتی ہے۔ سکوں کی چھن چھن کرتی جھنکار، مال داروں کے کانوں میں موسیقی کے سریلی دھن بکھیر رہی ہوتی ہے۔ جہاں دھن دولت ہو وہاں ہر ایک کے ذہن میں مزید دولت اکٹھی کرنے کی دھن سوار ہوتی ہے۔ ان کے دل میں روپے پیسے کی طلب کے ساتھ آرام و آسائش اور عیش وعشرت کی خواہشات بسیرا کرتی ہیں ۔وہاں ان کی تکاثر دولت کے مظہر وسیع و عریض رقبے پر پھیلے محل نما گھروں میں روشن قندیلیں اور چمکتے دمکتے فانوس چاند جیسی بکھری و نکھری چاندنی کا حسین سماں پیدا کررہے ہوتے ہیں۔
دیوار سے دیوار تک نرم و گداز خوب صورت ایرانی قالینوں کی قطاریں، ٹینٹڈ شیشوں والی کھڑکیوں پہ ٹنگے قیمتی دبیز پردوں اور ان کی میچنگ کے رنگین جھالروں سے امارت کی بوندیں ٹپک رہی ہوتی ہیں۔ دیوان خانے میں دیوانگی کی حد تک مہنگے ترین داموں میں خریدے گئے نئےاور اینٹیک قسم کے ڈیزائنوں سے مرصع قیمتی چوبی صوفوں کے کئی سیٹس کسی شو روم میں نمائش کے لئے رکھے گئے فرنیچر کا منظر پیش کر رہے ہوتے ہیں۔ دیواروں کے ساتھ ساتھ اور کونوں میں ترتیب سے رکھے گئے خوبصورت پھولدار اونیکس اور قیمتی پتھروں سے بنے ہوۓ واز مترنم آواز میں امیری کے گیت گا رہے ہوتے ہیں۔ جہاں ہر صبح گلدانوں میں رکھے گئے تازہ و رنگین پھول اور سجاوٹ کے دوسرے مینٹل پیس اندرون خانہ سجاوٹ کو چار چاند لگاتے نظر آتے ہیں۔ جہاں ایئر کنڈیشنرز کی جا بجا تنصیب اور سردیوں میں گرمائی دینے والے بڑے بڑے آتش دان بڑے خاندان کی شان بڑھا رہے ہوتے ہیں۔ اونچی اونچی منقش اور پالش شدہ الماریاں، بڑے پورچ میں کھڑی سفید و سیاہ رنگ کی مرسیڈیز گاڑیاں اور ڈبل کیبن والے ڈالے اور یونیفارم میں ملبوس ڈرائیورز اور حکم بجا لانے کے منتظر دسیوں نوکروں کی موجودگی، امارت و دولت کی نمائش کرتی نظر آ رہی ہوتی پے۔ عشرت کے ساز و سامان سے مزین دیگر اشیاء گویا خوشحال زندگی کا استعارہ بنی ہوتی ہیں۔ یہ ایک گھر نہیں، اس جیسے اور بہت سارے گھر ارض وطن پہ ‘ بر تر از اندیشہ سود و زیاں ہے زندگی’ کی مصداق موجود ہیں۔ ان کو اس طرز زندگی گزارنے کا حق ہے۔ دولت اگر جائز کاروبار سے اکٹھی کی جاۓ تو اس میں کوئی حرج نہیں۔ سکون، راحت اور آرام دہ و پر آسائش زندگی گزارنا ان کا حق ہے۔ لیکن اس کا جائز تصرف اور اللہ کے دئے ہوئے مال سے غرباء کی مدد اور فلاحی کاموں سے ضرورت مندوں کے دل جیتے جا سکتے ہیں۔ ایسے بہت سے خاندانوں کی مثال ہمارے سامنے ہیں جو سخاوت اور فیاضی میں آگے بڑھ کر کام کرتے ہیں۔
یہ بات کہ اہل فقر و فاقہ، ان فخر و انبساط اور کثرت مال و منال کے شیدائیوں کو دیکھ کر کڑھتے اور حسد محسوس کرتے ہونگے۔ وہ سوچتے ہونگے کہ خود انکے پاس اتنا کچھ کیوں نہیں؟ میرے خیال میں سب ایسا نہیں سوچتے۔ ہو سکتا ہے وہ رشک کرتے ہوں۔ رشک کرنا برا نہیں۔ وہ اپنی بات تو کرتے ہیں لیکن دوسروں پر تنقید کرنے کی بجاۓ صبر و شکر سے کام لیتے ہیں۔ امیر کبیر لوگوں میں بھی صاحب ضمیر لوگ ہوتے ہیں۔ وہ اپنی امارت پہ نازاں نہیں ہوتے۔ وہ تکبر نہیں کرتے اور اپنے مال و اسباب کو اللہ کی دین سمجھتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ ان میں کچھ ایسے لوگ بھی ضرور ہوتے ہیں جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ ‘خدا حسن دیتا ہے تو نزاکت أہی جاتی ہے’ ۔ ناجائز ذرائع سے جمع کردہ مال و زر رکھنے والے ویسے ہی بے سکونی کے شکار ہوتے ہیں۔ وہ دولت کے لٹ جانے سے۔ خائف ہوتے ہیں۔ وہ بسا اوقات نا قابل علاج مرض میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔ ان کی تمام دولت امراض کے علاج پر خرچ ہو جاتی ہے مگر وہ جانبر نہیں ہو پاتے۔ یہ حالات ہمیں سبق سکھاتے ہیں کہ “کرو مہربانی تم اہل زمیں پر… خدا مہربان ہو گا عرش بریں پر”۔ ہمارے وہ حرماں نصیب تہی دست جو اللہ کی نعمتوں سے محروم ہیں، وہ نا صرف صبر و شکر سے کام لیں بلکہ اپنی حالت بہتر بنانے کی جستجو کریں اور اللہ کے آگے جھولی پھیلائیں۔ کیونکہ سب کا داتا صرف وہی ہے۔ اگر ہمارے ملک میں بسنے والے سب طبقات حسن سلوک کے ساتھ مل جل کر رہیں۔ کسی کو شکوے ہوں نہ شکائت۔ تو لوگوں کا یہ حیات آفریں سنگم یقینآ ہمیں اللہ کے قریب کر دے گا۔
یہاں ایک سوال یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ حکومتیں عوام کی مادی ضروریات کو پورا کرنے اور ان کے وسائل آمدن کو بہتر کرنے کے لئے کیا کرتی ہیں؟ روزگار کی فراہمی کے لئے کیا اقدامات کرتی ہیں؟ مہنگائی کے تدارک کے لئے کیا کوششیں بروۓ کار لاتی ہیں؟ یہ وہ سوالات ہیں جو عوام کی بڑی تعداد کے ذہنوں میں کلبلاتے ہیں۔ہمارے یہاں بیشتر سیاسی حکومتیں ان سوالات پہ توجہ کم دیتے ہیں۔ وہ عوام کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لئے خاطر خواہ منصوبہ بندی کرنے کی بجاۓ فقط جمہوریت کے راگ الاپتے الاپتے وقت گزارتے ہیں۔ جبکہ ان میں سے کچھ بد عنوانی اور نا اہلیت کے مرتکب ہوتے ہیں۔ قرضوں سے نجات حاصل کرنے کی بجاۓ ادھار کی معیشت چلاتے ہیں اور ناقدین سے ادھار کھاۓ بیٹھتے ہیں۔ یہ اگر ذمے داری سے کام کریں اور عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے کام کریں تو کسی حد تک عوام کے دلدر دور ہو سکتے ہیں۔ اللہ کرے ایسا ہی ہو۔
۔


