125 روپے پر 420 کی ایف آئی آر، سرکاری مشینری حرکت میں

(رانا ظفر جی)ڈرائیونگ لائسنس برانچ ڈیرہ غازی خان میں 125 روپے اضافی وصولی کے الزام پر محمد رمضان کے خلاف تھانہ سول لائنز میں ایف آئی آر نمبر 517/26 بجرم دفعہ 420 ت پ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔ سرکاری فیس 1525 روپے تھی، جبکہ شہری حسنین عباس سے 1650 روپے وصول کرنے کا الزام ہے۔ ایف آئی آر برانچ انچارج SI/TW راشد شبیر کی شکایت پر درج ہوئی۔
ملزم کے مؤقف کے مطابق اضافی 125 روپے واپس کرنے کی بات بھی سامنے آئی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ رقم وصولی کے کام میں ایزی پیسہ اور جاز کیش کی طرح سروس چارجز بھی ہوتے ہیں۔ تاہم رقم کی نوعیت اور وصولی کے طریقہ کار کی جانچ ضروری ہے۔
معمولی رقم کے تنازع پر سیدھا فوجداری مقدمہ درج کروانے کا فیصلہ کئی سوالات چھوڑ گیا ہے۔ کیا معاملہ بات چیت یا محکمانہ کارروائی سے حل نہیں ہو سکتا تھا؟
اب پولیس تفتیش، کاغذی کارروائی، عدالتی پیشیوں اور سرکاری ملازمین کا وقت صرف ہوگا، جس پر عوامی وسائل خرچ ہوں گے۔ سوال یہ بھی ہے کہ بڑی مالی بے ضابطگیوں اور سنگین عوامی شکایات پر قانون ایسی ہی تیزی دکھاتا ہے؟

اپنا تبصرہ لکھیں