یہ تخلیقی جہان کیا ہے؟- قاسم یعقوب

تخلیقی جہان سے مراد تخلیق کار کا وہ پورا فکری، نفسیاتی، جمالیاتی اور تجرباتی دائرہ ہے جس میں وہ سانس لیتا ہے، سوچتا ہے، الجھتا ہے اور فن پاروں کو جنم دیتا ہے۔ ہر بڑا تخلیق کار اپنے اردگرد اور اپنے اندر ایک ایسا جہان تعمیر کرتا ہے جس کی اپنی زبان ، اپنے فکری مسائل اور اپنی ’پوزیشن‘ ہوتی ہے۔
ہم کسی شعر کو پڑھتے ہوئے اس بات پر کم توجہ دیتے ہیں کہ اس کا مضمون کیا ہے۔ شاعر نے کس موضوع کو اپنا تخلیقی محرک بنایا ہے۔ عموماً شعر کی فنی و جمالیاتی حسیات ہی ہمارے سامنے ہوتی ہیں۔ اب یہ بات الگ سے تفصیل چاہتی ہے کہ مضمون سے کیا مراد ہے؟ مضمون محض یہ نہیں کہ شاعر نے کس کے بارے میں بات کی ہے یا شعر کا موضوع کیا ہے۔ مضمون شاعر کا وہ نقطۂ نظر بھی ہوتا ہے جس نے شعر کے ذریعے شاعر کی تخلیقی و فکری دنیا کو عیاں کیا ہے۔ شعر محض لفظوں کی ترتیب کا نام نہیں یا محض جمالیاتی و فنی اسلوب ہی نہیں بلکہ ادبی سطح پر زندگی کے بارے میں موقف اور طرزِ حیات کا ترجیحاتی بیان بھی ہے جسے بیانیہ بھی کہا جا سکتا ہے۔ شاعر جب شعر لکھنے بیٹھتا ہے تو خالی الذہن نہیں ہوتا، بلکہ اپنے اندر تعصبات، ترجیحات اور اقداری سطح پر لاتعداد گرہوں اور اُلجھنوں میں گھرا ہوا تخلیقی شخص ہے جو زندگی کے کسی ایک موقف یا مختلف نقطۂ ہائے نظر کے ساتھ صفحات پر اُترتا ہے۔ ہم تو بس شعر سنتے ہیں، اچھا لگتا ہے تو واہ واہ کرتے ہیں اور شاعر کو اچھا، بڑا یا عظیم قرار دے ڈالتے ہیں۔ ادب کی تفہیم و تعبیر اتنا سادہ کام نہیں جتنا ہم نے اسے سمجھ لیا ہے۔ ادب کی وجودیات کو سمجھنا بعض اوقات ادب کی تخلیق سے زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔
یہ تو تھی صرف ایک شعر کی بات۔
اب آگے چلیں تو شعر سے غزل اور پورے کلام کے شاعر کو دیکھا جائے تو یہ جاننا ضروری ہے کہ شاعر کن تخلیقی و نفسیاتی الجھنوں کو کھولنے میں مصروف عمل ہے۔ وہ اپنے کلام میں کہنا کیا چاہ رہا ہے؟ اس کے تخلیقی محرکات کیا ہیں اور وہ کون سی تخلیقی ’’پوزیشنز‘‘ رکھتا ہے؟
ویسے معذرت کے ساتھ ۔۔۔ ہمارے شاعر خصوصاً غزل کے شاعر کہنا کیا چاہ رہے ہوتے ہیں ۔ ان کا تخلیقی فکری متن کیا ہے پوری زندگی کے کل کلام سے معلوم نہیں ہو پاتا۔

’’پوزیشن رکھنا‘‘ آسان کام نہیں اور نہ ہی یہ ہر شاعر کا مسئلہ ہوتا ہے۔ اس کے لیے بہت بھاری تخلیقی شخصیت کا ہونا لازمی ہے۔یہ چھوٹے موٹے تخلیقی تجربات جو زیادہ تر احساساتی یا جذباتی نوعیت کے ہوتے ہیں، (اور بعض اوقات خوبسورت بھی ہوتے ہیں)بڑے تخلیقی متن کا موجب نہیں بن سکتے۔ بڑے فن کے لیے بڑا تخلیقی تجربہ اور بڑی نظریاتی پوزیشن کو رکھنا ضرروی ہے۔
ایک غزل سنیے یہ معروف شاعر کی معروف غزل ہے:
کوئی اتنا پیارا کیسے ہو سکتا ہے
پھر سارے کا سارا کیسے ہو سکتا ہے
تجھ سے جب مل کر بھی اداسی کم نہیں ہوتی
تیرے بغیر گزارا کیسے ہو سکتا ہے
کیسے کسی کی یاد ہمیں زندہ رکھتی ہے
ایک خیال سہارا کیسے ہو سکتا ہے
یار ہوا سے کیسے آگ بھڑک اٹھتی ہے
لفظ کوئی انگارا کیسے ہو سکتا ہے
کون زمانے بھر کی ٹھوکریں کھا کر خوش ہے
درد کسی کو پیارا کیسے ہو سکتا ہے
ہم بھی کیسے ایک ہی شخص کے ہو کر رہ جائیں
وہ بھی صرف ہمارا کیسے ہو سکتا ہے
کیسے ہو سکتا ہے جو کچھ بھی میں چاہوں
بول ناں میرے یارا کیسے ہو سکتا ہے

ذرا اس غزل کے اشعار کے موضوعات کیا ہیں! دیکھیے:
1. اس میں محبوب کے حسن کی انتہا اور اس کے مکمل طور پر حسین ہونے پر حیرت ظاہر کی گئی ہے۔
2. اس میں محبوب کے قرب میں بھی موجود اداسی اور اس کے بغیر جینے کی ناممکنیت کا ذکر ہے۔
3. اس میں محض ایک خیال یا یاد کے سہارے زندہ رہنے کی کیفیت کو بیان کیا گیا ہے۔
4. اس میں کسی کہے گئے لفظ کے اندر چھپی شدت اور جلانے یا بھڑکانے کی طاقت کا اظہار ہے۔
5. اس میں زمانے کے دکھ سہے بغیر یا باوجود درد سے لگاؤ رکھنے کی کیفیت پر سوال اٹھایا گیا ہے۔
6. اس میں خود کو کسی ایک کے لیے وقف کر دینے اور دوسرے کو صرف اپنا کر لینے کی آرزو اور بے بسی دکھائی گئی ہے۔
7. اس میں ہر خواہش کے پورا نہ ہو سکنے کی حقیقت اور محبوب سے اسی بات کا اعتراف کرانے کی التجا کی گئی ہے۔
مسئلہ یہ ہے کہ صرف غزل ہی نہیں،پورے ادب میں بہت کم تخلیق کار ایسے ہوتے ہیں جو باقاعدہ کوئی تخلیقی نظام رکھتے ہیں، جو کسی بڑے تخلیقی مسئلے میں الجھے ہوتےہیں اور اپنے متن میں کسی بڑی تخلیقی پوزیشن کے ساتھ موجود ہوتےہیں، ورنہ عموماًہر تخلیق کارمحض یہی روایتی اور عام فہم مضامین سے ہی حظ اٹھا رہا ہوتا۔

اسی تناظر میں افسانہ، ناول اور دوسرے تخلیقی اصناف کو بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی تخلیقات میں کن تخلیقی مسائل کو پیش کر رہی ہیں۔ ان اصناف کی ادبی شراکت کیا ہے؟ محض اچھی کہانیاں لکھنا بڑا ادب نہیں ہوتا۔ اور نہ نظموں غزلوں کے روایتی مضامین کا ڈھیر لگا دینا بڑاتخلیقی ادب ہے

اس ضمن میں تنقید کا کردار اور بھی اہم ہو جاتا ہے۔ یہ دیکھا جانا ضروری ہے کہ تنقید کیا بریک تھرو کر رہی ہے۔کن نئے سوالوں کو پیش کر رہی ہے۔ کن جوابوں کی تلاش میں ہے۔ہم تنقید کو محض مضمون نگاری سمجھتے ہیں جو کسی فن پارے کی تشریح کرتی ہو یا زیادہ سے زیادہ تحسین کرتی ہو۔ ناقد علوم کا جہان ہوتا ہے۔ وہ جاننے سے زیادہ بتانے یا کہنے سے پہچانا جاتا ہے۔ یعنی ایک نقاد نے کیا کہنا چاہا؟ اس کے ادبی معیارات کیا ہیں اور وہ کن اہم مباحث کو پیدا کرنے میں کامیاب ہوا ہے؟ اس نے کتنے نئے فکری امکانات کو روشن کیا ہے؟ اس کی وجودیات کا بنیادی مسئلہ کیا ہے؟ وہ کن کن میدانوں میں اپنے فکری چراغ روشن کر رہا ہے؟ اسے کن تخلیقی الجھنوں نے اُلجھائے رکھا ہے اور وہ کن نفسیاتی، تہذیبی اور فنی گرہوں کی گرہ کشائی میں مصروف ہے؟ ظاہری بات ہے اس ضمن میں وزیر آغا، عسکری، سلیم احمد، فاروقی یا نارنگ کی دنیا ہزار جلوہ ہائے رنگ دکھائی دے گی۔ کوئی گوشہ ایسا نہیں ہوگا کہ جن پر انھوں نے اپنا موقف نہ دیا ہو یا تخلیقی اقدار کو جنم نہ دیا ہو۔

ادب کی پڑھت کے پرانے طریقے اب متروک ہو چکے ہیں۔ تخلیق کار اور ناقد کو اس کے ’’پھیلاؤ‘‘ میں دیکھا جانا چاہیے ۔ اس کی شراکت سے پہچانا جانا چاہیے کہ اس نے ادب یا مجموعی فکری روایت میں کیا حصہ ڈالا ہے۔ محض اچھے شعر، روایتی مضامین کی داد پا لینا اور مشہور ہو جانا ادبی معیار نہیں کہلا سکتا۔

اپنا تبصرہ لکھیں