وہ بچہ
کونے والے مکان کے نیلے جنگلے کے اس طرف
معصومیت کا پیکر
گریبان چاک، بکھرے ہوئے بال
تھکن اور خوف کا مجسمہ
عمر کوئی دس سال
وہ کون ہے؟
وہ ایسا کیوں ہے؟
بجھا بجھا سا
شرارت، مسکراہٹ کی دنیا سے بیگانہ
کیا اس نے کبھی اسکول دیکھا ہے
یا کوئی کھیل کا میدان
یا کوئی پارک
وہ ایسا کیوں ہے؟
ہمسائے سے پوچھا
’کوئی نو کر ہو گا‘
پھر پوچھا
’آپ کیوں اس کے غم میں گھل رہے ہیں؟‘
وہ ایسا کیوں ہے؟
کتنا سادہ سوال ہے
لیکن
کوئی اس کا جواب نہیں دیتا
جستجو جنون بن گئی
جواب مل گیا
وہ بچہ انسان نہیں ہے
وہ ایک جائداد ہے
اس مکان کے بیمار مکین کی
جس کے خدمت گزار ہی چور نکلے
دوائیں اور قیمتی اشیاء لے گئے
تو مکین نے بچہ خرید لیا
ایک دس سالہ خدمت گزار
ہفتے کے ساتوں دن
چوبیس گھنٹے کی ڈیوٹی
چوروں سے بچنے کے لیے
مکین نے ڈاکہ ڈالا
ایک بچے کی زندگی پر!


