آج کے افراتفری اور خود غرضی کے دور میں کسی بھی کلب یا تنظیم کے مسلسل خدمت کے دس سال پورے کرنا ایک بڑی بات ہے۔ حال ہی میں پنجاب کی سب سے بڑی سیاحتی تنظیم ”وسیب ایکسپلوررز” نے اپنے دس سال پورے ہونے پر ملتان میں اپنی سالگرہ منائی جس میں مختلف دلچسپ تقریبات کا انعقاد کیا گیا تھا۔
قیام و مقاصد ؛
وسیب ایکسپلورر کی بنیاد 2016 کو ڈیرہ غازی خان میں جناب ڈاکٹر مزمل حسین صاحب (بائیکر، فوٹوگرافر اور جناب شعیب رضا صاحب (ایکسپلورر، فوٹوگرافر و رائٹر) نے رکھی تھی جس کا مقصد قریبی ساتھیوں کو جوڑ کے ایک ایسا گروپ تشکیل دینا تھا جو اپنے موجودہ وسائل میں سیاحت و آثارِ قدیمہ کے ذریعے ملک کا روشن چہرہ دنیا کو دکھا سکیں اور اپنے جیسے آوارہ گردوں کو اس طرف راغب کریں۔
میں اکیلا ہی چلا تھا جانبِ منزل مگر
لوگ ساتھ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا
آہستہ آہستہ اس تنظیم میں وسیب بھر کے لوگ شامل ہوتے گئے اور اس کا حجم بڑھتا رہا۔ وسیب ایکسپلورر محض ایک سیاحتی تنظیم یا بائیکر گروپ نہیں بلکہ وسیب کی شناخت اور اس کے غیر معروف ورثے کو اجاگر کرنے کی ایک منظم کوشش ہے۔ اس کا بنیادی مقصد تو سرائیکی وسیب کے ایسے علاقوں مین سیاھت کو پروموٹ کرنا تھا جن کے بارے میں عوام النسا کو زیادہ آگاہی نہیں تھی جیسے رونگھن، بارتھی، مٹ چانڈیہ، ماڑی، بیل بتر، سورہ ہِل، خیرگڑھ وغیرہ لیکن وقت کے ساتھ ساتھ اس تنظیم کا دائرہ کار پھیلتا گیا اور آج خنجراب سے کراچی تک اور پاکستان سے اٹلی و برطانیہ تک میںاس کے ممبرز موجود ہیں۔
وسیب ایکسپلورر کی سرگرمیاں ؛
وسیب ایکسپلوررز نے گزشتہ برسوں میں متعدد شعبوں میں کام کیا ہے جن میں سکوٹری سیاحت (کوہ ِ سلیمان سمیت پنجاب، خیبر، گلگت بلتستان، کشمیر و سندھ کے بائیک ٹورز)، تاریخی ورثے کی کھوج (کئی مساجد، حویلیوں، مندر، گوردواروں اور مزارات کی کھوج) فوٹوگرافی و سفرنامہ نگاری ( فوٹو واکس، فوٹوگرافی مقابلوں، کتب نویسی اور سیاحتی اجتماعات کے ذریعے نئے لوگوں کو اس شعبے کی طرف راغب کیا گیا ہے)، قدرتی سیاحت (جس میں کئی پہاڑی و صحرائی علاقوں کو دنیا کے سامنے لایا گیا ہے) اور فلاحی کام (جیسے سیلاب میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد اور خشک سالی میں پانی کی فراہمی) شامل ہیں۔
وسیب ایکسپلورر کے ارکان نے اپنے برادر کلب، کراس روٹ بائیکر کلب
کے ساتھ ایران، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے موٹر بائیک ٹورز میں بھی شرکت کی ہے۔
اس کے علاوہ ملتان سے گوادر، ہنگول نیشنل پارک، خنجراب، اورکزئی ایجنسی، خیبر ایجنسی، تھرپارکر اور مکران کوسٹل ہائی وے کے سفر بھی اس گروپ کی سرگرمیوں کا حصہ رہے ہی۔
خصوصیات ؛
بہت سی جگہیں ہمارے آس پاس تو ہوتی ہیں مگر ہم ان کی اہمیت سے واقف نہیں ہوتے۔ وسیب ایکسپلوررز نے ایسے کئی دور دراز علاقوں کو متعارف کروایا جو وسائل کی کمی کا شکار تھے اور دنیا کی نظروں سے اوجھل تھے۔ ان میں زندہ پیر، گُلکی، ماڑی، مُبارکی، یکبائی، گرم چشمہ، مٹ چانڈیہ، نوروز آبشار، گربن، تونسہ بیراج شامل ہیں۔
تنظیم نے ان جگہوں پر بائیک رائیڈز، فوٹو واکس اور کیمپنگ نائٹس کا اہتمام کر کے انہیں سوشل میڈیا پہ ہائی لائیٹ کیا اور پھر کئی سیاحوں نے یہاں کا رُخ کیا۔ اس کا کریڈٹ یقیناً ڈاکٹر مزمل حسین کی قیادت میں اہلیانِ وسیب ایکسپلوررز کو جاتا ہے کہ اس نے کوہِ سلیمان کو مشہور کر دیا ہے۔
راقم کا تعلق ؛
راقم نے اس تنظیم کو اپریل 2018 میں سوشل میڈیا کے ذریعے جوائن کیا تھا یعنی قیام کے چند ماہ بعد۔ اُن دنوں میں ایکسپریس میگزین سمیت دیگر پرنٹ و سوشل میڈٰیا پہ تاریخ و ثقافت سے متعلق مختلف تحریریں و سفرنامے لکھتا تھا۔ چونکہ راقم کے مشاغل بھی تنظیم سے میل کھاتے تھے سو وقتاً فوقتاً ان کی سرگرمیوں کا حصہ بنتا رہا اور آج راقم وسیب ایکسپلورر کا میڈیا کوآرڈینیٹر و فوکل پرسن ہے۔
جشنِ وسیب اور دیکھ لو ملتان ؛
امسال اس تقریب کا آغاز ایک رات پہلے جشنِ وسیب سے ہوا۔ ملتان کے قدیم گھنٹہ گھر کے صحن میں قوالی کا اسٹیج لگایا گیا۔ کھانوں کی اشتہاء انگیز خوشبو کے ساتھ ساتھ گرما گرم چائے اور میٹھا حلوہ بھی تھا۔ تمام دوست سفید سوٹ اور نیلی اجرک میں ملبوس تھے۔ یہاں بائیکر طاہر جونیئر صاحب نے خوب رنگ جمایا۔
اگلے دن تمام شرکاء ملتان قلعے کے باہر ہیریٹیج لائبریری کیفے میں جمع ہوئے جہاں کمشنر ملتان جناب عامر کریم خان صاحب نے ربن کاٹ کر ایونٹ کا افتتاح کیا۔
میونسپل پبلک لائبریری تاریخی قلعہ کہنہ قاسم باغ کے احاطے میں واقع ہے۔ 1849ء میں بر طانوی قبضے کے بعد قلعے کا بڑا حصہ مسمار کر دیا گیا اور اس علاقے کو عوامی و انتظامی مرکز کی حیثیت دی گئی۔ برطانوی دور میں یہاں متعدد سرکاری عمارتوں، عجائب گھر اور عوامی کتب خانے قائم کیے گئے۔ یہ کتب خانہ، جو ابتدا میں ملتان ڈسٹرکٹ لائبریری کہلاتا تھا، بعد ازان میونسپل پبلک لائبریری کے نام سے معروف ہوا اور شہر کے اہم علمی و تعلیمی مراکز میں شامل ہو گیا۔
یہ لائبریری طویل عرصے سے طلبہ، محققین اور عام قارئین کو کتب، نادر مخطوطات سرکاری ریکارڈ اور تاریخی دستاویزات تک رسائی فراہم کرتی آرہی ہے اور ملتان کے علمی و ثقافتی ورثے کی ایک اہم علامت ہے۔
یہاں دور دراز سے آئے سیاح دوستوں سے ملاقاتیں، ان کے سفر کی داستانیں اور ملتان کی تاریخ پر گفتگو کرنا یقیناً یادگار لمحات تھے۔
والڈ سٹی اور ہیریٹیج کیفے کی طرف سے پُرتکلف ناشتے کے بعد موٹر بائیکس کو لائن میں لگایا گیا اور کار سوار دوست ڈبل ڈیکر بس پہ سوار ہوئے جو ٹی ڈی سی پی کی طرف سے فراہم کی گئی تھی۔
بوہڑ گیٹ کے باہر تمام شرکاء اکٹھے ہو کر مشہور گائیڈ عامر بشیر عرف بانکے میاں کی سربراہی میں اندرون ملتان کی گلیوں میں تاریخ کھوجنے نکلے۔
میں اکثر سوچتا ہوں کہ ملتان کی ان صدیوں پرانی گلیوں کے نیچے کتنی تاریخ سو رہی ہوگی۔۔۔؟ کتنے قافلے یہاں سے گزرے ہوں گے۔۔۔؟ کتنی تہذیبوں نے یہاں زندگی گزاری ہوگی۔۔۔۔؟ کتنی نسلوں کی یادیں ان راستوں سے وابستہ ہوں گی اور کتنی تاریخی نشانیاں وقت کی گرد میں گم ہو چکی ہوں گی۔۔۔۔؟
واقعی، ملتان کو سمجھنا ہو تو اس کی قدیم گلیوں میں اترنا پڑتا ہے، کیونکہ اصل ملتان انہی گلیوں میں ملتا ہے۔ دو گھنٹے کی فوٹو واک کے بعد سب ملتان شہر کے مشہور ادارے یونیورسٹی آف سدرن پنجاب پہنچے جہاں تازہ دم ہونے اور نماز کے بعد وسیب ایکسپلوررز کی طرف سے ظہرانہ دیا گیا اور لگ بھگ دو بجے سیمینار کا آغاز ہو گیا۔
مختلف پریزنٹیشنز، سفری داستانوں اور تقریروں کے بعد راقم نے وسیب ایوارڈز کا اعلان کیا جس میں اس سال بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو بہترین بائیکر، ٹریکر، لکھاری، فوٹوگرافر، کھوجی اور کلب کے ایوارڈز پیش کیئے گئے۔
راقم کو بھی تنظیم سے نو سالہ مسلسل اور بہترین تعلق، سفرناموں، نت نئی جگہوں کو سامنے لانے اور سیاحت میں ایک دہائی سے بھی زیادہ کام کرنے پر ‘لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ” سے نوازا گیا جس پر میں وسیب ایکسپلورر تنظیم اور ڈاکٹر مزمل حسین صاحب کا ممنون ہوں۔ یقیناً یہ مجھ جیسے طالب علم کے لیئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ اختتام پر کوئز سیشن ہوا اور کیک کاٹا گیا جس کے بعد سب دوست اپنے اپنے گھروں کو چل دیئے۔
اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو کوئی نہ کوئی صلاحیت ضرور دی ہوتی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ ہم ان صلاحیتوں کے ساتھ کیا کر رہے ہیں ؟
کیا ہم اپنے شہر، اپنے معاشرے، اپنے ملک اور آنے والی نسلوں کے لیے بھی کچھ کر رہے ہیں؟
یاد رکھیے! آپ سے صرف یہ نہیں پوچھا جائے گا کہ زندگی کیسے گزاری، اللہ کی عطا کردہ صلاحیتوں کو کہاں استعمال کیا، اس کی جواب دہی کا احساس بھی اپنے اندر پیدا کیجیے۔
ہر شخص بھلے ہی بائیکر یا رائٹر نہیں بن سکتا ۔لیکن ہر انسان اپنے دائرے میں کوئی نہ کوئی مثبت تبدیلی ضرور لا سکتا ہے۔ بڑا انسان وہ نہیں جو صرف اپنے لیے بڑا بن جائے، بڑا انسان وہ ہے جس کی صلاحیتوں سے دوسروں کی زندگیاں بھی بہتر ہونے لگیں۔
اور الحمد لِلّٰہ، وسیب ایکسپلوررز نے بہت سے دوستوں کو جوڑا ہے اور اس گھٹن زدہ ماحول میں بھی لوگوں کو جینا سکھایا ہے۔
آخر میں نوجوانوں سے اتنا کہنا چاہوں گا کہ اٹھیں اور ملک کے لیئے تنظیمی لیول پر کوئی ایسا کام کریں جس سے پاکستان کا نام روشن ہو۔
(تقریب کے دو دن بعد ہمارے پیارے دوست عثمان شجرا ایک حادثے میں وفات پا گئے تھے، اللہ کریم ان کی مغفرت فرمائے،آمین)


